• Thu, 09 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہیال، گجرات: گربا تقریب پر پتھراؤ کے بعد اقلیتوں کے خلاف بلڈوزر کارروائی

Updated: October 09, 2025, 6:03 PM IST | Gandhinagar

گجرات کے گاندھی نگر ضلع کے بہیال گاؤں میں گربا تقریب کے دوران پتھراؤ معاملے میں انتظامیہ نے اقلیتوں کے خلاف بلڈوزر کارروائی کی۔ جمعرات کی صبح گاؤں جانے والی سڑک پر غیر قانونی تجاوزات کے نام پر اقلیتوں کی املاک مسمار کی گئی۔

Bulldozers were driven over minority properties in the name of illegal construction in Bahiyal village of Gandhinagar. Photo: X
گاندھی نگر کے بہیال گاؤں میں غیر قانونی تعمیرات کے نام پر اقلیتوں کی املاک پر بلڈوزر چلا دیا۔تصویر: ایکس

گاندھی نگر کے بہیال گاؤں میں گربا تقریب کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے بعد انتظامیہ نے جمعرات کی صبح سپریم کورٹ کے حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کارروائی کی اور غیر قانونی تعمیرات کے نام پر اقلیتوں کی املاک پر بلڈوزر چلا دیا۔ پولیس کی بھاری سیکوریٹی کے درمیان گاؤں جانے والی سڑک پر تجاوزات کو منہدم کیا گیا۔ انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے ۱۹۰؍ غیر قانونی تعمیرات کے مکینوں اور مالکان کو نوٹس جاری کرکے ۲؍ دن کی مہلت دی تھی کہ وہ اپنی تعمیرات کے قانونی ہونے کے ثبوت پیش کریں۔ انتظامیہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بدھ کی شام تک کسی نے ثبوت پیش نہیں کیا اس لئے جمعرات کی صبح انہدامی کارروائی کی گئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ میں پھر شرمندگی کا سامنا

اس ضمن میں گاندھی نگر کے ایس پی روی تیجا وسام شیٹی کے مطابق ’’مجموعی طور پر ۱۸۶؍ تجارتی اسٹرکچر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ مسماری کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ایس ڈی ایم، پنچایت عہدیدار، اور ۳۰۰؍ سے زائد پولیس اہلکار موجود ہیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پتھراؤ میں ملوث افراد کی جائیدادوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے، اور انہی کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ ۱۹۰؍ تجاوزات میں سے ۱۳۵؍ رائے پور گھمیج کروالی روڈ پر جبکہ ۵۱؍ بہیال روڈ ہتھی جن پر واقع تھیں۔ تمام غیر قانونی ڈھانچوں کو بلڈوزر کے ذریعے ہٹایا جا رہا ہے۔‘‘

یاد رہے کہ پرتشدد واقعات کی شروعات اس وقت ہوئی جب بہیال گاؤں کے ایک ہندو نوجوان نے سوشل میڈیا پر ’’آئی لو محمدؐ‘‘ کے نعرے والے بینر پر تبصرہ کیا، جو کانپور (اتر پردیش) میں لگایا گیا تھا۔ اس تبصرے کے بعد گاؤں کے کچھ مسلم نوجوان مشتعل ہوگئے اور انہوں نے اس نوجوان کی دکان سمیت دیگر قریبی اسٹورز کو نقصان پہنچایا۔ خبروں کے مطابق مشتعل ہجوم نے گربا تقریب پر بھی پتھراؤ کیا۔ اس ضمن میں پولیس نے ۸۳؍ معلوم اور ۲۰۰؍ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ اب تک ۶۰؍ سے زائد گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK