Inquilab Logo

الیکشن سے قبل گجرات میں متعدد پروجیکٹوں  کا آغاز

Updated: September 30, 2022, 10:22 AM IST | surat

وزیراعظم نے ۳۴۰۰؍ کروڑ کے مالیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ، شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانےکے بھی کئی پروجیکٹ شامل

Prime Minister Modi along with Gujarat Chief Minister Bhupinder Patel and other leaders on the occasion of the inauguration and foundation stone of the projects. (PTI)
وزیراعظم مودی گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور دیگر لیڈروں کے ساتھ پروجیکٹوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کے موقع پر ۔ (پی ٹی آئی)

 وزیر اعظم نریندر مودی  جمعرات کو گجرات کے ۲؍ روزہ دورہ پر پہنچ گئے۔ یہاں اس سال کے اواخر میں اسمبلی الیکشن ہونے ہیں۔اس سے قبل وزیراعظم نے جمعرات کو سورت شہر کیلئے   ۳۴۰۰؍ کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں  کا سنگ بنیاد رکھا اورانہیں قوم کے نام وقف کردیا۔ ان میں  پانی کی سپلائی، گندے پانی کی نکاسی،  بایو ڈائیورسٹی پارک، ڈریم سٹی پروجیکٹ  اور دیگر ترقیاتی پروجیکٹ شامل ہیں۔ پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ہی  وزیراعظم  مودی  نے سورت کو تیز رفتاری سے ترقی پزیر شہر بتایا  ۔
 وزیر اعظم نے ہیرے کی تحقیق اور مرکنٹائل ( ڈریم )سٹی کے خاص داخلہ اور سڑک کے بنیادی ڈھانچوں کے کاموں کیلئے شروع کئے گئے پہلے  مرحلے  کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور دوسرے مرحلے کا  سنگ  بنیاد  رکھا ۔اس کے علاوہ وزیر اعظم نے بایو ڈائیورسٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھا جوڈاکٹر ہیڈگوارپل سے بھیم راڈ – بام رولی پل تک۸۷؍ ہیکٹرسے زیادہ اراضی میں بنایا جارہا ہے۔ وزیراعظم  نریندر مودی نے سورت میں ایک سائنس سینٹر میں کھوج میوزیم کا بھی افتتاح کیا۔
 اس موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نوراتری کے مو قع پر سورت میں آئندہ پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ساتھ کثیر مقصدی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کیلئے موقع حاصل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ہلکے پھلکے انداز میں انہوں نے مزید کہا کہ ذائقہ دار پکوانوں کی سرزمین میں  سورت آنا تھوڑا مشکل تو ہے جبکہ ان جیسا انسان یا شخص نوراتری کے ورت رکھ رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ ۷۵؍ امرت سرووروں کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سورت شہر عوام کی یکجہتی اور لوگوں کی شراکت دونوں کی ایک شاندار اورنہایت عمدہ  مثال ہے۔ سورت کی سب سے بڑی خصوصیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایک ایسا شہر ہے جو مزدوروں کا پوری طرح  احترام کرتا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ ہندوستان کا کوئی خطہ ایسا نہیں ہوگا جہاں کے لوگ سورت کی سرزمین پر نہ رہتے ہوں۔یہ ایک طرح کا منی ہندوستان ہے۔
  وزیراعظم نے ’پی پی پی‘ شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سورت میں  ’۴؍پی‘ یعنی   پیپلس،پبلک  ،پرائیویٹ پارٹنر شپ کا  ماڈل  اس شہر کو مخصوص بناتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ’’آج سورت کادنیامیں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شمار ہوتا ہے۔بہت دنوں  پہلے کی بات نہیں ہے  جب اس شہر کانام وبائی امراض اور سیلاب کی وجہ سے بدنام کیا گیا تھا۔‘‘  
 مرکز اور ریاست دونوں جگہ بی جےپی کی سرکار  کے مثبت اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے مودی  نے کہا کہ سورت کے غریب اور متوسط ​​طبقےکےکنبوں کومکانات کی تعمیر اور دیگر سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔  آیوشمان بھارت اسکیم سے حاصل ہونے والے فوائدکا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے  نشاندہی کی کہ ملک میں اب تک تقریباً۴۰؍ملین  غریب مریضوں کو مفت علاج حاصل ہوا ہے۔ 

gujarat Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK