این ڈی اے پر عظیم اتحاد کی سبقت سے آر جے ڈی، کانگریس خیمے میں خوشی کی لہر، سروے کے مطابق عظیم اتحاد کو۱۲۶؍ تو این ڈی اے کو ۱۱۴؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔
EPAPER
Updated: September 30, 2025, 2:57 PM IST | Agency | Patna
این ڈی اے پر عظیم اتحاد کی سبقت سے آر جے ڈی، کانگریس خیمے میں خوشی کی لہر، سروے کے مطابق عظیم اتحاد کو۱۲۶؍ تو این ڈی اے کو ۱۱۴؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔
بہا رمیں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ بھلے ہی ۱۶۰؍ سیٹوں پر کامیابی کا دعویٰ کریں لیکن زمینی حقیقت کچھ اور ہے۔گزشتہ انتخابات میں بہت مشکل سے این ڈی اے کی حکومت بن پائی تھی جبکہ اس بار اس کی حالت اور زیادہ خراب نظر آرہی ہے۔ اس کا ثبوت وہ مختلف سروے رپورٹیں ہیں جن میں این ڈی اے پر عظیم اتحاد کو سبقت دکھایا جارہا ہے۔ ایسا ہی ایک سروے لوک پول کا آیا ہے جس نے بی جے پی کی نیند حرام کردی ہے۔ اس سروے کے مطابق ریاست میں تیجسوی کی قیادت میں عظیم اتحاد کی حکومت بن رہی ہے۔
لوک پول سروے کے مطابق عظیم اتحاد کو۱۱۸؍ سے ۱۲۶؍ سیٹیں ملنے کا اندازہ ہے، جبکہ این ڈی اے کو ۱۰۵؍ سے ۱۱۴؍ سیٹیں ہی مل سکتی ہیں۔ اگر لوک پول سروے حقیقت میں بدل جاتا ہے تو بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت بننا یقینی ہے۔ یہ نتیش کمار کیلئے ایک بڑا جھٹکا ہوگا، جنہوں نے۲۰؍ سال تک بہار پر وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حکومت کی ہے اور اس کیلئے بار بار اپنے نام نہاد اصولوں کو قربان کیا ہے۔ کوئی کہے یا نہ کہے، سبھی سمجھتے ہیں کہ نتیش کی قیادت میں یہ آخری الیکشن ہے۔ اب یہ بات شدت کے ساتھ کہی جارہی ہے کہ وہ پالا بدل کر بھی وزارت اعلیٰ کا عہدہ حاصل نہیں کرپائیں گے۔ تیجسوی کے حامی نہایت شدت کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ اس بار ’انہیں وزیر اعلیٰ بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔‘ کوئی اور یہ دعویٰ کرے یا نہ کرے لیکن لالو یادو نہایت شدت کے ساتھ اس بات کو دہراتے ہیں اوربار بار دہراتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بہار میں اس مرتبہ عظیم اتحاد کیلئے راستہ کافی ہموار ہے۔تیجسوی یادو پہلے ہی بڑھتے ہوئے جرائم اور بدعنوانی کے معاملے پر نتیش کمار کی حکومت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اپنے جارحانہ عزائم سے انہوں نے این ڈی اے کیلئے بڑی مشکلات پیدا کردی ہیں۔ رہی سہی کسر راہل گاندھی نے اپنی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ سے پوری کردی ہے۔ اس وقت بہار میں سب سے زیادہ موضوع بحث ’ووٹ چوری‘ ہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ راہل گاندھی اورتیجسوی یادو کو بہار میں اخلاقی فتح مل چکی ہے۔
بہار کے موجودہ سیاسی حالات سے لالو یادوکافی پرجوش ہیں، یہاں تک کہ وہ اپنی جسمانی حالت کا بھی اندازہ نہیں لگا پاتے۔وہ بھول جاتے ہیں کہ ان کا کڈنی ٹرانسپلانٹ ہوا ہے۔ ایسے لوگوں کو دھول اور ہجوم سے بچنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، اس کے باوجود انہوں نے تیجسوی کی ریلی میں شرکت کی۔ اپنے حامیوں کو جوش دلانے کیلئے، وہ اپنے پرانے انداز میں گانا بھی گانے لگتے ہیں۔ یہ سب دیکھ کر ان کے مداحوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ یہ کوئی پہلا سروے نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی کئی رپورٹوں میں عظیم اتحاد کو این ڈی اے سے آگے بتایا گیا ہے۔