Updated: July 07, 2025, 10:00 PM IST
| Mumbai
مشہور فیشن برانڈ لوئی ویتون نے ہندوستانی آٹو رکشا کی شکل کا بیگ ڈیزائن کیا ہے جو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ اس بیگ کی قیمت ۳۵؍ لاکھ روپے ہے۔ صارفین نے کمینٹس میں سوال کیا کہ ’’ لوئی ویتون کے آٹو رکشا کے ڈیزائن والے بیگ کی قیمت زیادہ ہے یا حقیقی آٹو رکشا کی۔‘‘ لوئی ویتون کے آٹو رکشا بیگ کی قیمت ۳۵؍ لاکھ روپے ہے جبکہ آٹو رکشا کی قیمت تقریباً۲ء ۵؍ لاکھ روپے ہے۔
لگژری برانڈ پراڈا کے پیرس، فرانس میں ہونے والے مینس ۲۰۲۶ء اسپرنگ سمر شو میں ہندوستانی کولہاپوری چپلوں کی نمائش کے بعد اب لوئی ویتون نے ہندوستانی رکشا جیسا ’’ آٹو رکشا بیگ‘‘ لانچ کیا ہے۔ کمپنی نے اپنے مینس اسپرنگ سمر ۲۰۲۶ء کے کلیکشن میں آٹو رکشا کے ڈیزائن کا ہینڈ بیگ لانچ کیا۔ مشہور فیشن کریئٹر ’’ڈائٹ پراٹھا‘‘ نے اپنے انسٹاگرام پر اس بیگ کی تصاویر شیئر کی ہیں جنکے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین میں بحث چھڑ گئی کہ مشہور لگژری فیشن برانڈز ہندوستان سے اس درجہ متاثر نظر آتے ہیں کہ آٹو رکشا کو بھی نہیں چھوڑا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’پراڈا اور کولہاپوری چپلوں کا تنازع ابھی حل بھی نہیں ہوا ہے کہ اب لوئی ویتون آٹو رکشا بیگ کے ساتھ مارکیٹ میں آگیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: جمعیت متنازع فلم ’’ادئے پور فائلز‘‘ کی ریلیز پر پابندی لگانے کیلئے عدالت سے رجوع
ایک دوسرے صارف نے بیگ کی قیمت پر اظہار خیال کیا کہ ’’اس کی قیمت ۳۵؍ لاکھ روپے ہے جبکہ اصل رکشا ڈھائی لاکھ روپے میں آجاتا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ یہ بیگ فیریل ولیمس کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے جس نے اپنے منفرد ڈیزائن کی وجہ سے فوری طور پر صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ قبل ازیں لوئی ویتون نے جہاز، ڈولفن اور جھینگے کی شکل والے بھی بیگ بنائے ہیں۔