Inquilab Logo

مدنپورہ :سانکلی اسٹریٹ کے گودام اور کارخانہ میں بھیانک آتشزدگی

Updated: November 16, 2023, 8:58 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

کروڑوں کا سامان خاکستر ۔ ۲؍ خواتین سمیت۵؍ افراد کوبچالیاگیا۔ سلنڈر دھماکہ کے بعداطراف کے مکینوں کواحتیاطاً ہٹادیا گیا ۔ فائربریگیڈ نے کافی مشقت کے بعدآگ پر قابو پالیا

Firemen are trying to control the fire in the warehouse and factory. (Photo: Shadab Khan)
فائرمین گودام اورکارخانہ میں لگی آگ پرقابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ (تصویر:شاداب خان)

 یہاں سانکلی اسٹریٹ کے جبلی کمپاؤنڈ اور گروارے کمپنی کے گودام سے متصل گراؤنڈ پلس ۳؍ منزلہ گودام اور کارخانہ میںبدھ کی صبح اچانک آگ لگ گئی  ۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن کروڑوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ نے وہاں پہنچ کرکافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اس دوران ۵؍ افراد کو بچایا گیا جن میں سے ۲؍ خواتین ہیں۔آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔   احتیاطاً آس پاس کے مکینو ںکو عارضی طور پر مکان خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ 
    جبلی کمپاؤنڈ سے متصل گودام اور کار خانہ میں لگنے والی آگ سے متعلق عینی شاہد الطاف خان اور شبیر بھائی نے بتایا کہ گودام اور کا خانہ میں پرس، جوتے ، لیڈیز بیگ  اور ٹراویل بیگ کوذخیرہ کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں موجود یونٹوں میں مذکورہ سامان بنایا بھی جاتا ہے۔ چونکہ مچان لکڑیوں سے  بنا یا گیا ہے ، اس لئے جب اچانک آگ لگی تووہاں رہنے والے مزدورگھبرا گئے اور بجائے ایک کمرے میں لگی آگ پر قابو پانے کے جان بچا کر بھاگنے لگے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ۱۰۰؍ سے زیادہ لوگ اس میں کام کرتے ہیں اور جب یہ حادثہ پیش آیا ، وہ سب سورہے تھے ۔انہوںنے مزیدبتایا کہ نیپال ، اتر پردیش اور بہار سے تعلق رکھنے والے مزدوراس میں کام بھی کرتے ہیں اور رہتے بھی ہیں ۔حادثہ کی خبر سے گھبرا کر بھاگنے کی وجہ سے آگ دیکھتے ہی دیکھتے پورے ۳؍ منزلہ گودام میں پھیل گئی  ۔ اسی درمیان فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی تھی ۔ تاہم فائربریگیڈ کے آنے سے قبل  تک  مقامی افراد کی مستعدی اور حاضری دماغی کے سبب آگ کو مزید پھیلنے سے نہ صرف روکا گیا بلکہ اس میں پھنس جانے والی ۲؍ خواتین سمیت ۵؍افراد کو بحفاظت نکال بھی لیاگیا ۔
  گودام میں  جوتا بنانے کا کام کرنے والے مزدور مستقیم شیخ نے بتایا کہ جب آگ لگی تو وہ سو رہے تھے ۔ آگ لگنےاور گیس سلنڈر میں دھماکہ ہونے کے سبب ان کی اور ان کے ساتھیوں کی آنکھ کھل گئی  ۔ لوگوں کا شور سن کر جب وہ کارخانہ سے باہر نکلے تو چاروں طرف دھواں پھیلا تھا اور سب ایک دوسرے کو جان بچا کر بھاگنے کو کہہ رہے تھے ۔غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق گراؤنڈفلور کے ایک کمرے   جو کسی شمیم نامی شخص کا کارخانہ بتایا گیا ہے ، میں آگ لگنے کی بات کہی جارہی ہے لیکن فائر بریگیڈ نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے ۔
  اس سلسلہ میں انقلاب سے بات چیت کے دوران   فائر بریگیڈ کے اسسٹنٹ ڈویژنل فائر آفیسر وشنو سانگلے نے بتایا کہ ’’ گودام اور کارخانہ میں جوتے ، چپل، سینڈل ،پرس اور بیگ ، اس کا میٹریل کے علاوہ الیکٹرک وائر بھی موجودتھا ، ایسا قیاس کیا جارہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہوگی لیکن اب تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔ ‘‘انہوںنے تین منزلہ گودام اور کار خانہ میں لگنے والی آگ  پھیلنے کی ایک وجہ گیس سلنڈر میں دھماکہ ہونا   بتایا ہے۔فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ا لبتہ کروڑوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ  ۸؍ فائر فائٹر  اور جمبو واٹر ٹینکر کی مدد سے ڈھائی سے تین گھنٹے میں آگ پر قابو پایا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK