Inquilab Logo

لوک سبھا کی طرح راجیہ سبھا میں بھی بی جے پی سے کوئی مسلم نمائندہ نہیں ہو گا

Updated: June 01, 2022, 10:44 AM IST | Agency | New Delhi

مختار عباس نقوی ، ایم جے اکبر اور سیدظفر اسلام کی مدت کار ختم ہورہی ہے اور بی جے پی نے کسی نئے مسلم امیدوار کو نامزدنہیں کیا ہے

BJP Rajya Sabha Members: Syed Zafar Islam J Akbar and Mukhtar Abbas Naqvi.Picture:INN
بی جے پی کے راجیہ سبھا اراکین :سید ظفر اسلام ، ایم جے اکبر اور مختار عباس نقوی ۔ تصویر: آئی این این

 بی جے پی نے ۱۰؍جون کو ہونے  والے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے ۲۲؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے، جن میں ایک بھی مسلم امیدوار نہیں ہے۔ بی جے پی نے اس سے قبل ۳؍ مسلم امیدواروںمختار عباس نقوی، ایم جے اکبر اور سید ظفر اسلام کو راجیہ سبھا میں بھیجا تھا لیکن ان تینوں کی مدت کار ختم ہو رہی ہے۔ چونکہ بی جے پی نے ان میں سے کسی کو بھی راجیہ سبھا کے لئے دوبارہ نامزد نہیں کیا ہے لہٰذا بی جے پی کی طرف سے اب راجیہ سبھا میں ایک بھی مسلم امیدوار نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ مختار عباس نقوی کی راجیہ سبھا کی مدت کار ۷؍جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ اگر  ۶؍ مہینے کے اندر اندر وہ پارلیمنٹ کے رکن نہیں بنے تو  انہیں عہدہ وزارت سے بھی استعفیٰ دینا پڑے گا۔ ایسے میں ممکن ہے کہ بی جےپی ان کے لئے کئی راستہ نکالے۔ تاہم چہ میگوئیاں ہیں کہ مختار عباس کو رامپور لوک سبھا سیٹ سے ضمنی انتخابات  میں امیدوار بنایا جائے گا۔ دوسری طرف سید ظفر اسلام کی مدت کار ۴؍جولائی اور ایم جے اکبر کی مدت کار ۲۹؍جون کو ختم ہونے جا رہی ہے۔ تاحال صدر کی جانب سے نامز کئے جانے والے زمرے میں ۷؍نشستیں خالی ہیں۔ ایسے میں سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا بی جے پی کسی معروف مسلم چہرے کو نامزد کر کے راجیہ سبھا میں بھیجے گی؟خیال رہے کہ لوک سبھا میں بی جے پی کے پاس پہلے ہی کوئی مسلم ایم پی نہیں ہے۔۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے ۶؍مسلم امیدوار میدان میں اتارے تھے لیکن وہ سھی ہار گئے تھے۔ این ڈی اے میں صرف ایک مسلم رکن پارلیمنٹ محبوب علی قیصر ہیں، جو ایل جے پی کے ٹکٹ پر جیت کر آئے ہیں۔ یاد رہے کہ  ۱۰؍ جون کو ۱۵؍ریاستوں میں راجیہ سبھا کی کل ۵۷؍ سیٹوں کے  لئے انتخابات ہونےوالے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK