Updated: October 02, 2025, 5:30 PM IST
| Mumbai
گولڈی برار گینگ کے ۲؍ ممبر گرفتار، منور فاروقی کو قتل کرنے کا منصوبہ تھا، رپورٹس کے مطابق، مقبول سوشل میڈیا شخصیت اور اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کے علاوہ اس گینگ نے حال ہی میں سلمان خان، دیشا پٹانی اور کپل شرما سمیت کئی بالی ووڈ ستاروں کو دھمکیاں دی ہیں۔
کامیڈین منور فاروقی۔ تصویر: آئی این این
جمعرات۲؍ اکتوبرکو، گینگسٹر گولڈی برار گینگ سے تعلق رکھنے والے دو قاتلوں کو نئی دہلی میں گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، کامیڈین منور فاروقی ان کا ہدف تھے۔بتایا جاتا ہے کہ یہ قاتل، جو گینگسٹر روہت گوڈارا، گولڈی برار اور ویرندر چار سے تعلق رکھتے ہیں، اسٹینڈ اپ کامیڈین پر حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق، جمعرات کو دہلی پولیس نے جیت پور - کلیندی کنج روڈ پر ہونے والی فائرنگ کے بعد ان دو قاتلوں کو گرفتار کیا۔ دونوں افراد، جن کی شناخت پانی پت کے رہنے والے راہل اور بھیوانی کے رہنے والے ساحل کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کےمجرمانہ ریکارڈ موجود ہیں۔یہ روہت گوڈارا، گولڈی برار اور ویرندر چارن گینگ سے وابستہ رہے ہیں۔
نئی فرینڈز کالونی کے قریب قاتلوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کلیندی کنج - پشتہ روڈ پر گھات لگا کر بیٹھ گئی تھی۔ تقریباً ۳؍بجے شب، مشتبہ افراد کو ایک موٹر سائیکل پر دیکھا گیا۔ جب انہیں موٹر سائیکل روکنے کا کہا گیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں دونوں کے پیروں میں گولیاں لگیں۔ وہ فی الحال علاج کے لیےاسپتال میں داخل ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ راہل اور ساحل، منور فاروقی کے قتل کی سازش میں ملوث تھے اور انہوں نے ممبئی اور بنگلور میں اپنے ہدف کا جائزہ بھی لیا تھا۔دہلی پولیس کی طرف سے اس بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔اس واقعے سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ بالی ووڈ سے وابستہ شخصیات کے خلاف خطرات بڑھ رہے ہیں۔
اضح رہے کہ گذشتہ مہینے، دیشا پٹانی کے بریلی میں واقع گھر کے باہر گولڈی برار-روہت گوڈارا گینگ سے وابستہ دو افراد نے فائرنگ کی تھی، جنہیں بعد میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔اس کے علاوہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان بھی طویل عرصے سے اس گینگ کا ہدف بنے ہوئے ہیں۔