Inquilab Logo

مالونی میں مدرسہ کے مہتمم اور مفتی بھی کورنا وائرس کی وجہ سے اسپتال داخل

Updated: April 11, 2020, 6:24 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

ان کی رہائش گاہ کے ساتھ پوری بلڈنگ کو سیٖل کر دیا گیا،۲؍دنوں میں ۲؍متاثرین ملنے سے سنسنی۔

Malwani`s building that has been sealed. Photo: INN
مالونی کی بلڈنگ جسے سیل کر دیا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

یہاں ایک مدرسہ کے مفتی اور مہتمم کے کورونا وائرس سے متاثرپائے جانے کے بعد انہیں جوگیشوری کے بی ایم سی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔کئی روز پہلے ان کے سینے میں درد ہوا تھا اور انھیں علاج کیلئے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ طبی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ کورونا کے مرض میں مبتلا ہیں ۔اس لئے ا ن کی رہائش گاہ اور بلڈنگ کو بی ایم سی اور پولیس اہلکاروں نے سیل کر دیاہے۔ ان کے بڑے بھائی نے بھی ان سے علاج وغیرہ کے دوران ملاقات کی تھی اس لئے ان کے ہاتھ میں بی ایم سی کے اہلکاروں نے اسٹیمپ لگا کر ۱۴؍ دنوں کیلئے کوارینٹائن کردیا ہے ۔ مفتی کے بھائی مولانا کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر اس دوران کوئی تکلیف ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ قائم کر یں ۔ مالونی کے گیٹ نمبر ۷؍ اعظمی نگر میں واقع ہمگری بلڈنگ میں رہنے والے مدرسہ کے مہتمم اور مفتی کو ہارٹ کی تکلیف کی وجہ سےکئی روز قبل آسکر اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا تھا ۔ مالونی میں مقیم ان کے بڑے بھائی نے بتایا کہ مہتمم صاحب کی بلڈنگ میں کسی وجہ سے کئی دنو ں تک لفٹ بند تھی جس کی وجہ سے وہ بلڈنگ کے ۵؍ویں منزلے تک صبح میں دودھ وغیرہ لینے کیلئے سیڑھیاں چڑھ کر آتے جاتے تھے ۔ 
  انھوں نے مزید بتایا کہ سینے میں درد اور اچانک طبیعت خراب ہونے پر انھیں اسپتال لے جایا گیا تو جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ ہارٹ کا معاملہ ہے ۔ اسی وجہ سے انھیں آسکر اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کردیا گیا تھا ۔ آسکر اسپتال میں بدھ کو ان کے خون کی جانچ کی گئی تو دوسرے ہی دن یہ کہہ کر آسکر اسپتال سے جوگیشوری کے میونسپل اسپتال ٹراما کیئر سینٹرمیں لے جاکر داخل کردیا گیا ہے۔ 
 ایک سوال کے جواب میں مہتمم کے بھائی کا کہنا ہے کہ مجھےبھائی کی اس رپورٹ پر شبہ ہے کیوں کہ میرے بھائی کی رپورٹ دوسرے دن ہی کس طرح آگئی جبکہ کورونا کی رپورٹ آنے میں ۴؍ دن لگتے ہیں ۔ اس کے علاوہ مہتمم صاحب بلڈنگ سے صبح دودھ لینے کے علاوہ نیچے اترتےہی نہیں تھے اور ان کی فیملی گاؤں میں ہے ۔اس کے بعد میری بھی انکوائری کی گئی۔ مجھ سے پوچھاگیا کہ کیا آپ لوگوں کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے اور آپ دہلی وغیرہ جاکر واپس آئے ہیں ۔ 
  مولانا کہنا ہے کہ ہمگری بلڈنگ کو پولیس اور بی ایم سی کے اہلکاروں نے سیٖل کردیا ہے ۔ میرے ہاتھ پر بھی بی ایم سی کے افسرنے اسٹیمپ لگاکر ہدایت دی ہے کہ ۱۴؍ دنوں تک باہر نہ نکلوں ۔ انھوں نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ اگر اس دوران طبیعت خراب ہوتی ہے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کروں یا پھر علاج کیلئے اسپتال جائیں ۔ یاد رہے کہ جمعرات کو ہی مہاڈا مالونی میں واقع ویشالی بلڈنگ میں بھی ایک شخص کے کورونا سے متاثر ہونے کے سبب بلڈنگ کو سیل کر دیا گیا ہے۔۲؍دنوں میں ۲؍مشتبہ مریض ملنے سےمالونی کے مکینوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK