Inquilab Logo

مدھیہ پردیش: بی جے پی کا۴۵۰؍ روپے میں گیس سلنڈر کا وعدہ

Updated: November 12, 2023, 9:26 AM IST | Agency | Bhopal

پارٹی کے انتخابی منشور میں اہم اعلان ، اس کے علاوہ بھی کئی بڑے وعدے ،غریب خاندانوں کی بچیوں کیلئے پوسٹ گریجویٹ تک مفت تعلیم کی یقین دہانی۔

JP Nadda, Shivraj Singh Chouhan and Ashwini Vishnu releasing the election manifesto. Photo: PTI
انتخابی منشور کا اجرا کرتے ہوئے جے پی نڈا، شیوراج سنگھ چوہان اوراشوینی ویشنو۔ تصویر : پی ٹی آئی

مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کیلئے حکمراں پارٹی بی جے پی نے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا۔ منشور میں بی جےپی نے کئی اہم اعلانات کئےہیں جن میں غریب گھرانوںسے تعلق رکھنے والی بچیوں کیلئے پوسٹ گریجویشن تک کی مفت تعلیم  اور ’لاڈلی بہنا‘ اور ’پی ایم اجول اسکیم ‘کی استفادہ کنندگان خواتین کو۴۵۰؍ روپےمیں گیس سلنڈر فراہم کرنے کے وعدے بھی شامل ہیں۔منشورکا نام  وزیر اعظم نریندر مودی کا چہرہ سامنے رکھ کر’مودی کی گیاررنٹی، بی جے پی کا بھروسہ، مدھیہ پردیش کا سنکلپ پتر۲۰۲۳ء‘کا نام دیا گیا ہے۔
بی جے پی صدر جے پی نڈا نے یہاں صحافیوں کے سامنے ’سنکلپ پتر‘ کے عنوان  سے۹۰؍ سے زائد صفحات پر مشتمل منشور جاری کیا۔ بی جے پی نے بنیادی طور پر وزیر اعظم مودی کے چہرے کو سامنے رکھ کر ریاست کے ووٹروں سے وعدے کیے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی صدر وشنودت شرما، مرکزی وزیر اور پارٹی کے انتخابی شریک انچارج اشونی ویشنو، مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
 بی جے پی نے وعدہ کیا ہے کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کو اگلے پانچ سال تک بڑھانے کے ساتھ ساتھ دالیں، سرسوں کا تیل اور شکررعایتی نرخوں پر دی جائے گی۔ کسانوں کو سالانہ۱۲؍ ہزار روپے کی سمان ندھی مستقبل میں بھی جاری رکھی جائے گی۔ بی جے پی نے۲۷۰۰؍ روپے فی کوینٹل کے حساب سے گیہوں اوردھان۳۱۰۰؍ روپے فی کوینٹل کے حساب سے خریدنے عزم بھی کیا ہے۔منشورمیں کہا گیا ہے کہ مضبوط کسان، مضبوط مدھیہ پردیش بی جے پی کا عزم ہے۔
 بی جے پی نے ’پی ایم آواس یوجنا‘ کے ساتھ ہی ’وزیر اعلیٰ جن آواس یوجنا‘ کے فوائد فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ ریاست میں غریبوں کو مکان کے بغیر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ بی جے پی نے فیصلہ کیا ہے کہ لاڈلی بہنوں کو مالی امداد جاری رکھنے کے ساتھ ہی رہائش بھی دی جائے گی۔ دیہات کی خواتین کو لکھ پتی بنانے کیلئے اسپیشل ٹریننگ اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ کا کام کیا جائے گا۔قبائلیوں سے کئی وعدے کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تینڈو پتہ کی قیمت۴؍ ہزار روپے فی بوری کی جائے گی ۔
 بی جے پی نے وعدہ کیا ہے کہ ہر خاندان میں کم از کم ایک روزگار یا خود روزگار کا موقع یقینی بنایا جائے گا۔ غریب گھرانوں کے تمام طلباء کو بارہویں جماعت تک مفت تعلیم دی جائے گی۔ سرکاری اسکولوں میں مڈ ڈے میل کے علاوہ غذائیت سے بھرپور ناشتہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ ہر ڈویژن میں آئی آئی ٹی کی طرز پر مدھیہ پردیش انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور ایمس کی طرز پر مدھیہ پردیش انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے پی نڈا نے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت نے جو نہیں کہاتھا وہ بھی کرکے دکھایا ہے۔ انہوں نے۲۰۰۳ء کے مقابلے ریاست میں ہونے والی ترقی کو  اعداد و شمار کے ذریعے پیش کیا۔تقریب سے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، پارٹی ریاستی یونٹ کے صدر وشنودت شرما اور مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل نے بھی خطاب کیا۔
 انہوں نے کہا کہ نوجوان ووٹروں کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ مدھیہ پردیش کی حالت پہلے کیسی تھی اور بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ریاست نے ہر میدان میں کتنی ترقی کی ہے۔نڈا نے کہا کہ۲۰۰۳ء کے بعد سے ریاستی بجٹ کے التزام میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ سڑکوں کے رابطے میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ریاست نے صحت کے شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے۔ جہاں۲۰۰۳ء  میں پانچ میڈیکل کالج تھے وہیں آج۳۰؍ ہیں۔ سرسوں اور مونگ کی نامیاتی پیداوار میں مدھیہ پردیش پہلے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں آبپاشی کی صلاحیت کو دوگنا کیا گیا ہے۔بندیل کھنڈ کو کین بیتوا لنک کے قومی پروجیکٹ سے جوڑا گیا ہے۔پسماندہ علاقوں کے بچوں کی بڑی تعداد رہائشی اسکولوں سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔صحت کے نقطہ نظر سے جن اوشدھی مراکز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔پارٹی صدر نے کہا کہ بی جے پی رپورٹ کارڈ کی سیاست میں یقین رکھتی ہے۔ہم مستفیدین تک کیسے پہنچیں اور ذمہ داری طے ہو، بی جے پی اس سمت میں بات کرتی ہے۔ نڈا نے کہا کہ حکومت نے چار صنعتی کوریڈور بنائے ہیں۔ دیہاتوں، غریبوں، محروموں، خواتین اور قبائلیوں سب کی فلاح و بہبود کا خیال رکھا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK