حکمراں محاذ کو دھول چٹانےکاعزم، بے روزگاری کلیدی انتخابی موضوع ہوگا، اقتدار بچانےکیلئے نتیش سرکارمفت بجلی کا اعلان کرسکتی ہے
EPAPER
Updated: July 13, 2025, 9:40 AM IST | Shahid Iqbal | Patna
حکمراں محاذ کو دھول چٹانےکاعزم، بے روزگاری کلیدی انتخابی موضوع ہوگا، اقتدار بچانےکیلئے نتیش سرکارمفت بجلی کا اعلان کرسکتی ہے
بہار میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کے متنازع فیصلے کی وجہ سے سیاسی پارٹیوں کی توجہ حالانکہ بٹ گئی ہے تاہم سیاسی سرگرمیاں تیز ہورہی ہیں۔ آر جی ڈی کی قیادت میں مہا گٹھ بندھن کے اتحادیوں نے نومبر میں ہونے والے اسمبلی الیکشن کی تیاری کے حوالے سے سنیچر کوتیجسوی یادو کی رہائش گاہ پر ۶؍ گھنٹہ طویل میٹنگ کی۔اس دوران انتخابی حکمت عملی اور سیٹوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ دوسری طرف حکمراں محاذ اپنا اقتدار بچانے کیلئے ہاتھ پیر مار رہا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے ملنےوالی اطلاعات کے مطابق نتیش سرکار جلد ہی ۱۰۰؍یونٹ تک بجلی کی فراہمی کو مفت کرنے کا اعلان کرسکتی ہے۔ اس سے قبل خاتون ووٹرس کو رجھانے کیلئے حکومت سرکاری ملازمتوں میں خواتین کیلئے ۳۵؍ فیصد ریزرویشن کااعلان کر چکی ہے۔
بے روزگاری اور ملازمتیں کلیدی موضوع
تیجسوی یادو کی رہائش گاہ پرمہاگٹھ بندھن میں شامل سیاسی پارٹیوں کی ۶؍ گھنٹہ طویل میٹنگ میں انتخابات کےتعلق سے حکمت عملی پرغور وخوض کیا گیا۔ آر جے ڈی اور کانگریس سمیت مہا گٹھ بندھن میں شامل سبھی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ نوجوانوں کیلئے نوکریاں اور روزگار ان کا اہم انتخابی موضوع ہوگا۔ میٹنگ کے بعد اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیٹوں کے بٹوارے کے سلسلے میں بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ بہار میں نظم ونسق کی صورت حال بہت خراب ہے ،اس پر بھی غورو فکر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بہار حکومت کے پاس کوئی وِژن نہیں ہے۔ ہم جو کہتے ہیں، حکومت اس کا اعلان کرتی ہے۔ ہم آنے والے دنوں میں مزید بڑے اعلانات کریں گے۔ اتحاد میں شامل پارٹیوں کا بہار کے لیے بڑا وِژن ہے۔
ہر طبقہ کیلئے الگ منشور
بہار میں جرائم کے واقعات پر چراغ پاسوان کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالات پر تیجسوی یادو نےکہا کہ انہیں دہلی جا کر بتانا چاہیے کہ بہار میں جنگل راج آ گیا ہے۔ آرجے ڈی لیڈرنےکہا کہ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ سوشل میڈیا پر بہتر کام کیاجائے ۔ مخالفین کے خلاف سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ مہاگٹھ بندھن کی تمام جماعتیں مل کر ہر طبقے کیلئے منشور تیار کریں گی، جس میں خواتین، نوجوانوں، کسانوں اور روزگار پر زور دیا جائے گا۔ منشور میں کئی بڑے اعلانات ہوں گے ۔ نوکری اور روزگار انڈیا اتحاد کا اہم انتخابی ایجنڈا ہو گا ۔ بہار میں جرائم پر حکومت کو سختی سے گھیرنے کی تیاریاں بھی کی گئی ہیں۔
ووٹر لسٹ نظر ثانی کیخلاف تحریک
مہاگٹھ بندھن کی اس میٹنگ میںووٹرلسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی مہم کے سلسلے میں پورے بہار میں ایک بڑی تحریک شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے ۔ تمام کمیٹیوں کی آراء اکٹھی کی جائیں گی۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ووٹر لسٹ نظرثانی مہم کے حوالے سے مہاگٹھ بندھن اتوار مشترکہ پریس کانفرنس بھی کر سکتا ہے ۔ وی آئی پی کے سربراہ مکیش سہنی نے بھی بتایا کہ میٹنگ میں ووٹر لسٹ نظرثانی مہم کے حوالہ سے اہم گفتگو ہوئی۔
اقتدار بچانے کی کوشش
حکومت اپنا اقتدار بچانےکیلئے خواتین اور سماج کے غریب طبقات کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔سرکاری نوکریوں میں خواتین کیلئے ۳۵؍ فیصد ریزرویشن کے اعلان کے بعد نتیش حکومت ۱۰۰؍ یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان کرسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس تجویز کو وزارت مالیات کی منظوری مل چکی ہے۔