Inquilab Logo

اے ٹی وی ایم بند ہونے سے ٹکٹ کیلئے لمبی قطاریں

Updated: March 28, 2022, 11:31 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سینٹرل ریلوے میں ۵۰؍اور ویسٹرن ریلوے میں ۷۰؍اے ٹی وی ایم‌ ہی کام کررہی ہیں جبکہ ان کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہے

While their number is close to one thousand.Picture:INN
ملاڈ ریلوے اسٹیشن پر اے ٹی وی ایم بند پڑی ہیں۔۔ تصویر: آئی این این

لوکل ٹرین سے سفر کرنے والے لاکھوں  مسافروں کو ابھی سفر کی باضابطہ اجازت نہیں دی گئی ہے تو دوسری جانب زیادہ تر آٹومیٹک ٹکٹ وینڈنگ مشینیں۰اے ٹی وی ایم) بند ہونے سے ٹکٹ کیلئے لمبی قطاریں لگ رہی ہیں جس سے مسافروں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صورت حال یہ ہے کہ  ویسٹرن‌ ریلوے میں ۷۰؍ اے ٹی وی ایم‌ اور سینٹرل ریلوے میں  محض ۵۰؍آٹو میٹک ٹکٹ وینڈنگ مشینیں چالو ہیں۔  حالانکہ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے میں  مجموعی طور پر ۹۰۰؍تا ایک ہزار اے ٹی وی ایم ہیں لیکن بیشتر بند ہیں۔اس کی وجہ سے بہت سے مسافر کارڈ کا بھی استعمال نہیں کرپا رہے ہیں اور ان کا وقت ضائع ہوتا ہے۔ نمائندے نے خود دیکھا کہ بیشتر اسٹیشنوں پر اے ٹی وی ایم یا تو دھول چاٹ رہی ہیں یا پھر ان کا رخ دوسری جانب گھماکر رکھ دیا گیا ہے۔
 مسافروں کی زبانی
 ملاڈ اسٹیشن پر قطار میں کھڑے عبداللہ خان نام کے مسافر نے کہا کہ صبح اور شام کے اوقات میں تو یہاں ٹکٹ کیلئے لمبی قطاریں خودکار زینے تک پہنچ جاتی ہیں۔ یہاں کئی اے ٹی وی ایم ہیں لیکن محض ۲؍پر کمیشن پر کام کرنے والے ٹکٹ دینے کے لئے موجود رہتے ہیں ۔ ان دونوں میں بھی کبھی نیٹ ورک نہیں ہے تو کبھی رول ختم ہوگیا ہے تو کبھی کوئی اور مسئلہ بتایا جاتا ہے۔عبدالرحمن نام کے دوسرے مسافر کے مطابق اب صبح وشام میں پہلی جیسی بھیڑ ہورہی ہے اس لئے اے ٹی وی ایم بھی چالو کردینا چاہئے تاکہ مسافروں کو قطار میں کھڑا نہ رہنا پڑے اور ان کا وقت ضائع نہ ہو۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آخر اب کون سا مسئلہ ہے اور کس چیز کا انتظار کیا جارہا ہے۔ رام جی کنوجیا کے مطابق پہلے تو مسافروں کو متوجہ کرنے کیلئے اے ٹی وی ایم‌ کا استعمال کرنے پر ان  کو چند فیصد  بونس دینے کا بھی اعلان کیا جاتا تھا لیکن اب بیشتر مشینیں بند رکھی گئی ہیں، نامعلوم کس وجہ سے مسافروں کا وقت ضائع کیا جارہا ہے اور کب مسافروں کے لئے یہ سہولت بحال کی جائے گی۔
ریلوے کی وضاحت
  اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر او اے کے جین نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ابھی بہت محدود تعداد میں اے ٹی وی ایم چالو کی گئی ہیں اسی سبب زیادہ  تر مشینیںبند ہیں لیکن حالات میں بہتری اور تمام مسافروں کو سفر کی اجازت ملنے سے قبل تمام اے ٹی وی ایم چالو کردی جائیں گی۔ انہوں نے بھی یہ اعتراف کیا کہ پہلے کے بہ نسبت اب زیادہ مسافر سفر کررہے ہیں اس لحاظ سے ٹکٹ کیلئے بھی بھیڑ زیادہ ہورہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی پورا نظام مربوط ہوجائے گا اور اگر سسٹم میں کوئی خرابی ہوگی تو اسے دور کرلیا جائیگا۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکور نے کہا کہ  چونکہ ابھی ۲؍ ویکسین کی شرط قائم ہے۔اس لئے مسافروں کو آزادانہ طور پر ٹکٹ نکالنے  پر پابندی ابھی بھی برقرار ہے۔ اے ٹی وی ایم پر ابھی کمیشن کے ذریعے ٹکٹ دینے والوں کی مدد سے ۷۰؍اے ٹی وی ایم چلائی جارہی ہیں۔ حالانکہ کھڑکی سے ٹکٹ دینے کیلئے اجازت دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد جلد سے جلد تمام اے ٹی وی ایم‌ چالو کردی جائیں گی ، مسافروں کو کچھ اور  انتظار کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK