• Fri, 25 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میکلمور کا ’فری فلسطین ٹور‘ کا اعلان

Updated: September 25, 2026, 4:10 PM IST | Los Angeles

امریکی ریپر نے ڈبلن، پیرس اور لندن میں اکتوبر کے آخر میں کنسرٹس کا اعلان کیا، ٹور کی تمام آمدنی فلسطینیوں کی حمایت کرنے والے اداروں کو دینے کا فیصلہ۔

Macklemore. Picture: INN
میکلمور۔ تصویر: آئی این این

امریکی ریپر میکلمور نے ایڈ شیرن کے میوزک ٹور سے الگ کیے جانے کے بعد ’’فری فلسطین‘‘ کے نام سے اپنے نئے کنسرٹ ٹور کا اعلان کردیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ۲۶؍ اکتوبر کو ڈبلن، ۲۹؍ اکتوبر کو پیرس اور ۳۰؍ اکتوبر کو لندن میں کنسرٹس ہوں گے، جبکہ امریکہ سمیت مزید شہروں میں پروگراموں اور دیگر فنکاروں کی شرکت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ٹور کی تمام آمدنی فلسطینیوں کو طبی، انسانی امداد، تعلیم اور دیگر شعبوں میں مدد فراہم کرنے والے اداروں کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔میکلمور نے سوشل میڈیا پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعات نے انہیں اپنے طور پر یہ پروگرام شروع کرنے کی طرف مائل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے فنکاروں سے رابطے میں ہیں جنہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنے اسٹیج کا استعمال کیا ہے۔ ان کے مطابق ٹور کی تیاری تیزی سے ہوئی ہے، اس لیے فنکاروں، پروگراموں اور دیگر تفصیلات پر کام ابھی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ناگ زیلا‘‘ کے بعد کرن جوہر کی نئی فینٹسی ہارر فلم’’وش کنیا‘ ‘ میں پرتیبھا رنتااہم رول میں


اس ٹور کے پہلے ۳؍ پروگرام بالترتیب ڈبلن کے 3Arena، پیرس کے Accor Arena اور لندن کے OVO Arena Wembley میں ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق مزید یورپی اور امریکی تاریخوں کا اعلان آئندہ ہفتوں میں کیا جائے گا۔ ’’میکلمور اینڈ فرینڈز‘‘ کے نام سے ہونے والے پروگراموں میں شریک دیگر فنکاروں کے نام بھی ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔ ٹور کی آمدنی سے فائدہ اٹھانے والے اداروں میں Anera، Glia، Gaza Soup Kitchen، Taawon، HEAL Palestine، Palestinian Youth Movement، Middle East Children’s Alliance، Jewish Voice for Peace، Medical Aid for Palestinians، Institute for Middle East Understanding، Palestine Children’s Relief Fund اور UNRWA USA شامل ہیں۔ ان اداروں کا کام طبی امداد، انسانی بہبود، تعلیم، کمیونٹی سپورٹ اور فلسطینیوں سے متعلق مختلف امدادی و سماجی سرگرمیوں پر مشتمل ہے۔
میکلمور کا یہ اعلان ایڈ شیرن کے امریکی ٹور سے انہیں الگ کیے جانے کے تقریباً ۱۰؍ دن بعد سامنے آیا ہے۔ میکلمور نے 4 ستمبر کو نیو جرسی کے MetLife Stadium میں پرفارم کرتے ہوئے فلسطینیوں کی حمایت میں بات کی اور ’’فری فلسطین‘‘ کا نعرہ بھی لگایا تھا۔ اس کے بعد انہیں شیرن کے امریکی ٹور کی باقی ماندہ تاریخوں سے ہٹا دیا گیا۔ وہ مزید ۸؍ پروگراموں میں بطور معاون فنکار پرفارم کرنے والے تھے۔ اس فیصلے کے بارے میں ٹور کے امریکی پروموٹر Messina Touring Group نے کہا تھا کہ آئندہ پروگراموں کی میزبانی کرنے والے مقامات نے اطلاع دی تھی کہ وہ میکلمور کی موجودگی میں کنسرٹ منعقد نہیں کریں گے۔ پروموٹر کے مطابق متعلقہ فریقوں سے بات چیت کے بعد میکلمور کو باقی پروگراموں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایڈ شیرن نے بعد میں کہا کہ یہ فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ نہیں تھا بلکہ مقامات اور پروموٹر کی جانب سے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ میں رنبیر کپور کا خون آلود فرسٹ لُک جاری، بھنسالی نے تجسس بڑھایا

تنازع کے دوران ایڈ شیرن نے بھی غزہ کی صورتحال پر اپنا موقف بیان کیا۔ ۱۹؍ ستمبر کو فلاڈیلفیا میں ایک کنسرٹ کے دوران انہوں نے غزہ کی صورتحال کو ’’تباہ کن، ناقابل جواز اور غیر متناسب‘‘ قرار دیا، تاہم ساتھ ہی کہا کہ وہ اپنے کنسرٹس کو اتحاد اور موسیقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ میکلمور نے اس سے قبل بھی فلسطینیوں کی حمایت میں موسیقی اور مالی امداد کا استعمال کیا ہے۔ ۲۰۲۴ء میں انہوں نے ’’Hind’s Hall‘‘ نامی گانا جاری کیا تھا، جس کا نام غزہ میں ہلاک ہونے والی فلسطینی بچی ہند رجب کے نام پر رکھا گیا تھا۔ گانے سے حاصل ہونے والی آمدنی اور بعد میں اس کی اسٹریمنگ رائلٹی فلسطینی امدادی سرگرمیوں کے لیے دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ UNRWA USA کے مطابق ان رائلٹی سے اب تک ۵۰۹۰۰۰؍ ڈالر سے زیادہ کی مدد حاصل ہوچکی ہے۔
ایڈ شیرن کے ٹور سے الگ کیے جانے کے بعد میکلمور نے اس ٹور سے اپنی خالص آمدنی میں سے ایک ملین ڈالر فلسطینی امدادی اداروں کو دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔ اس معاملے پر مختلف فنکاروں اور دیگر شخصیات کی جانب سے بھی عطیات کا اعلان سامنے آیا۔ تنازع کے دوران شیرن نے بھی خطے میں امداد کے لیے ۲؍ ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا، جبکہ رابرٹ کرافٹ نے اس عطیے کے برابر رقم دینے کی اپیل کا ذکر کیا۔ میکلمور کے نئے ٹور کا اعلان اسی سلسلے کی نئی پیش رفت ہے، تاہم اس بار پروگرام براہ راست فلسطین کے نام سے منسوب کیے گئے ہیں اور آمدنی پہلے ہی مختلف فلسطینی امدادی اور متعلقہ اداروں کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈبلن پروگرام کے ٹکٹ ۳۰؍ ستمبر سے عام فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ فنکار کے لیے ابتدائی فروخت ۲۸؍ ستمبر سے شروع ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK