Inquilab Logo

لیموں کے دام مزید بڑھیںگے ،بارش کے بعدہی قیمتیں کم ہونے کی اُمید

Updated: April 12, 2022, 10:32 AM IST | Agency | New Delhi

کورونا کے دور میں لیموں کی پیداوار اچھی رہی لیکن بازار نہیں کھلا، جبکہ گزشتہ سال دسمبر میں بارش نے فصل کو بھاری نقصان پہنچایا ، ایسے میں ایک ٹرک لیموں کی قیمت۵؍ لاکھ ۳۱؍ لاکھ روپے ہوچکی ہے

The reason for the increase in the prices of lemons is being attributed to the shortage in supply.Picture:INN
لیموںکی قیمتوں میںاضافے کا سبب سپلائی میں کمی کو قراردیاجارہا ہے ۔ تصویر: آئی این این

عام آدمی کے کھانے پینے کیلئے کھٹے لیموں کو گھر لانا مہنگا پڑ گیا ہے۔ ملک بھر میں ایک لیموں کی قیمت۱۵؍ سے۲۰؍ روپے تک پہنچ گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر ایک کلو لیموں کی بات کی جائے تو اس کی قیمت۳۰۰؍ سے۴۰۰؍ روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ایک ماہ پہلے قیمت۷۰؍ سے۸۰؍روپے تھی۔ یعنی قیمتوں میں تقریباً۶؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ آندھرا پردیش کے ایلور میں ملک کی سب سے بڑی لیموں  مارکیٹ  ہے۔ جبکہ  احمد آباد  میں لیموں کی   بڑی  منڈیاں جمال پور اور کالوپور ہیں ۔ راجستھان کی مہانا منڈی بھی بڑا مارکیٹ ہے۔ذرائع کے مطابق لیموں کی قیمت میں اضافے کی۴؍بڑی وجوہات ہیں۔
سپلائی ۵؍ گنا کم ہے  
 ملک بھر میں۴۰؍ سے۴۵؍ فیصد لیموں آندھرا پردیش کی الور منڈی سے سپلائی کیے جاتے ہیں۔ تقریباً اتنا ہی سپلائی تروپتی ضلع کی گڈور منڈی سے بھی کیاجاتا ہے۔بقیہ۱۰؍ فیصد سپلائی تیلانی، راجمندری منڈیوں سے ہوتا  ہے۔ الور منڈی میںلیموں پیدا کرنے والے۲۰؍ ہزار سے زیادہ کسان رجسٹرڈ ہیں۔عام سیزن میں یہاں سے روزانہ۲۵؍ ٹرک (ایک ٹرک میں۲۱؍ ٹن) پورے ملک میں سپلائی کیے جاتے ہیں۔ لیکن اس وقت مشکل سے۵؍ ٹرک ہیں یعنی سپلائی ۵؍گنا کم  ہے۔  گزشتہ۲؍ سال میں لیموں کے کاشتکاروں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔اس کی وجہ کوروناوبا ہے۔ ایلور میں ایک کسان۵؍ ہیکٹر زمین میں لیموں کی کاشت کر رہا ہے۔ نرنجن نے بتایا کہ کورونا کے دور میں لیموں کی پیداوار اچھی رہی لیکن بازار نہیں کھلا۔  اسکےساتھ ہی گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والی بارش نے فصل کو بھاری نقصان پہنچایا تھا۔ ایسے میں سپلائی کم ہو گئی اور ایک ٹرک لیموں جو پہلے۵؍ لاکھ روپے میں ملتا تھا، اب۳۱؍ لاکھ روپے  میں مل رہا ہے۔
ملک میں سب سے زیادہ لیموں آندھرا میں ہوتا ہے
 آندھرا کی مٹی لیموں کیلئے بہترین ہے۔ اسے مسلسل پانی دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ پوداتین چار سال  میں پھل دینا شروع کر دیتا ہے اور اگلے۵؍ سال تک صرف کھاد اور وافر پانی اسے زندہ رکھتا ہے اور لیموں اگتارہتا ہے۔
گجرات منڈی کی حالت 
 جمال پور اور کالوپور کے بازاروںمیں لیموں کی تھوک قیمت۱۴۰؍ سے ۱۶۰؍ روپے فی کلو تک ہے۔ تاجروں کے مطابق گجرات اور خاص کر احمد آباد میں لیموں سے منافع بہت کم ہے۔ پچھلے سال گجرات سے ٹکرانے والے سمندری طوفان کی وجہ سے سوراشٹر میں لیموں کی فصلیں تباہ ہو گئی تھیں۔ اس کی وجہ سے کسانوں کو بھی کافی نقصان اٹھانا پڑا۔ کسانوں کی  آمدنی میں کمی کے باعث بھی لیموں کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
تھوک قیمت۲۰۰؍ روپے اور خردہ قیمت۳۰۰؍روپے
   جنوبی گجرات کے کسان ہول سیل تاجروں کو۱۰۰؍ سے ۱۲۰؍ روپے فی کلو کے حساب سے  لیموںفروخت کرتے ہیں۔ جب مال احمد آباد میں اترتا ہے تو نیم تھوک فروش اسے۱۴۰؍سے۱۶۰؍ روپے میں حاصل کرتے ہیں۔ بازار سے باہر بڑے تاجروں تک پہنچنے سے قیمت۱۸۰؍ سے ۲۰۰؍ روپے فی کلو تک پہنچ جاتی ہے۔ چھوٹی دکانوں اور سبزی فروشوں کو یہ لیموں۲۰۰؍ سے۲۵۰؍روپے میں ملتے ہیں اور عام آدمی تک پہنچتے پہنچتے اس کی قیمت۳۰۰؍ سے ۴۰۰؍روپے تک  ہوجاتی ہے۔
گجرات میں لیموں کرناٹک اور مہاراشٹر سے بھی آتا ہے
 جمال پور دروازہ بند مارکیٹ کے لیموں کے تاجر دھول بھائی پرجاپتی کا کہنا ہے کہ گجرات میں لیموں مہاراشٹر، چنئی اور کرناٹک سے بھی آتا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں احمد آباد میں ہی روزانہ۱۵۰؍ٹن لیموں کا استعمال ہوتا ہے جب کہ اس وقت لیموں کی آمد صرف۷۰؍ ٹن یومیہ کے قریب ہے۔ جس کے باعث لیموں کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئیں۔
 لیموں کی قیمتیں مزید بڑھیں گی
 کالوپور سبزی منڈی کے تاجر ستیش شیوکانی نے بتایا کہ اس بار جنوبی ہند سے لیموں کی آمد بھی بہت کم ہے۔ اس طرح موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ واضح طور پر کہا جاسکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں لیموں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ اب لیموں کی قیمتیں بارش کے بعد ہی باقاعدہ  طور پرکم ہونا شروع ہوں گی۔
راجستھان کی  منڈی سے رپورٹ 
 جے پور کی موہانا منڈی میں لیموں کے تھوک فروش وکی نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی گرمی کے ساتھ رمضان اور شادیوں کا موسم شروع ہونے کی وجہ سے لیموں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ لیکن لیموں کی کھپت کے مطابق سپلائی نہیں ہو رہی۔ اسی لیے کسان بھی اس مانگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لیموں کی من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ ہول سیل مارکیٹ میں لیموں کی قیمت۱۵۰؍ روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں اسے۴۰۰؍ روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
؍۶۰؍فیصد فصل بربادہوئی 
 موہانا سبزی منڈی کے صدر راہل تنور نے کہا کہ گزشتہ سال توکتائے طوفان کی وجہ سے ملک بھر میں لیموں کی۶۰؍ فیصد فصل تباہ ہو گئی تھی جس کی وجہ سے گزشتہ سال کے مقابلے لیموں کی سپلائی کم ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈیزل پیٹرول کی بڑھتی ہوئی  قیمتوں نے لیموں کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ لیموں کے کسان رام جی لال نے بتایا کہ بارش کے بعد راجستھان میں جب لیموں اگنا شروع ہو جائیں گے تو یہاں قیمتیں خود بخود گر جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK