• Sat, 13 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

قدیم ایلفسٹن بریج گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا

Updated: September 12, 2025, 11:01 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

حاجی نورانی بلڈنگ اور لکشمی نواس کے مکینوں کو مہاڈا کی عمارتوں میں متبادل مکان دینے کی یقین دہانی پرمخالفت ختم۔ دیگر ۱۷؍ عمارتوں کے مکین بھی بازآبادکاری کے خواہشمند

A sign announcing the closure of Elphinstone Bridge is visible.
ایلفنسٹن بریج بند کرنے کا بورڈ نظر آرہا ہے۔(تصویر:آشیش راجے)

 پربھا دیوی اور پریل کو جوڑنے والے  قدیم  ایلفسٹن بریج کو منہدم کرنے کیلئے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ اس بریج کو ایک روز قبل ہی بند کیا جانا تھا لیکن اس پروجیکٹ کی زد میں آنے  والی عمارتوں کے مکینوں کی شدیدمخالفت کے سبب اس میں ایک دن کی تاخیر ہوگئی۔
 واضح رہے کہ تقریباً ۱۲۵؍ برس پرانے اس پل کی جگہ جو نیا بریج تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، اس کے تحت ابتداء میں بریج کے قریب واقع ۱۹؍ عمارتوں کو منہدم کیا جانا تھا۔ تاہم بعد میں اس کا نیا ڈیزائن تیار کیا گیا جس کے تحت اب نئے بریج کی تعمیر کیلئے یہاں واقع صرف دو ہی عمارتیں منہدم کی جائیں گی جن کے نام حاجی نورانی چال اور لکشمی نواس ہیں۔ ان دونوں عمارتوں کے مکینوں کا مطالبہ تھا کہ ان کی اسی علاقے میں بازآبادکاری کی جائے لیکن حکومت کی جانب سے انہیں کوئی تسلی بخش جواب دیئے بغیر ہی بدھ کو بریج بند کرنے کا نوٹس چسپاں کردیا گیا تھا۔ حکومت سے متبادل جگہ کے تعلق سے کسی قسم کی یقین دہانی نہ کرائے جانے کی وجہ سے ان دونوں عمارتوں کے مکین بریج بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے بھوئیواڑہ پولیس اسٹیشن پر احتجاجاً جمع ہوگئے تھے۔اس دوران نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ’مہاراشٹر ہائوسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (مہاڈا)‘ کو ہدایت جاری کی تھی کہ ان دونوں عمارتوں کےمکینوں کو قریب کے علاقوں میں متبادل جگہ دی جائے۔ اس ہدایت کے بعد ان مکینوں نے مخالفت بند کردی جس کی وجہ سے جمعہ کی رات کو ایلفنسٹن بریج بند کردیا گیا ہے۔
 اس سلسلے میں جب اس نمائندے نے حاجی نورانی چال کے رہنے والے سہاس بڑدے سے گفتگو کی تو انہوں نے کہا کہ ’’میں نے سنا ہے کہ حاجی نورانی چال کے لوگوں کو متبادل جگہ کیلئے تحریری یقین دہانی کرائی گئی ہے لیکن مہاڈا کی تاریخ رہی ہے کہ نسلیں گزر جاتی ہیں اور مہاڈا کا کام نہیں ہوتا اس لئے ہمیں کہیں نہ کہیں خوف لاحق ہے کہ پتہ نہیں کیا ہوگا۔ ہمیں اسی وقت یقین آئے گا کہ جب ہمیں متبادل جگہ کا قبضہ دے دیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’لکشمی نواس میں ۶۰؍ اور حاجی نورانی چال میں (۲۳) یعنی کُل ۸۳؍ مکانات ہیں اور لال باغ، کالا چوکی، ہند ماتا اور دادر مشرق اور مغرب میں مختلف عمارتوں میں مہاڈا کے پاس ۹۰؍ مکانات دستیاب ہیں۔ اس لئے امید ہے کہ متبادل گھر مل جائیں گے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ان دونوں بلڈنگوں میں جو کمرشیل جگہیں ہیں، انہیں رہائشی مکان لینے کو کہا گیا ہے تو پتہ نہیں، وہ ان کی بات کس حد تک قبول کریں گے۔‘‘
 ایک اور مکین نے کہا کہ’’ اگرچہ موجودہ پروجیکٹ میں براہِ راست صرف ۲؍ عمارتیں متاثر ہورہی ہیں لیکن جو دیگر ۱۷؍ بلڈنگیں ہیں،  وہ بھی ۱۰۰، ۱۰۰؍ سال پرانی ہیں۔ اس وجہ سے مہاڈا ان کی مرمت کیلئے فنڈ نہیں دیتا اور بریج کی تعمیر کے دوران ان عمارتوں میں دراڑیں وغیرہ پڑنے کا خدشہ ہے۔ انہیں یہ بھی خوف ہے کہ بریج تعمیر ہوجانے کے بعد شاید کوئی بلڈر ان کی از سر نو تعمیر میںدلچسپی نہ لے۔ اس لئے ان ۱۷؍ عمارتوں کےمکین بھی مطالبہ کررہے ہیں کہ انہیں بھی متبادل جگہ فراہم کی جائے۔
 اس تعلق سے چند سیاستداں جمعہ کی شب آکر ان لوگوں سے میٹنگ کرنے والے تھے۔ 
پروجیکٹ کیا ہے؟
 ’سیوڑی-ورلی ایلیویٹڈروڈ‘ پروجیکٹ کے تحت ایلفسٹن بریج کو منہدم کرکے اس کی جگہ ایک ۱۳۲؍ میٹر طویل ’ڈبل ڈیکر‘ بریج تعمیر کیاجائے گا۔ یہ بریج ’ممبئی ٹرانس ہاربر لنک(اٹل سیتو)‘  اور ’باندرہ- ورلی سی لنک‘ کے درمیان مشرقی اور مغربی راستے کو جوڑنے میں اہم کردار اداکرے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK