تکنیکی خرابی سے پائیدھونی ، میمن واڑہ ،کامبیکر اسٹریٹ ، کھڑک اور دیگر علاقوں میں گزشتہ ایک مہینے سے پانی سپلائی متاثر ۔مکین ٹینکرمنگو ا نےپرمجبور
EPAPER
Updated: September 12, 2025, 10:56 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
تکنیکی خرابی سے پائیدھونی ، میمن واڑہ ،کامبیکر اسٹریٹ ، کھڑک اور دیگر علاقوں میں گزشتہ ایک مہینے سے پانی سپلائی متاثر ۔مکین ٹینکرمنگو ا نےپرمجبور
تکنیکی خرابی سے جنوبی ممبئی کے محمد علی روڈ،پائیدھونی ، میمن واڑہ ،کامبیکر اسٹریٹ اور دیگر علاقوں میں گزشتہ ایک مہینے سے پانی سپلائی متاثر ہے جس سے مکینوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔یہاں ڈیڑھ گھنٹے کے بجائے صرف ۱۵؍سے ۲۰؍منٹ وہ بھی کم دبائو سے پانی آ رہا ہے ۔ لوگ ٹینکر کا پانی منگوانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ بی وارڈ کے ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے مطابق بائیکلہ پر واقع بھنڈارہ ریزروائرپرپانی کا ان پُٹ کم ہونے سےیہ مسئلہ ہو رہا ہےجس کے حل کیلئے ضروری کارروائی جاری ہے۔ اُمیدہےکہ جلد اس مسئلہ کو حل کرلیاجائےگا۔
محمدعلی روڈ ، مینارہ مسجد کےقریب واقع دادا مینشن کے عبدالصمد مرچنٹ نے بتایا کہ’’ گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی سپلائی متاثر ہے ۔ ڈیڑھ گھنٹے کے بجائے صرف ۱۵؍سے ۲۰؍ منٹ پانی آتا ہے، اس میں بھی ۵؍سے ۷؍منٹ آلودہ پانی آتا ہے۔ پانی کا دبائو کم ہونے سے برائے نام پانی مل رہا ہے جس کی وجہ سے ہم اپنی ضروریات کیلئے ۲، ۳؍ دن کے وقفہ پر واٹر ٹینکر منگواتے ہیں ۔ پانی کی کمی کے علاوہ گٹر کا بھی مسئلہ ہے ۔ گٹریں جام ہونے سے نالے کاگندہ پانی ،پینے کے پانی کی لائن سےمل جاتاہے جس کی وجہ سے آلودہ پانی آ رہا ہے۔ بی ایم سی سےمتعدد مرتبہ شکایت کرنے کے باوجودیہ مسئلے حل نہیں کیا گیا ہے ۔‘‘
ابراہیم مرچنٹ روڈ پر واقع فینسی محل کے محمد ابراہیم پٹیل کے مطابق ’’ پانی کا دبائو کم ہونے سے ہماری بلڈنگ کے علاوہ اطراف کےمحلوں کی عمارتوں میں بھی پانی سپلائی متاثر ہے جس کی وجہ سے لوگ ٹینکرمنگوانے پر مجبور ہیں ۔کچھ ایسے بھی لوگ ہیں جو ٹینکر کا خر چ برداشت نہیں کرسکتے ،وہ اپنے رشتے داروں کے گھروں پر جا کر اپنی ضروریات پوری کر رہے ہیں ۔بی ایم سی سے شکایت کرنےکے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوسکاہے نہ ہی بی ایم سی ٹینکر کی سہولت مہیا کر رہی ہے ۔‘‘
کامبیکر اسٹریٹ کی راجکوٹ والا بلڈنگ کے شیخ ساجد حسین نے بتایا کہ ’’پانی سپلائی کم ہونے کی شکایت ہم گزشتہ ایک مہینے سے کر ر ہے ہیں لیکن بی ایم سی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ زیادہ دبائو ڈالنے پر صرف آتے ہیں ، ادھر اُدھر گڑھا کھودتے ہیں پھر اسے بندکر کے چلے جاتے ہیں۔ میں نے ۲؍مرتبہ علی الصباح ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروںکو لاکر انہیں حالات کی سنگینی سے آگاہ بھی کیا ،اس کے باوجود کوئی حل نہیں نکل سکا ہے ۔ پانی نہ ملنے سے مجبوراً ایک دودن پر چھوٹا ٹینکر منگواتےہیں ۔‘‘
مقامی سماجی کارکن امین پاریکھ نے اس تعلق سے بتایاکہ ’’ رکن اسمبلی امین پٹیل کی سربراہی میں اس تعلق سے ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے افسران سے میٹنگ ہوچکی ہے۔ افسران کا کہناہے کہ بائیکلہ پرواقع بھنڈارہ ریزروائرجہاں سے ہمارے علاقے میں پانی سپلائی کیا جاتا ہے ، میں پانی کا ذخیرہ کم ہونے سے یہ مسئلہ ہو رہا ہے ۔ اس کے حل کیلئے مذکورہ محکمہ کارروائی کررہاہے،لیکن ایک مہینے سے زیادہ کا وقت گزرچکا ہے ، اس کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے ۔ ہمارے علاقےمیں صبح ۵؍بجے سے ساڑھے ۶؍ بجے کے درمیان پانی سپلائی کیاجاتاہےلیکن ان دنوں صرف ۱۵؍منٹ پانی آرہاہے،جس سے مکین پانی کی قلت سے پریشان ہیں ۔‘‘
بی وارڈ کے ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے افسر شبھم سے اس بارے میں استفسار کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’ اس تعلق سے جمعرات کو ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کی سینٹرل ایجنسی کے افسران سے ہماری میٹنگ ہوئی ہے ۔ اس مسئلہ کو جلدحل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔‘‘