• Sun, 12 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دالوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے منصوبوں کا اجراء

Updated: October 12, 2025, 9:59 AM IST | New Delhi

وزیراعظم مودی نے ۳۵؍ ہزار کروڑ روپے کی ۲؍ اسکیمیں  شروع کیں، کم پیداوار والے ۱۰۰؍ اضلاع میں  پیدا وار بڑھانے پر بھی توجہ۔

Prime Minister Modi and Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan during a program at the Indian Agricultural Research Institute. Photo: INN
وزیراعظم مودی ا ور وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں  پروگرام کے دوران۔ تصویر: آئی این این

وزیراعظم نریندر مودی نے سنیچر ۳۵؍یزار ۴۴۰؍ کروڑ روپے کے دو بڑے زرعی منصوبے شروع کئے جن کا مقصد دالوں کی پیداوار میں اضافہ اورکم زرعی پیداوار والے ۱۰۰؍ اضلاع میں زرعی شعبے کی ترقی کو فروغ دینا شامل ہے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی درآمدات پر انحصار کم کریں اور برآمدات میں اضافہ کریں۔ 
انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(آئی اے آر آئی) کے پُوسا کیمپس میں ایک خصوصی تقریب کے دوران مودی نے ’’پردھان منتری دھن دھانیہ کرشی یوجنا‘ کیلئے ۲۴؍ ہزار کروڑ روپے اور دالوں  کے محاذ پر ملک کو خود کفیل بنانے کےمشن کیلئے ۱۱؍ ہزار ۴۴۰؍کروڑ روپے کے منصوبوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے زرعی، مویشی پروری، ماہی گیری اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں ۵؍ہزار ۴۵۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور تقریباً۸۱۵؍ کروڑ روپے کے منصوبوں کی بنیاد رکھی۔ اپنی۳۰؍ منٹ کی تقریر میں، مودی نے کانگریس حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کے پاس زرعی شعبے اور اس سے وابستہ صنعتوں کی ترقی کوئی وژن تھا، نہ کوئی حکمتِ عملی، جس کی وجہ سے زرعی نظام کمزور ہوا۔ 
وزیراعظم نےاعلان کیا کہ مرکزی حکومت ۳۵؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرےگی جس سےکروڑوں کسانوں کی زندگی میں  تبدیلی آئے گی۔ یہ دونوں اسکیمیں، جنہیں کابینہ نے پہلے ہی منظور کر لیا ہے، آئندہ ربیع سیزن سے لے کر مالی سال۳۱-۲۰۳۰ءتک نافذ کی جائیں گی۔ مودی نے کہا کہ کسان ترقی یافتہ بھارت (وِکست بھارت)۲۰۴۷ء کے ہدف کو حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ’’آپ (کسانوں ) نے آزادی کے بعد ہندوستان کو اناج کے معاملے میں خودکفیل بنایا۔ اب آپ کو ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں اپنا رول ادا کرنا ہے۔ ‘‘ وزیراعظم نے ہندوستان کی زرعی پیدوار کے ایکسپورٹ کو بڑھانے کا خواب دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں ایک طرف خودکفیل بننا ہے اور دوسری طرف عالمی مارکیٹ کیلئے پیداوار بڑھانی ہے۔ ہمیں بین الاقوامی منڈی کے دروازے کھٹکھٹانے ہیں۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں درآمدات کم کرنی ہیں اور برآمدات بڑھانے میں پیچھے نہیں رہنا۔ ‘‘ مودی نے امید ظاہر کی یہ دونوں اسکیمیں ان مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گی۔ 
وزیراعظم نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ صرف گیہوں اور چاول پر انحصار نہ کریں بلکہ دالوں پر توجہ دیں۔ انہوں  نے نشاندہی کی کہ ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ دالیں  پیدا کرنےوالا ملک ہے مگردالوں  کا سب سے بڑا صارف بھی ہے۔ اس محاذ پرہمیں درآمدات پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ دالوں  کی پیداوار میں  ملک کو خود کفیل بنانے کے مشن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ۲۰۳۰ء تک دالوں کیلئے زیرِ کاشت رقبے میں ۳۵؍ لاکھ ہیکٹر کا اضافہ کرنے کا ہدف ہے تاکہ پیداوار۲۵۲ء۳۸؍ لاکھ ٹن سے بڑھا کر۳۵۰؍لاکھ ٹن تک پہنچائی جا سکے۔ اس بیچ وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے وزیراعظم مودی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں اناج کی پیداوار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ اب خوراک کے معاملے میں ملک کو خود کفیل بنانے کیلئے دالوں کی پیداوار میں اضافہ کرنا ضروری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK