• Fri, 21 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دنیا کے ۱۰۰؍بہترین شہروں کی فہرست میں لندن پھر سرفہرست، بنگلور ۲۹؍ویں مقام پر

Updated: November 21, 2025, 12:20 PM IST | Agency | New Delhi

اِپسوس اور ریسوننس کی اس سالانہ فہرست میں ممبئی، دہلی، حیدرآباد کو ملاکر کل ۴؍ہندوستانی شہروں نے اپنی مقبولیت کی بنیادپر جگہ پائی ہے۔

The Big Bang Clock and other important buildings can be seen in this image of the city of London. Photo: INN
لندن شہر کی اس تصویر میں بگ بینگ کلاک اور دیگر اہم عمارتیں دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر:آئی این این
دنیا کے ۱۰۰؍بہترین شہروںمیں لندن نے پھر بازی مارلی ہے۔ اِپسوس اور ریسوننس کنسلٹنسی نے برطانیہ عظمیٰ کے دارالحکومت کو ۲۶۔۲۰۲۵ء کی فہرست(ورلڈز بیسٹ سٹیز رپورٹ)میں پہلے مقام پر رکھا ہے،جبکہ امریکہ کی’دھڑکن‘ کہلانے والا نیویارک دوسرے نمبر اور فرانس کے دارالحکومت پیرس نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اِپسوس اور ریسوننس کنسلٹنسی کی اس مشترکہ رپورٹ  کے مطابق لندن مسلسل گیارہویں سال دنیا کا بہترین شہر قرار پایا ہے۔ ’ورلڈز بیسٹ سٹیز رپورٹ ۲۰۲۶ء‘میں بتایا گیا کہ’’کیپٹل آف کیپٹلز‘‘ یعنی لندن نے تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، خوشحالی میں دوسرا، دلکشی میں دوسرا، اور رہنے کے معیارمیں تیسرا نمبر حاصل کیا۔ رپورٹ میں۲۶۔۲۰۲۵ء کیلئے دنیا کے ایسے ۱۰۰؍ بہترین شہروں کی فہرست دی گئی ہے جہاں رہنا، کام کرنا اور سیرسپاٹا بہترین تجربہ فراہم کرتا ہے۔ اس فہرست میں یورپی شہروں کا غلبہ ہے۔
ٹاپ ۱۰۰؍ میںنیویارک دوسرے ، پیرس تیسرے  اور ٹوکیو چوتھے مقام پر ہے۔ جبکہ میڈرڈ پانچویں اور سنگاپور چھٹے نمبر پر موجود ہے۔اس لسٹ میں روم کو ساتویں پوزیشن پر رکھا گیا ہے، اس کے بعد آٹھویں مقام پر دبئی آتا ہے جو مغربی ایشیا کا سب سے اونچے درجے پر رکھا گیا شہر ہے۔ برلن نویں اور بارسلونا دسویں نمبر پر رہے۔ٹاپ ۱۰؍ میں دو ایشیائی شہر ،ٹوکیو اورسنگاپور جو بالترتیب چوتھے اور چھٹے نمبر پر ہیں۔
کون سا ہندوستانی  شہر سب سے آگے رہا؟
ہندوستان کا ٹیکنالوجی مرکز کہلانے والا ینگلور شہر ، جسے’انڈیا کا سلیکان ویلی‘ بھی کہا جاتا ہے، دنیا بھر میں ۲۹؍ویں پوزیشن پر رہا۔اس کے بعدممبئی ۴۰؍ویں ، دہلی ۵۴؍ویں، اور حیدرآباد ۸۲؍ ویں ویں نمبر پر ہیں۔
*یہ درجہ بندی کس طرح کی گئی؟
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے۲۷۰؍ سے زائد شہروں کا جائزہ لیا گیا ، ایسے شہر جن کی آبادی ۱۰؍ لاکھ سے زیادہ ہے، تاکہ دیکھا جا سکے کہ کون سے شہر مجموعی طور پر بہترین زندگی کا تجربہ فراہم کرتے ہیں۔ شہروں کا مطالعہ مختلف حوالوں سے کیا گیا، جیسے: تعلیم، ثقافت، رابطوں کا معیار، نائٹ لائف،سیکوریٹی اور دیگر کئی سماجی و معاشی عوامل ۔مذکورہ بالا تمام پہلوؤں کا تجزیہ کرنے کے بعد ہر شہر کو’پلیس پاور اسکور‘ دیا گیا، جو ۳؍ اہم کسوٹیوں کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا۔ پہلا : رہنے کے قابل ہونا،جیسے رہائش کا معیار، قیمتیں، صاف صفائی اورطبی سہولیات۔ دوسرا: پسندیدگی،یعنی لوگ اس شہر کو کتنا پسند کرتے ہیں اورکس طرح خوشی اور اطمینان سے رہتے ہیں۔تیسرا: خوشحالی ، یہ شہر کی معاشی ترقی، ملازمتوں کے مواقع، تعلیم اور آمدنی کے معیار پر مبنی ہے۔ شہروں کی خوشحالی جانچنے کیلئے انفراسٹرکچر، کارپوریٹ موجودگی، اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم، اختراع کی صلاحیت اور عالمی مسابقت جیسے امور کو مدنظر رکھا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK