مالیگاؤں میں درجہ حرارت ۴۳؍ ڈگری اورودربھ کے کئی علاقوں میں ۴۵؍ ڈگری کے پار۔ شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل ۔
EPAPER
Updated: April 27, 2026, 10:42 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
مالیگاؤں میں درجہ حرارت ۴۳؍ ڈگری اورودربھ کے کئی علاقوں میں ۴۵؍ ڈگری کے پار۔ شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل ۔
مہاراشٹر کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر محکمہ موسمیات نےگرم لہر( ہیٹ ویو) کا الرٹ جاری کیا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آئندہ ۲؍ دن کے دوران کوکن خطے میں گرمی اور بارش دونوں طرح کے حالات ایک ساتھ ہو سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق ریاست میں ہوا کے دباؤ میں تبدیلی اور طوفان جیسے پیٹرن کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے جس کا خاص اثر ساحلی علاقوں پر پڑنے کا امکان ہے۔ ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں درجہ حرارت پہلے ہی تقریباً ۴۱؍ ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے اور آئندہ دنوں میں بھی اسی طرح کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت ۴۰؍ سے ۴۵؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس کے باعث عوامی صحت پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق یکم مارچ سے ۲۰؍ اپریل کے درمیان ہیٹ اسٹروک کے ۳۹؍ معاملات درج کئے گئے ہیں جبکہ شولاپور میں ایک مشتبہ موت کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔
مالیگاؤں میں سڑکیں سنسان، راستے ویران
اِس وقت مالیگاؤں کو شمالی مہاراشٹر کے خطے میں گرم ترین شہر قرار دیا جارہاہے۔ یہاں پر گزشتہ پندرہ دن سے درجہ حرارت ۴۰؍ ڈگر سیلسیس اور اس سے زائد ہے۔ محکمہ موسمیات سے جاری معلومات کے مطابق ۱۱؍اپریل کو مالیگاؤں کا درجہ حرارت ۴۱؍ ڈگری سیلسیس تھا۔ اس میں کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ ۲۱؍سے۲۵؍اپریل کے درمیان درجہ حرارت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔ اس دوران ۴۳؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۲؍ ڈگری زیادہ ہے۔ ۲۰۲۵ء میں انہی ایام میں درجہ حرارت ۴۱؍ ڈگر ی سیلسیئس تھا۔
یہ بھی پڑھئے: دُنیا کے۱۰۰؍ گرم ترین شہروں میں سے ۹۸؍ ہندوستان میں ہیں
گرمی بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں کو جوڑنے والی اہم سڑکیں دوپہر سے شام تک سنسان اور راستے ویران نظر آرہے ہیں۔ راہگیروں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ دھوپ کی شدت سے بچے رہنے کیلئے لوگ گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن اور سامانیہ رُگنالیہ کی جانب سے خصوصی طبّی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بہتر انتظامات کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ سامانیہ رُگنالیہ میں پورا ایک وارڈ مختص ہے۔ اس وارڈ میں لُو، دھوپ اور اس سے متاثرین اور مریضوں کیلئے طبّی امداد دی جارہی ہے۔ ڈاکٹر جتیندر ڈولارے (ہیلتھ آفیسر) نے بتایا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ بلا ضرورت شدت کی دھوپ میں گھروں سے باہر قطعی نہ نکلیں۔ قے، دست اور دوسری تکالیف ہونے پر سرکاری اسپتال سے رجوع ہوں۔
ودربھ میں گرمی کی شدید لہر
خاص طور پر ودربھ میں گرمی کی شدید لہر جا ری ہے۔ یہاں کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت ۴۲ ؍سے ۴۵ ؍ ڈگری تک جا پہنچا ہے۔ ودربھ کے ۲؍ اضلاع اکولہ اور امراوتی میں ریکارڈ توڑ درجہ حرارت درج کیا گیا ہے۔ ان دونوں اضلاع میں درجہ حرارت ۴۵ء۶ ؍ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ بھنڈارہ میں بھی ۴۴ ؍ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بلڈانہ شہر ایک ٹھنڈی جگہ کے طور پر جانا جاتا تھا لیکن ۶۸ ؍سال کے بعد یہاں کا بھی درجہ حرارت ۴۲ء۲ ؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل ۲۳ ؍مئی ۱۹۵۴ء اور ۲۵ ؍اپریل ۱۹۵۸ کو ۴۲ء۲ ؍ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ صبح سے ہی شدید گرمی نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ شدید گرمی سے کئی مقامات پر شہریوں اور جنگلی جانوروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور دوپہر ۱۲؍بجے کے بعد کئی علاقوں کی سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں۔
ودربھ کے اہم شہروں میں درجہ حرارت
اکولہ : ۴۵ء۶، امراوتی: ۴۵ء۶، بھنڈارہ : ۴۴، بلڈانہ :۴۲ء۲؍ چندر پور:۴۴ء۲، گڈچرولی : ۴۳ء۶، گوندیا : ۴۳ء۶، ناگپور:۴۴ء۲، ایوت محل: ۴۳، وردھا:۴۵ء۵، واشم :۴۳۔