سلنڈر کی قلت کی افواہ کے سبب افراتفری کا عالم ، انتظامیہ نے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی تلقین کی، ضروری اقدامات کی یقین دہانی
EPAPER
Updated: March 11, 2026, 11:42 PM IST | Malegaon
سلنڈر کی قلت کی افواہ کے سبب افراتفری کا عالم ، انتظامیہ نے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی تلقین کی، ضروری اقدامات کی یقین دہانی
بالآخر مالیگائوں میں رسوئی گیس کی قلّت کی افواہ اپنا کام کر ہی گئی۔گیس تقسیم کار ایجنسیوں کے گوداموں کے باہر صارفین کی لمبی قطاریں لگ رہی ہیں۔دیکھنے والوں کے مطابق گیس سلنڈر لینے کیلئے جیسا افراتفری کا عالم ہے اس سے قبل ایسا منظر نہیں دیکھا گیا۔سرکاری سطح پر یہ دعویٰ تھا کہ کمرشیل سلنڈر کی سپلائی میں کمی کی جارہی ہے تا کہ گھریلو استعمال کیلئے رسوئی گیس کم نہ پڑے لیکن اس دعوے کی قلعی گیس ایجنسیوں کے گوداموں کے باہر صارفین کی لمبی قطاروں نے کھول کر رکھ دی ہیں۔ سرکاری سطح پر گیس کے ذخیرے کے خاتمے کی بات کو افواہ قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
گوداموں کے باہر روزے داروں کی قطاریں
مالیگاؤں میں واقع دیپک گیس ایجنسی سے بھارت پیٹرولیم کمپنی کے سلنڈرسپلائی کئے جاتے ہیں۔ ایجنسی کے آفس کے باہر ایک تختی لگائی گئی ہے۔اس پر لکھا ہے کمپنی کی طرف سے سلنڈر کا کوٹہ نہ ملنے سے صارفین کو سلنڈر نہیں دیئےجارہے ہیں۔کوٹہ ملنے کے بعد سلنڈر سپلائی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ مقامی باشندے مجاہد الاسلام نے کہا کہ یہاں پر صارفین کی بھیڑ قابلِ دید ہے۔ایک سلنڈر لینے کیلئے لوگ ایک دوسرے پر ٹوٹے پڑرہے ہیں۔دھکا مکی ، تُوتُو مَیں مَیں اور تکرار کے واقعات بھی ہورہے ہیں۔
کلکٹرکےحوالے سے سیما آہیرے کا بیان
رسوئی گیس کے سلنڈرکی عدم دستیابی پر انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے سیما آہیرے ( ڈی ایس او ، مالیگاؤں تحصیل) نے کہا کہ کلکٹر آیوش پرساد نے اس مسئلے پر ایک میٹنگ طلب کی ہے۔کلکٹر کے حوالے سے سیما نے کہا کہ رسوئی گیس کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔ افواہوں پر دھیان نہ دیں۔
ریاستی وزیرخوراک ورسد کو باخبر کیا گیا
ماہِ رمضان المبارک میں رسوئی گیس کے ذخیرے کے خاتمے کی افواہوں کے زور پکڑنے کے بعد پیدا صورتحال سے باخبر کرنے نیز اس مسئلے پر استفسار کیلئے نمائندہ انقلاب نے ریاست کے کابینی وزیر برائے خوراک ورسدچھگن بھجبل سے اُن کے حلقہ انتخاب ایولہ کے رابطہ دفتر میں گفت وشنید کی۔یہاں موجود اہلکار نے کہا کہ وہ اس مسئلے پر فوری طور سے ’صاحب‘ کو تفصیل دے رہے ہیں۔کچھ دیر بعد یہ کہا کہ اس معاملے میں چیف منسٹر دیویندر فرنویس سے بات ہوئی ہے ۔واضح رہے کہ غیر مصدقہ اطلاع یہ موصول ہوئی ہے کہ وزیرخوراک اور کلکٹرآیوش پرساد کے درمیان بھی تبادلہ خیال ہواہے۔
واضح رہے کہ ناسک کے منماڑ میں واقع پانے واڑی ڈپو میں انڈین آئیل اینڈ گیس کا پلانٹ واقع ہے۔یہاں سے گیس سلنڈروں میں گیس رِیفلنگ کی جاتی ہے۔ناسک ڈیویژن کے احمد نگر، نندور بار، ناسک،جلگاؤں اور دھولیہ اِن پانچ ضلعوں کے علاوہ تھانے ضلع و مضافاتِ ممبئی میں رسوئی گیس کی سپلائی کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ ایسی صورت حال ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کئی طرح کے کاروبار گیس سلنڈر کی قلت کے سبب متاثر ہو رہے ہیں بلکہ بعض لوگوں نے اپنے کاروبار کو کم یا بندکرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ حالانکہ حکومت ’مناسب اقدام‘ کی یقین دہانی کروا رہی ہے۔