• Sat, 13 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فل سالٹ کی تاریخی بلے بازی، انگلینڈ کی شاندار فتح

Updated: September 13, 2025, 5:54 PM IST | Manchester

جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کا مقابلہ ایک تاریخی اور ریکارڈ توڑ مقابلے میں تبدیل ہو گیا، جہاں چوکوں اور چھکوں کی بارش ہوئی، کئی ناقابلِ فراموش لمحے رقم ہوئے اور ریکارڈز کا سلسلہ مسلسل ٹوٹتا رہا۔

Jose Buttler And Phil Salt.Photo:INN
جوس بٹلر اور فل سالٹ۔ تصویر:آئی این این

جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کا مقابلہ ایک تاریخی اور ریکارڈ توڑ مقابلے میں تبدیل ہو گیا، جہاں چوکوں اور چھکوں کی بارش ہوئی، کئی ناقابلِ فراموش لمحے رقم ہوئے اور ریکارڈز کا سلسلہ مسلسل ٹوٹتا رہا۔

میزبان ٹیم نے جمعہ کی رات ۲؍ وکٹ  کے نقصان پر ۳۰۴؍ رن بنائے جو کہ مردوں کے ٹی۲۰؍ بین الاقوامی مقابلوں میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے اور ساتھ ہی انگلینڈ کا بھی بہترین ٹی ۲۰؍اسکور ہے۔ مردوں کے ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ تیسرا موقع تھا جب کسی ٹیم نے۳۰۰؍ رن کا ہندسہ عبور کیا۔ اس سے قبل زمبابوے نے اکتوبر ۲۰۲۴ء میں گامبیا کے خلاف ۴؍وکٹ پر ۳۴۴؍رن  کا ریکارڈ اسکور بنایا تھا۔ اس کے بعد نیپال نے ستمبر۲۰۲۳ء میں منگولیا کے خلاف ۳؍وکٹ پر ۳۱۴؍رن  بنائے تھے۔  آئی سی سی کے مکمل رکن ٹیموں کی بات کی جائے تو انگلینڈ نے اکتوبر۲۰۲۴ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان کے ۶؍وکٹ پر ۲۹۷؍رن  کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا۔

 

فل سالٹ اور جوس بٹلر نے شاندار اوپننگ شراکت کے ساتھ ابتدا ہی سے جنوبی افریقی گیند بازوں کی اچھی خبر لی۔ انگلینڈ نے پاور پلے میں ہی۱۰۰؍ رن  مکمل کر لیے، جب کہ اوپننگ جوڑی نے صرف ۴۷؍ گیندوں پر۱۲۶؍ رن  جوڑے۔ سالٹ نے اپنے کریئر کی یادگار اننگز کھیلتے ہوئے صرف۶۰؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۱۴۱؍ رن بنائے جو کہ ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میں کسی انگلش بلے باز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:ایشیاکپ: پاکستان نے عمان کو ۹۳؍رن سے روند دیا

ان کی سنچری صرف۳۹؍ گیندوں میں مکمل ہوئی، جو کسی انگلش بلے باز کی جانب سے اب تک کی تیز ترین سنچری ہے اور انہوں نے۲۰۲۱ء میں پاکستان کے خلاف لیام لیونگ اسٹون کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔۲۹؍ سالہ سالٹ کی ٹی۲۰؍ بین الاقوامی سنچریوں کی تعداد اب ۴؍ ہو گئی ہے، جس سے وہ سوریا کمار یادو کے ساتھ آ کھڑے ہوئے ہیں  جب کہ میکسویل اور روہت شرما ۵۔۵؍ سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ جوس بٹلر نے بھی۱۸؍ گیندوں پر نصف سنچری بنا کر زبردست کردار ادا کیا جو کہ ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میں انگلینڈ کی جانب سے تیسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔
اتنے مشکل ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے پاس ابتدا سے ہی جارحانہ بلے بازی کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، لیکن ان کی اننگز۱۵۸؍رن  پر سمٹ گئی۔ نتیجے کے طور پر انگلینڈ نے سیریز۱۔۱؍ سے برابر کر دی۔ آئی سی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق فیصلہ کن مقابلہ اتوار۱۴؍ ستمبر کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK