گجرات کی امریلی سیشن عدالت نے تین افراد کو گائے کےذبیحہ کے الزام میں گجرات اینیمل پریزرویشن ایکٹ کے تحت عمر قید کی سزا سنائی جس کے ساتھ ان پر۱۸؍ لاکھ روپے سے زیادہ کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
EPAPER
Updated: November 13, 2025, 3:00 PM IST | Ahmedabad
گجرات کی امریلی سیشن عدالت نے تین افراد کو گائے کےذبیحہ کے الزام میں گجرات اینیمل پریزرویشن ایکٹ کے تحت عمر قید کی سزا سنائی جس کے ساتھ ان پر۱۸؍ لاکھ روپے سے زیادہ کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
امریلی، گجرات میں ایک سیشن کورٹ نے منگل کو تین افراد کو گائے کے ذبیحہ کے الزام میں گجرات اینیمل پریزرویشن ایکٹ کے تحت عمر قید کی سزا سنائی۔ یہ قانون ریاست میں گائے فیملی کے جانوروں کے قتل پر پابندی عائد کرتا ہے۔ سیشن جج رضوانہ بخاری نے قاسم سولنکی، ستار سولنکی، اور اکرام سولنکی کو مجرم قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے یہ عمل جانتے ہوئے کیا کہ ہندو مذہب میں گائیں مقدس سمجھی جاتی ہیں۔ عدالت نے تینوں پر مجموعی طور پر۱۸؍ لاکھ روپے سے زیادہ کا جرمانہ بھی عائد کیا۔
یہ بھی پڑھئے: بہار : پُر جوش پولنگ میں مسلم ووٹنگ کا اہم کردار
خصوصی پبلک پراسیکیوٹر چندریش مہتا نے کہا کہ یہ گجرات میں پہلا کیس ہے جس میں تین افراد کو ایک ہی گائے کے ذبیحہ کے کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ تینوں افراد نومبر۲۰۲۳ءمیں پولیس کی شکایت کے بعد گرفتار ہوئے جس میں کانسٹبل ونراج منجاریا نے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے بہارپارہ، موٹا کھٹکی واڑ میں ایک گائے کو ذبح کیا اور اس کے جسم کے باقیات نالے میں پھینک دیئے جس سے ہندو جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ پولیس نے بعد میں ملزمان سے منسلک ایک گھر پر چھاپہ مارا اور۴۰؍ کلو گائے کا گوشت، جانور کے باقیات، چاقو، ترازواور ایک گاڑی برآمد کی۔ اکرام سولنکی کو موقع پر گرفتار کیا گیا جبکہ باقی دو ابتدا میں فرار ہو گئے لیکن بعد میں خود پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی بم دھماکہ: جانچ کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی
گجرات اینیمل پریزرویشن ایکٹ کے تحت الزامات کے علاوہ، ملزمان پر ہندوستانی فوجداری قوانین کے مختلف سیکشنز کے تحت بھی مقدمہ درج تھا۔ ریاستی وزیر جیتو واگھانی نے اس فیصلے کو ’’تاریخی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گائے کےذبیحہ میں ملوث افراد کیلئے واضح انتباہ ہے۔ انہوں نے کہا، ’’گائیں ہندوستانی ثقافت اور ہندوؤں کے عقیدت کا مرکز ہیں۔ گجرات حکومت گائے کے قتل جیسے جرائم میں کوئی نرمی نہیں دکھائے گی۔ ‘‘ انہوں نے ریاست کی گایوں کے تحفظ کے عزم پر زور دیا۔