• Wed, 17 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرناک بریج پرڈیوائیڈرکےدرمیان کا راستہ روکنے پرمقامی مکین اورتاجر برہم

Updated: September 16, 2025, 11:25 PM IST | Mumbai

بھاری پولیس بندوبست میںراستہ بند کرنے کا الزام ۔بی ایم سی کے اس فیصلے کوہزاروں مسافروں،تاجرو ں ، طلبہ اورمسافر خانہ آنے والے عازمین کیلئےپریشانی کا باعث قراردیا

The road between the dividers is being closed. Police personnel are also present there.
ڈیوائیڈر کے درمیان کے راستے کو بند کیا جارہا ہے۔ وہاں پولیس اہلکار بھی موجود ہیں۔(تصویر: انقلاب)

 نئے کرناک بریج (موجودہ سیندور بریج)  پر مسافر خانہ کے قریب پیر کی رات ۱۰؍ بجے کے بعد ڈیوائیڈرکے درمیان چھوڑا گیا راستہ بند کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقامی افراد نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہنگامہ آرائی کےسبب ٹھیکیداربھاگنے پر مجبور ہوگیا۔اُس وقت ایل ٹی مارگ پولیس کےاہلکار بھی وہاں پہنچ گئے  اورمقامی افراد کی برہمی کے سبب کنٹریکٹر سے وَرک آرڈر دکھانے کیلئے کہا مگر وہ ناکام رہا۔ 
 دراصل یہاں لگائے گئے ڈیوائیڈر کے درمیان نفیس چیمبر اوربنگالی پورہ نیزکولی واڑہ اسٹریٹ اور سواستک چمبر کے بیچ پانچ پانچ فٹ راستہ رکھوایا گیا تھا تاکہ لوگ راستہ پار کرسکیں اور مزدورسامان وغیرہ لے کرپیدل جاسکیں مگر اسے بھی زبردستی بند کرانے کی کوشش پر مکین بھڑک گئے۔اس کے خلاف بی ایم سی میں آن لائن بھی شکایت ( نمبر ۰۷۲۳۱۰۹۸۳۳ )کی گئی اورمنگل کودورکنی وفد نے بی ایم سی کمشنر سے ملاقات بھی کی مگر سب لاحاصل رہا ۔منگل کی شام کو ہی بھاری پولیس بندوبست میںان وہ دونوںراستے بند کردیئے گئے۔راستہ بند کرنے کی مخالفت کرنے والوں میں مقامی ذمہ دار اشخاص میں عبدالرب خان ، عبدالصمد خان ، محفوظ انصاری ،شاہد شیخ ، نعیم شیخ ، زبیرشیخ،اخترخان ، شعیب شیخ ، فیروزشیخ اورقمرالدین شیخ وغیرہ پیش پیش تھے۔اس کارروائی کی وجہ سے مکینوں کا الزام ہے کہ یہ سب کچھ وی آئی پی موومنٹ (انتہائی اہم شخصیات کی آمدورفت میں آسانی)کیلئے کیا جارہا ہے ،عام شہریوں کیلئے مشکل کھڑی کی جارہی ہے۔ ٹریفک محکمے کے ذریعے اس سے قبل اِسی علاقے میں ۵۰؍برس قبل دی گئی پارکنگ بند کردی گئی تھی۔ 
مسئلہ کیا ہے اورمخالفت کی وجہ کیا ہے؟
  مذکورہ راستہ کو  بند ہونے سے بچانے کیلئے کوشاں رہنے والو ں اور بی ایم سی کمشنر سے ملنے والے وفد میں شامل نعیم شیخ نے نمائندۂ انقلاب کوتفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ ’’ جہاںیہ ڈیوائیڈرلگایا گیا ہے، اس کی وجہ سے جنوبی ممبئی کے انتہائی مصروف علاقوں میںشامل کولی واڑہ، سید قاضی اسٹریٹ ، چکلہ اسٹریٹ، بنگالی پورہ ، مسافر خانہ ، انیس چیمبر، ڈی سی بی بینک والی عمارت کےہزاروں مکینوں اورتاجرو ں کے علاوہ مسافر خانہ آنےوالے عازمین کیلئے زبردست دشواری پیدا  ہوگئی ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’پہلے چھوٹا ڈیوائیڈرتھا جسے لوگ آسانی سے پار کرکے چلے جاتےتھے لیکن اب بڑا والا ڈیوائیڈر لگایا گیاہے جسے پار کرنا ممکن نہیںہے ۔ اسی لئے درمیان میں۵؍فٹ کا راستہ چھڑ وایا گیا تھا تاکہ وہاں سے لوگ ایمرجنسی میںگزر جائیں ،اب ان کے لئے یہ سہولت ختم ہوگئی ہے۔ اس لئے ایک طرح سے یہاں کے لوگ گھِر گئے ہیںاوران کوراستہ پار کرنے کےلئے کافی دور تک چل کرجانا ہوگا تب وہ اپنے علاقوں کی جانب گھوم سکیںگے۔یہ سب کچھ محض وی آئی پی موومنٹ کیلئے کیا گیا ہے، اُن کی آمدورفت میںکوئی خلل نہ ہو،عام آدمی کی پریشانی سے بی ایم سی یا حکومت کو کوئی سروکار نہیںہے۔‘‘
 عبدالرب خان کے مطابق ’’ نیا بریج بننے کے بعد یہ امید تھی کہ جس طرح بریج نیا بن گیا ہے اسی طرح مقامی لوگوں کی سہولت بھی بڑھے گی لیکن الٹا معاملہ ہوگیا ہے۔پہلے مسافر خانہ اوربریج کے قریب سے یوٹرن تھا ، اسے بھی بند کردیا گیا جس سے گاڑی والوں کوکافی گھوم کرجانا پڑتا ہے اور ڈیوائیڈر کے درمیان کا راستہ بند کرنے سے راہ گیروں کیلئے بھی اب بڑامسئلہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اس لئے شہری انتظامیہ کوعام آدمی کی پریشانی پربھی توجہ دینا چاہئے اوراس کا حل نکالنا چاہئے۔‘‘
  عبدالرحمٰن خان نے بتایاکہ’’ راستہ بند کرنے سے ہزاروں لوگو ںکے لئے مسئلہ پیدا ہوگیا ہے ۔ کوشش کی گئی کہ کوئی حل نکل آئے، رات میں کنٹریکٹر کے چلے جانے اورایل ٹی مارگ پولیس کے اہلکاروں کی موجودگی کےسبب یہ امید تھی کہ شاید ہم لوگوں کی محنت کامیاب ہوجائے اورچھوڑا گیا راستہ برقرار رہے لیکن ایسا نہیںہوا ۔ اس لئے ہم سب کا اب بھی یہی مطالبہ ہے کہ بی ایم سی مقامی افراد اور تاجروں کی پریشانی کو دیکھتےہوئے راستہ چھوڑے تاکہ ان کوسہولت مل سکے۔‘‘ 
 یاد رہے کہ اس تعلق سے ڈی سی پی ٹریفک سنیل پردیسی بھی آئے تھے اوران کی جانب سے بھی یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ شہریوں کی سہولت کا خیال رکھا جائے گا۔اس سے قبل جب پارکنگ کامسئلہ تھا تب بھی انیس چیمبر کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی ، سواستک چیمبر، نفیس چیمبر ڈی سی بی بینک بلڈنگ ، الکریم منزل اور ممبئی امن کمیٹی کی جانب سے میمورنڈم دیا گیا تھا کہ ۵۰؍برس قبل دی گئی پارکنگ کی سہولت کیوں ختم کی جارہی ہے ،اب پیدل چلنے کا بھی مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔
بی ایم سی کا جواب 
 اس بارے میں بی ایم سی کے ایک سینئرافسر کاکہناہے کہ راستہ بند کرانے کی دو وجہ ہے۔ اوّل یہ کہ ٹریفک نظام بلا کسی رکاوٹ کے جاری رہے اور دوسرے ڈیوائیڈر کے درمیان سے راستہ پار کرنے سے حادثے کا اندیشہ ہے ، اس لئےیہ انتظام کیاگیا ہے۔ اُس افسر کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ یہ سب کچھ تاجروں اورمکینوں کی بہتری اور ان کی سہولت کےلئے کیاگیا ہے جبکہ مکین اسے وی آئی پی سہولت کے لئے کی گئی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK