Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان کے مہینے میںمدنپورہ کےعوام بجلی کی آنکھ مچولی سے پریشان

Updated: March 01, 2026, 2:45 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

رمضان المبارک کےآغاز کے ساتھ مدنپورہ، مورلینڈروڈ، رے روڈ اور اطراف کے علاقوںمیںمتواتر بجلی گل ہونےسے مکینوںکودشواری ہورہی ہے۔

A view of the power outage in Moreland Road. Photo: INN
مورلینڈ روڈ میں بجلی غائب ہونے کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

رمضان المبارک کےآغاز کے ساتھ مدنپورہ، مورلینڈروڈ، رے روڈ اور اطراف کے دیگر کچھ علاقوںمیںمتواتر بجلی سپلائی کےمتاثرہونے سے مکینوںکوپریشانی ہورہی ہے۔پہلے روزے کو عین تراویح کےوقت لائٹ گل ہونے سے ناریل واڑی قبرستان مسجد کے مصلیان نے اندھیرے اور گرمی میں تراویح پڑھی،اسی طرح مذکورہ علاقوںمیں روزانہ گھنٹوں لائٹ نہ ہونے سے افطاری اور سحری کے وقت روزہ داروں کوپریشانی ہورہی ہے۔بجلی نہ ہونے سےپانی بھرنےمیں دقت ہورہی ہے۔ مقامی کارپوریٹر کےمطابق رمضان میں دکانوں پر اضافی روشنی کرنے اور بی ایم سی کی طرف سے ان علاقوںمیں لگائی جانےوالی لائٹوں سے لوڈ بڑھ گیاہے جس سے یہ مسئلہ ہورہاہے۔

ناریل واڑی قبرستان مسجدمیں تراویح پڑھنے والے یاسین چشتی نے اس نمائندہ کوبتایاکہ ’’پہلے روزے کو عین تراویح کےوقت قبرستان اوراطراف کےعلاقوںکی بجلی گل ہونے سے مصلیان کوبڑی پریشانی ہوئی۔ مسجدمیں اندھیرااور لائوڈاسپیکر کے بندہونے سے تراویح پڑھنےمیں دقت ہوئی۔ مجبوراً مسجد کی پہلی منزل کےمصلیان کیلئے مسجد کے باہرکھلی جگہ پر تراویح پڑھنے کاانتظام کیاگیا۔ موبائل کے ٹارچ کی روشنی میں لوگوںنے تراویح پڑھی۔ تراویح ختم ہونےکےباوجود بجلی بحال نہیں ہوئی تھی جس سے مقامی افرادکوبڑی تکلیف ہوئی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ونچت بہوجن اگھاڑی کا ۲؍ مارچ کو سی ایس ایم ٹی کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان

مدنپورہ، بدلورنگاری اسٹریٹ کےمکین خالدشیخ نے انقلاب کو بتایاکہ ’’جس دن سے رمضان شروع ہواہے، بجلی کی آنکھ مچولی کاسلسلہ جاری ہے۔ جس سے عوام کوبڑی پریشانی ہو رہی ہے۔روزبروز گرمی بھی بڑھ رہی ہے، ایسے میں روزداروںکو خاص طورپر بجلی نہ ہونے سے پنکھا،کولر اور اے سی وغیرہ کےبند ہونے سےدقت ہورہی ہے۔ جمعہ کو دوپہرمیں ڈھائی بجے ہمارے محلہ کے علاوہ سانکلی اسٹریٹ اوراطراف کے دیگر محلوںکی بجلی کےغائب ہونے سے بڑی دشواری ہوئی۔ یہ تو اچھا ہواکہ عین افطار کے وقت بجلی بحال ہوگئی ورنہ اندھیرےمیں افطاری کرنی ہوتی۔‘‘

انہوںنےیہ بھی بتایاکہ ’’مدنپورہ کی جونی مسجد سےمتصل ایک الیکٹرک باکس کی حالت بہت خراب ہے۔ بی ای ایس ٹی اہلکاروںنےکئی جگہوںکے کیبل کو اس میں ٹھونس دیاہے، جس کی وجہ سےکئی کیبل باکس سے باہر جھول رہے ہیں۔ اس باکس کی وجہ سے راہگیروںکو بڑی تکلیف ہوتی ہے۔ حالانکہ جونی مسجد سے اس باکس کاتعلق نہیں ہےلیکن لوگ مسجد انتظامیہ سے اس کی شکایت کرتےہیں۔ بیسٹ حکام سے اپیل ہےکہ وہ اس مسئلہ کو بھی حل کرے۔‘‘ 

مورلینڈروڈ،نیانگرکے محمدشمیم منصوری کے مطابق’’تیسرے اور چوتھے روزےکی نصف شب تقریباً ساڑھے ۳؍بجے مورلینڈروڈ، مدنپورہ اورآگری پاڑہ کےکئی علاقوں کی بجلی گل ہونے سے ان علاقوںکے لوگوں کوسحری کےوقت بڑی مشکلوں کا سامنا کرناپڑا۔ گرمی میں بجلی کےغائب ہونےسے لوگوںکی نیند خراب ہوئی۔ لوگ اپنے گھر وں سے باہر نکل آئے۔ اندھیرے میں لوگوںنےبڑی مشکل سے سحری توکرلی لیکن پانی کی موٹروں کےبندہونے سے پانی بھرمیں دشواری ہوئی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: گارڈن اور میدانوں میں نشہ کے عادی افراد کے قبضہ کا مسئلہ اسمبلی میں گونجا

مقامی کارپوریٹر وقار خان سے اس بارےمیں استفسار کرنےپر انہوںنے بجلی غائب ہونےکا اعتراف کرتےہوئےکہاکہ ’’دراصل رمضان میں دکانوں پر اضافی روشنی کرنے اور بی ایم سی کی طرف سے مساجد کے قریب اور سڑکوںپر لگائی جانےوالی لائٹوں سے لوڈ بڑھ گیاہے جس سے یہ مسئلہ ہورہا ہے۔ مکینوں کے اصرارپر مساجد اور اہم علاقوںکے جنکشن اور سڑکوںپر اضافی روشنی کیلئے عارضی لائٹ لگائی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے لوڈ کافی بڑھ گیاہے۔ اس وجہ سے یہ مسئلہ ہورہاہے۔ مسئلہ پر قابو پانے کیلئے اضافی لائٹوںمیں سے گلی محلے کی لائٹوںکو نکالنا ہوگا۔اس کےباوجود میںنے متعلقہ حکام سے اس کی شکایت کی ہے۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK