Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے متحد ہوں‘‘

Updated: August 15, 2025, 10:48 PM IST | New Delhi

کانگریس پارٹی کے سربراہ ملکارجن کھرگے کی یوم آزادی کے موقع پر اہل وطن سے اپیل، مودی حکومت پر شدید تنقید کی اور خدشات کا اظہار کیا

Kharge speaking at the Independence Day ceremony at Indira Bhavan
اندرا بھون میں تقریب یوم آزادی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کھرگے

 بہار ایس آئی آر کے خلاف احتجاج اور ووٹر لسٹ میں گڑبڑی کے تنازع کے درمیان  کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے جمعہ کے دن  الزام لگایا کہ بی جے پی اقتدار میں برقرار رہنے کیلئے بد اخلاقی کی کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے انتخابات میں کئی گڑبڑیاں سامنے آ رہی ہیں۔
 اندرا بھون میں واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں پرچم کشائی  کے بعد یومِ آزادی کے خطاب میں انہوں نے الزام لگایا کہ بہار میں اسپیشل اِنٹینسو ریویژن(ایس آئی آر) کے نام پر اپوزیشن کی پارٹیوں کے  ووٹ کاٹے جا رہے ہیں، جب کہ زندہ لوگوں کو مُردہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بہار ووٹر لسٹ کے نظرثانی پر کانگریس کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ یہ الیکشن جیتنے کی لڑائی نہیں ہے، بلکہ ہندوستان کی جمہوریت اور آئین کے تحفظ کی لڑائی ہے۔ خیال رہے کہ اپوزیشن مسلسل بہار ایس آئی آر کی مخالفت کر رہی ہے اور ساتھ ہی الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر ووٹر لسٹ میں گڑبڑی کا الزام لگا رہی ہے۔ اسی مسئلے کے پیش نظر اپوزیشن پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں بھی ہنگامہ کر رہی ہے، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی نہیں ہو پا رہی ہے۔
 انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام پر اہل وطن سے یہ اپیل بھی کی کہ ’’آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے متحد ہوں، یہ لڑائی صرف سیاسی جدوجہداور الیکشن جیتنے کیلئے نہیں ہے بلکہ ملک کی روح کو بچانے کی لڑائی ہے۔‘‘
کھرگے کی تقریر کے اہم نکات
-الیکشن کمیشن یہ بتانے کو تیار نہیں ہے کہ کس کے ووٹ کاٹے جا رہے ہیں اور کس بنیاد پریہ کیا جارہا ہے، یہ الیکشن کمیشن کی کیسی غیر جانب داری ہے؟ ہم سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں کہ جس نے عوام کی آواز سنی اور الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹ عام کرنے کا حکم دیا۔
- ای ڈی اور سی بی آئی جیسی مرکزی تفتیشی ایجنسیوں اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا مخالف جماعتوں کے خلاف سیاسی مقاصد کیلئے  اس قدر کھلے عام استعمال کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو انہیں آئینہ دکھانا پڑا۔
- جہاں کبھی ہم تمام ترقی پزیر ممالک کی آواز تھے، آج ہمارا کوئی اپنا نہیں ہے، نہ پڑوس میں اور نہ ہی دور۔ آزادی کے مجاہدین نے اس ملک کے لیے جو خواب دیکھا تھا، وہ آج ہم سے دور جا رہا ہے۔
- ڈاکٹر  بابا صاحب  بی آر امبیڈکر نے۱۵؍ جون۱۹۴۹ء کو آئین ساز اسمبلی میں کہا تھا کہ ووٹ کا حق جمہوریت میں سب سے بنیادی چیزوں میں سے ایک ہے۔ کوئی بھی شخص جو ووٹر لسٹ میں شامل ہونے کا حق رکھتا ہے، اسے صرف تعصب کی بنیاد پر خارج نہیں کیا جانا چاہیے۔
- آزادی کے بعد ڈھائی سال کی محنت کے بعد ہندوستان کو اپنا آئین ملا، جس کا موازنہ شاید دنیا کے کسی اور آئینی دستاویز سے نہیں کیا جا سکتا۔
-آزادی کے بعد آٹھ دہائیوں کے طویل سفر میں کانگریس کی حکومتوں اور لیڈران نے ایک مضبوط ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ امیر-غریب، راجہ-رعایا،  عورت-مرد، سب کو برابر کے حقوق دیے گئے — ایک شخص، ایک ووٹ، ایک قدر۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK