• Thu, 25 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میونسپل الیکشن: نئے امکانات، نئی مساوات

Updated: December 25, 2025, 12:23 AM IST | Mumbai

۲۰؍ سال بعد ٹھاکرے برادران ساتھ آئے، ممبئی اور ناسک کارپوریشن انتخابات کیلئے اتحاد کا اعلان ، ممبئی میں اپوزیشن پارٹیاں نئے اتحادیوں کے ساتھ میدان میںاُترسکتی ہیں، ریاست کے دیگر کارپوریشنوں میں بھی ایسے ہی امکانات روشن ، پونے میںدونوں این سی پی ساتھ ساتھ

Amit Thackeray, Raj Thackeray, Sanjay Raut, Uddhav Thackeray and Aaditya Thackeray can be seen after the press conference. (Photo: Ashish Raje)
پریس کانفرنس کے بعد امیت ٹھاکرے ، راج ٹھاکرے، سنجے رائوت، ادھو ٹھاکرے اور آدتیہ ٹھاکرےدیکھے جاسکتے ہیں۔(تصویر: آشیش راجے)

طویل انتظار کے بعد بالآخر بدھ کو شیو سینا ( ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور مہاراشٹر نونرمان سینا(ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے ورلی میں واقع ہوٹل ’بلیو سی‘ میں  مشترکہ پریس کانفرنس کی اور اعلان کیا کہ وہ دونوں سیاسی طور پر ۲۰؍ سال بعد ایک ساتھ آرہے ہیں۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) اور ناسک میونسپل کارپوریشن میں دونوں ٹھاکرے  برادران  متحدہ طو رپر  الیکشن لڑیں گے۔  حالانکہ متعد د مرتبہ پوچھنے کے باوجود انہوں نے یہ نہیںبتایا کہ بی ایم سی میں دونوں پارٹیاں کتنی کتنی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتاریں گی البتہ یہ کہا کہ وقتاً  فوقتاً اس کا اعلان کیا جائے گا اور پرچہ  داخل کرنے سے قبل اس کا اعلان یقینی طو رپر کردیا جائے گا۔ اس موقع پر ادھو ٹھاکرے ے مراٹھیوں کو انتباہ دیا ہے کہ اگر تقسیم ہوئے تو ختم کردئیے جائو گے۔  ۲۰ ؍ منٹ تک  جاری رہنے والی اس پریس کانفرنس میں دونوں لیڈروں نے  یہ واضح طور پر کہا کہ یہ پریس کانفرنس ہمارے اتحاد کا اعلان کرنے کی لئے بلائی گئی ہے۔سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں بعد میں مطلع کردیا جائے گا۔ 
نئی مساوات 
  ادھو اور راج ٹھاکرے کےاس اتحاد نے مہاراشٹر میں نئی سیاسی مساوات بننے کے راستہ کھول دئیے ہیں۔ جہاںیہ دونوںپارٹیاں ممبئی اور ناسک کارپوریشن کے لئے ایک ہوئی ہیں وہیں پونے میونسپل کارپوریشن کے لئے این سی پی کے دونوں گروپ یعنی  شردپوار گروپ اور اجیت پوار گروپ دونوں کے ساتھ آنے کا قوی امکان ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ہی پارٹیوں میں حتمی بات چیت جاری ہے۔ اسی طرح سے ممبئی میں کانگریس اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اس اتحاد میں سماج وادی پارٹی بھی شامل ہوجائے۔ اپوزیشن کی صفوں میں تو نئی مساوات بن رہی ہے لیکن ممبئی کی سطح پر کم از کم مہایوتی یعنی بی جے پی شندے سینا اور این سی پی اجیت مل کر الیکشن لڑیں گے ۔ لیکن یہی مساوات ریاست کی دیگر میونسپل کارپوریشن میں تبدیل ہو سکتی ہیں اور وہاں کے حالات کے مطابق نئے اتحاد قائم ہو سکتے ہیں۔ 
سنجے رائوت نے کیا کہا ؟
 پریس کانفرنس میں پہلے شیو سینا(ادھو) کے ترجمان  اوررکن پارلیمان سنجے راؤت نے مہاراشٹر کی تشکیل کے وقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس وقت بھی مہاراشٹر کے مراٹھا اور ٹھاکرے متحد ہو ئے تھے اور آج پھر ایک بار ممبئی اور مہاراشٹر کو بچانے کے لئے ٹھاکرے برادران متحد ہو رہے ہیں۔
دہلی میں بیٹھ کرممبئی کو توڑنے کی کوشش
  سنجے راؤت کے بعد ادھو ٹھاکرے نے پریس کانفرنس میں خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ’’ہمارے  دادانے سنیوکت مہاراشٹر کیلئے جد و جہد کی اور وہ پہلے ۵؍ سینا پتیوں میں شامل تھے ۔ اسی طرح میرے والد شیوسینا سپریمو بالا صاحب ٹھاکرے اور راج کے والد اور میرے چچا شریکانت ٹھاکرے  نے بھی ممبئی کیلئےجدو جہد کی۔گویا ٹھاکرے خاندان ممبئی اور مہاراشٹر کے تحفظ کیلئے ہمیشہ سینہ سپر رہا ہے۔۱۰۷؍ مراٹھیوں کی قربانیوںکے بعد ممبئی مہاراشٹر کو حاصل ہوئی تھی  لیکن بیرون ممبئی سے آنے والے شہری ممبئی کے شہریوں پر حکمرانی کرنے لگے۔ اسی لئے مراٹھیوں کے حقوق کیلئے بالا صاحب ٹھاکرے نے شیوسینا قائم کی تھی۔ شیوسینا کو اگلے سال ۶۰؍سال پورے ہو جائیں گے۔ اب ایک بار پھر دہلی میں بیٹھے ہوئے ۲؍ لیڈر ممبئی کو مہاراشٹر سے چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں۔مَیں جانتا ہوں کہ مراٹھی مانس دوسروں کے معاملات میں مداخلت نہیںکرتا لیکن اگر ان کے معاملات میں کوئی مداخلت کرے تو وہ اسے نہیں چھوڑتا۔ 
راج ٹھاکرے کا خطاب 
 ادھو ٹھاکرے کے بعد ایم این ایس  سربراہ راج ٹھاکرے نے خطاب کیا اور کہا کہ’’جیسا کہ مَیںنے پہلے بھی کہا تھا کہ ہمارے آپسی جھگڑے اور اختلافات  کے مقابلے میں مہاراشٹر کا تحفظ اہم ہے۔اسی لئے ہم ساتھ آئیں گے۔آج صرف ایک ہی بات کہوں گا کہ شیوسینا اور ایم این ایس کا اتحاد ہو گیا  ہے۔ ‘‘سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میںانہوںنے کہاکہ’’ جس طرح بچہ چوری کا گینگ ہوتا ہے اسی طرح ابھی سیاسی بچوں کو چرانے کا گینگ سرگرم ہے۔ اس لئے ہم فی الحال اس پر گفتگو نہیں کریں گے۔ وقتاً فوقتاً اس بارے میں میڈیا کو بتایا جائے گا۔  ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK