• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بگ باس ۲۰ ‘‘کے ’پروفیسر‘ میم ٹرینڈ میں لیورپول ایف سی کی انٹری

Updated: November 23, 2026, 8:04 PM IST | Mumbai

ریئلیٹی شو ’’بگ باس ۲۰‘‘ کے گھر میں اداکار منیش گوئل اور قاضی توقیر کے درمیان ’’پروفیسر‘‘ کہنے پر ہونے والا تنازع اب ٹیلی ویژن کی دنیا سے نکل کر عالمی سوشل میڈیا تک پہنچ گیا ہے۔ اس تنازع سے جڑا میم ٹرینڈ اس قدر مقبول ہوگیا ہے کہ انگلش پریمیئر لیگ کے معروف فٹ بال کلب لیورپول ایف سی نے بھی اس میں حصہ لیتے ہوئے ایک دلچسپ ویڈیو ریل شیئر کردی ہے۔

Liverpool`s Player And Qazi.Photo;INN
قاضی اور لیورپول کے کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

 ریئلیٹی شو ’’بگ باس ۲۰‘‘ کے گھر میں اداکار منیش گوئل اور قاضی توقیر کے درمیان ’’پروفیسر‘‘ کہنے پر ہونے والا تنازع اب ٹیلی ویژن کی دنیا سے نکل کر عالمی سوشل میڈیا تک پہنچ گیا ہے۔ اس تنازع سے جڑا میم ٹرینڈ اس قدر مقبول ہوگیا ہے کہ انگلش پریمیئر لیگ کے معروف فٹ بال کلب  لیورپول ایف سی  نے بھی اس میں حصہ لیتے ہوئے ایک دلچسپ ویڈیو ریل شیئر کردی ہے۔ کلب کی اس ویڈیو کو دیکھ کر فٹ بال شائقین کے ساتھ ساتھ بگ باس کے ناظرین بھی خاصے محظوظ ہورہے ہیں۔لیورپول ایف سی نے اپنے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں ٹیم کے کھلاڑی آؤٹ ڈور ٹریننگ سیشن کے دوران فٹ بال کی مشق کرتے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں دو کھلاڑی ایک دوسرے کے سامنے آکر قریب سے فٹ ورک کی مشق کرتے ہیں، جبکہ پس منظر میں ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی ٹریننگ میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔اس ویڈیو کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے ’’بگ باس ۲۰‘‘کے منیش گوئل اور قاضی توقیر کے درمیان ہونے والی بحث کی آڈیو استعمال کی گئی ہے۔ ویڈیو میں ایک کھلاڑی کو ’پروفیسر‘ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کے بعد بگ باس کے مشہور مکالمے ’آئی ڈونٹ...‘ (میں نہیں...) کو شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح فٹ بال کی عام ٹریننگ کو بگ باس کے مشہور تنازع سے جوڑ کر ایک مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
لیورپول ایف سی کی جانب سے شیئر کی گئی اس ریل کو سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل ملا ہے۔ ۲۱؍ نومبر کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ویڈیو کو ۷؍ لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا تھا، جبکہ اسے ۲۲؍ ہزار سے زائد لائکس اور ایک ہزار سے زیادہ تبصرے بھی مل چکے تھے۔ فٹ بال اور بگ باس کے مداحوں نے اس غیر معمولی اشتراک کو کافی پسند کیا اور مختلف انداز میں اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Liverpool Football Club (@liverpoolfc)


دراصل اس میم ٹرینڈ کی شروعات بگ باس ۲۰؍ کے گھر میں ۱۸؍ نومبر کے آس پاس ہونے والے ایک واقعہ سے ہوئی۔ نامزدگی کے ٹاسک کے دوران گلوکار قاضی توقیر نے اداکار منیش گوئل کو پروفیسر کہہ کر مخاطب کیا۔ قاضی نے کئی مرتبہ یہ بات دُہرائی، جس پر منیش ناراض ہوگئے اور انہوں نے قاضی سے ایسا نہ کہنے کی درخواست کی۔قاضی کا موقف تھا کہ پروفیسر کہنا کوئی توہین آمیز بات نہیں ہے اور انہوں نے کوئی غلط یا نازیبا لفظ استعمال نہیں کیا۔ تاہم منیش اس بات سے اتفاق نہیں کررہے تھے۔ نامزدگی کے کمرے میں شروع ہونے والی یہ بحث بعد میں گھر کے گارڈن ایریا تک پہنچ گئی، جہاں دونوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر تلخ کلامی ہوئی۔اس دوران اداکارہ کنیکا مان اور لو گِل نے منیش کو سمجھانے کی کوشش کی اور انہیں وہاں سے ہٹ جانے کا مشورہ دیا۔ منیش نے ان کی بات مانتے ہوئے بحث ختم کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن بعد میں انہوں نے اپنے ساتھیوں گُلّو، کنیکا اور لو کے سامنے اس لفظ سے جڑی اپنی زندگی کی ایک تکلیف دہ یاد کا انکشاف کیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے سوال پر پنجاب میں تنازع،قانونی نوٹس جاری

منیش گوئل نے بتایا کہ اسکول کے زمانے میں ان کی زندگی کا ایک انتہائی مشکل اور تکلیف دہ دور گزرا تھا اور لفظ ’پروفیسر‘ انہیں اسی دور کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے قاضی سے یہ بھی کہا کہ اگر وہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس لفظ سے انہیں اتنی تکلیف کیوں ہوتی ہے تو انہیں ان کے اسکول کے دنوں کی کہانی جاننی ہوگی۔جب قاضی نے ان کی بات سننے پر آمادگی ظاہر کی تو منیش نے یہ کہتے ہوئے تفصیل بتانے سے انکار کردیا کہ وہ اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے۔ اس واقعے کے بعد بگ باس کے ناظرین کے درمیان بھی اس معاملے پر مختلف آرا سامنے آئیں۔سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے منیش کے ردعمل کی حمایت کی، جبکہ کچھ لوگوں نے ان کے رویے پر سوالات اٹھائے۔ کامیڈین ویر داس نے بھی اس واقعے پر ایک ویڈیو کے ذریعے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔

یہ بھی پڑھئے:چین میں کرسٹیانو رونالڈو کا ۷؍میٹر بلند دیوہیکل مجسمہ نصب، بڑے بھائی نے افتتاح کیا

’پروفیسر‘ والا یہ مکالمہ صرف بگ باس کے مداحوں تک محدود نہیں رہا بلکہ کئی معروف شخصیات اور اداروں نے بھی اسے اپنے انداز میں استعمال کیا۔ نیٹ فلکس انڈیا نے بھی اس ٹرینڈ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مشہور سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے پروفیسر کا کردار ادا کرنے والے الوارو مورٹے کی تصویر شیئر کی اور اس کے ساتھ ’آئی لک لائک اے پروفیسر‘ کا جملہ لکھا۔اس طرح منیش گوئل اور قاضی توقیر کے درمیان ہونے والی ایک بحث نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ میمز اور ویڈیوز کی شکل اختیار کرلی۔ اب لیورپول ایف سی جیسے عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کلب کی اس میں شمولیت نے اس ٹرینڈ کو مزید مقبول بنادیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ لیورپول ایف سی کی اس ریل میں کھلاڑیوں کا اصل تنازع سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ کلب کی سوشل میڈیا ٹیم نے ہندوستانی ناظرین میں مقبول ہونے والے ایک مکالمے کو فٹ بال ٹریننگ کے ساتھ جوڑ کر مزاحیہ انداز میں پیش کیا ہے۔ اس غیر متوقع اشتراک نے ثابت کردیا ہے کہ ہندوستانی ٹیلی ویژن کے ایک ریئلٹی شو کا مکالمہ عالمی کھیلوں کی سوشل میڈیا دنیا میں بھی مقبولیت حاصل کرسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK