Updated: September 09, 2026, 7:02 PM IST
| London
آسٹریلیا کی سابق بلے باز، کوچ اور منتظم لیہ پولٹن انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کی گئی ہیں۔ وہ کلیئر کونر کی جگہ ذمہ داری سنبھالیں گی۔ پولٹن کو انگلینڈ کی خواتین کی بین الاقوامی ٹیم اور نوجوان و باصلاحیت کھلاڑیوں کی ترقی کے نظام کی کامیابی کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔
آسٹریلیا کی سابق بلے باز، کوچ اور منتظم لیہ پولٹن انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کی گئی ہیں۔ وہ کلیئر کونر کی جگہ ذمہ داری سنبھالیں گی۔ پولٹن کو انگلینڈ کی خواتین کی بین الاقوامی ٹیم اور نوجوان و باصلاحیت کھلاڑیوں کی ترقی کے نظام کی کامیابی کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آسٹریلیا میں خواتین کرکٹ کو آگے بڑھانے میں ان کے متاثر کن ریکار ڈ کو تقرری کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔پولٹن نے ۲۰۱۵ء میں ریٹائرڈ ہونے سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے ۹۰؍ بین الاقوامی میچ کھیلے۔ گزشتہ چھ برس سے وہ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز میں ایلیٹ ویمنز کرکٹ کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جہاں وہ دو ویمنز بگ بیش لیگ فرنچائزز، خواتین کی ریاستی کرکٹ اور خواتین کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ترقی کے نظام کو سنبھالتی ہیں۔ اس سے قبل وہ کرکٹ آسٹریلیا میں تین برس تک ہائی پرفارمنس کوچ رہیں اور آسٹریلیا کے خواتین ہائی پرفارمنس پاتھ وے کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جس میں آسٹریلیا اے اور انڈر۱۹؍ خواتین ٹیموں کی تشکیل بھی شامل تھی۔
یہ بھی پڑھئے:پریتی زنٹا نے کہا :اداکار صرف اپنی محنت اور کارکردگی کو کنٹرول کر سکتے ہیں
اپنے نئے عہدے پر پولٹن انگلینڈ ویمنز، انگلینڈ ویمنز اے، انگلینڈ ویمنز انڈر ۱۹؍ اور خواتین کے مجموعی ہائی پرفارمنس نظام کی کارکردگی کی ذمہ دار ہوں گی۔ وہ نومبر میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گی، جبکہ اگلے موسم گرما میں انگلینڈ کو ویمنز ایشیز کی میزبانی کرنی ہے۔ کلیئر کونر نے رواں سال کے اوائل میں ۱۸؍ سالہ کریئر کے بعد ای سی بی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ پولٹن انگلینڈ ویمنز کی ہیڈ کوچ شارلٹ ایڈورڈز اور کپتان نیٹ سکیور برنٹ کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔
پولٹن نے کہاکہ میں انگلینڈ سے وابستہ ہونے اور اس کے پروگراموں کو تشکیل دینے، سب سے بڑھ کر اپنے لوگوں میں سرمایہ کاری کرنے کا موقع ملنے پر بے حد پرجوش اور خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں۔ میں شارلٹ، نیٹ اور پوری ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں۔ ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو رچرڈ گولڈ نے کہا کہ گزشتہ سال مقرر کی گئی ایڈورڈز کی قیادت میں سینئر خواتین ٹیم کی کارکردگی اور حالیہ ہوم ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کے بعد انگلینڈ ویمنز ایک کامیاب دور کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے۔
یہ بھی پڑھئے:بین شیلٹن نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے الکاراز کو یو ایس اوپن سے باہر کردیا
گولڈ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ لیہ ہمارے ساتھ شامل ہوئی ہیں تاکہ ہم اس پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے ٹیم کو اگلی سطح تک لے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پولٹن کو بین الاقوامی کرکٹ کا گہرا تجربہ حاصل ہے اور انتظامی شعبے میں بھی انہوں نے شاندار ساکھ بنائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولٹن اور لَٹی ایڈورڈز کی جوڑی مضبوط ثابت ہوگی اور ۲۰۲۷ء میں آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز ایشیز کے لیے ٹیم کی ترقی اور پیش رفت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔