Inquilab Logo

عید الفطر میں بھی لاک ڈاؤن کی ہدایات پر عمل کیا جائے

Updated: May 23, 2020, 4:16 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

علماء اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران نے کہا :ہمیں اس موقع پر بھی ایک ذمہ دار شہر ی کا رول ادا کرنا ہے۔ عید الفطر کی نماز کے تعلق سے مفتیان کرام نےپہلے ہی رہنمائی فرمائی ہے ۔وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل۔

CISF men march in the Dotanki area. Photo: Inquilab
سی آئی ایس ایف کے جوان دوٹانکی علاقے میں مارچ کرتے ہوئے۔ تصویر:انقلاب

 عید الفطر میں بھی لاک ڈاؤن کی پابندیوں اور انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل کرنا ہے اور جس طرح ہم نے اب تک دوماہ سے لاک ڈاؤن کی ہدایات پر ایک ذمہ دار شہری کا رول ادا کیا ہے وہی عیدالفطر میں بھی کرنا ہے۔ ان باتوں کا اعادہ ملی تنظیموں کے ذمہ داران اور علماء نے کیا ہےاور یہ بھی یاددلایا ہے کہ ہمیں کوئی ایسا موقع نہیں دینا ہے جس سے شرپسندوں کو لب کشائی کا موقع مل سکے۔ دوسری جانب عیدالفطر کی نماز کے تعلق سے مفتیان کرام اور بڑے اداروں کے دارالافتاء کی جانب سے پہلے ہی شریعت مطہرہ کی روشنی میں رہنمائی کی جاچکی ہے۔ اس سے استفادہ کرتے ہوئے عمل کرنا ہے۔ یہ فتاویٰ سوشل میڈیا کے مختلف گروپس میں بھی ڈالے گئے ہیں ۔ 
 اس تعلق سے علماء کونسل کے جنرل سیکریٹری مولانا محمود احمد خان دریابادی نے کہا کہ ’’عیدالفطر میں بھی لاک ڈاؤن کے تئیں ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے اور مفتیان کرام نے عید کی نماز کے تعلق سے جو رہنمائی کی ہے،اس پر عمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ یہ حالات انتہائی افسوسناک ہیں اس لئے خصوصی دعا کی جائے کہ دنیا سے یہ وبا ختم ہو اور ہم پہلے کی طرح مسجدوں کو آباد کرسکیں ۔‘‘ جمعیت اہل حدیث کے صدر مولانا عبدالسلام سلفی نے کہا کہ ’’ہمیں عید الفطر میں بھی لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے سلسلے میں ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے اور گھروں میں ہی عید کی نماز ادا کرنی ہےنیز عالم اسلام اور انسانیت کی بھلائی اور عافیت کی دعا کرنی ہے۔‘‘ مولانا مستقیم احسن اعظمی نے کہا کہ ’’جب سے لاک ڈاؤن ہوا ہے مسجد کا عملہ ہی مسجد میں نماز ادا کررہا ہے لہٰذا عید الفطر میں بھی اسی پر عمل کرنا ہے۔ اس کے علاوہ رب العالمین کی بارگاہ میں کوروناوائرس کے خاتمے، عالم اسلام کی سلامتی اور پوری انسانیت کی بھلائی کیلئے دعائیں کرنی ہیں ۔‘‘ سنی جمعیۃ العلماء کے جنرل سیکریٹری مولانا مقصود علی خان نوری نے کہا کہ ’’عید میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر حسب معمول عمل کیا جائے۔ جہاں تک عید الفطر کی نماز کا معاملہ ہے تو یہ واجب ہے اور اس کے لئے مفتیان کرام نے پہلے سے ہی رہنمائی کردی ہے اسی پر عمل کیا جائے اور کوئی انتظام نہ ہونے پر رب کی بارگاہ میں دورکعت شکرانہ ادا کرلیا جائے ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ہمیں اس موقع پر بھی اسی طرح ڈسپلن قائم رکھنا ہے جیسا اب تک رکھتے آئے ہیں ۔‘‘ مولانا سید معین الدین اشرف نے کہا کہ ’’جو شرائط جمعہ کی ہیں وہی عیدالفطر کی ہیں چنانچہ اسی طرح نماز عید ادا کرلی جائے اور لاک ڈاؤن کی مکمل پابندی کی جائے۔ اس کے علاوہ عید میں ضرورت مندوں کی بھرپور مدد کی جائے۔ عید الفطر کے تعلق سے بعض پولیس اسٹیشنوں میں علماء اور ٹرسٹیان کو بلایا گیا اور میٹنگ کرکے پولیس نے یہ ہدایت دی کہ لاک ڈاؤن جاری ہے اس لئے عید کی نماز گھروں میں ادا کی جائے اوربھیڑ بھاڑ سے بچا جائے۔‘‘
  رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمد سعید نوری نے کہا کہ ’’عید سادگی سے منائیں اور لاک ڈاؤن کی پابندیوں کا خیال رکھیں ۔یہ باتیں پہلے ہی کہی جاچکی ہیں اور یاددہانی اس لئے کروائی جارہی ہے کہ ماہ مبارک ختم ہورہا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ جس طرح اب تک ہم نے مثال قائم کی ہے اسی طرح عید میں بھی اسے قائم رکھیں اور دشمنان اسلام کو کوئی موقع نہ دیں ۔
  جماعت اسلامی کے مقامی امیر عبدالحسیب بھاٹکر نے بھی ان ہی باتوں کا اعادہ کیا اور ہدایات پر عمل آوری کی تلقین کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK