مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)کی کارروائی جاری ہے۔
EPAPER
Updated: July 16, 2026, 12:39 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)کی کارروائی جاری ہے۔
مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)کی کارروائی جاری ہے۔ حال ہی میں چرچ گیٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب آئسکریم کی مشہور دکان ’کے- رستم جی‘ پرفوڈ سیفٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کارروائی کے بعد منگل کو بھنڈی بازار کی مشہور ہوٹلوں شالیمار ریسٹورنٹ، نور محمدی ریسٹورنٹ اور عمرکھاڑی پر واقع رحمانیہ ریسٹورنٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ان تینوں کے لائسنس معطل کردیئے گئے ۔ ایف ڈی اے نے مذکورہ ہوٹلوں کےمالکان کو ضروری شرائط پوری کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بی ایل او کی ڈیوٹی سے پریشان ٹیچر کی خودکشی کی کوشش
نور محمدی ریسٹورینٹ کے مالک خالد حکیم نے اس تعلق سے کہا کہ ایف ڈی اے نے مختلف چیزوں کی نشاندہی کی ہے مثلاً انہیں کپڑے پر دھول نظر آئی، فرش چکنا معلوم ہوا اور اس سال ملازمین کا میڈیکل چیک اپ نہیں کرایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ’’ہمارے اسٹاف کا میڈیکل چیک اپ دو برس قبل کرایا گیا تھا اور اس کی رپورٹ بھی ہے ہمارے پاس لیکن افسران کا کہنا ہے کہ انہیں حال میں کرائی گئی طبی جانچ کی رپورٹ چاہئے۔‘‘ خالد حکیم کے مطابق ’’اس طرح کی موٹی موٹی چیزوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر کام چل رہا ہے اور ہم سے کہا گیا ہے کہ جب ان پر عمل ہو جائے گا تب ایف ڈی اے کو اطلاع دے دی جائے اس کے افسران جائزہ لینے کے بعد لائسنس بحال کردیں گے۔‘‘ اس تعلق سے شالیمار ریسٹورنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر عمیر شیخ اور رحمانیہ ریسٹورنٹ کے مالک سے بات کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ متعلقہ شرائط کو پورا کرنے کیلئے کوئی مدت طے نہیں کی گئی ہے لیکن ان ریستوراں کے مالکان جلد از جلد انہیں پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔