ریاست میں اسکولی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور دیہی علاقوں میں طلبہ کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کا فیصلہ۔
EPAPER
Updated: March 29, 2026, 12:17 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ریاست میں اسکولی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور دیہی علاقوں میں طلبہ کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کا فیصلہ۔
ریاست میں اسکولی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور دیہی علاقوں میں طلبہ کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزیر تعلیم دادا بھُسے نے اب ریاست کے ۴۰۵؍ سرکاری اسکولوں کو بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر آدرش شالہ کے طور پر ترقی دینے کی منظوری دےدی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا ہےکہ یہ فیصلہ ’ترقی یافتہ مہاراشٹر ۲۰۴۷ء کے نظریہ کے مقاصد کو حاصل کرنے اور اس اسکیم کے ذریعے دیہی علاقوں کے اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم ہے۔
اس اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت منتخب کردہ ۴۰۵؍ اسکولوں میں بنیادی طور پر گروپ ریسورس سینٹر ، پی ایم شری اور ودیا نکیتن اسکول شامل ہیں۔ اس سے قبل پہلے مرحلے میں ۴۷۸؍ اسکولوں کا ترقیاتی کام آخری مرحلے میں ہے اور اب نئے ۴۰۵؍ اسکولوں کے ساتھ ریاست میں ماڈل اسکولوں کا دائرہ بڑھ جائے گا۔
اسکیم کے تحت ان اسکولوں میں ضروری کلاس رومز اور دیگر سہولیات دستیاب کی جائیں گی تاکہ کلاس پہلی سے دسویں تک کے طلبہ کو بلا تعطل اور معیاری تعلیم حاصل ہو سکے۔ حیض کے دوران طالبات کی صحت اور آرام کو یقینی بنانے کیلئے ہر اسکول میں ایک علاحدہ گلابی کمرہ بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام ا سکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے الگ الگ بیت الخلاء اور فلٹرز کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔ ہر ضلع سے ایک ماڈل اسکول کا انتخاب کیا جائے گا اور اسے اسپورٹس اکیڈمی کے طور پر تیار کیا جائے گا، تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔اس فیصلے کے بارے میں دادا بھُسے نے کہا کہ ’’یہ اسکیم جو بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے نام پر شروع کی گئی ہے ، صرف اسکولوں کی تزئین و آرائش کیلئے نہیں بلکہ مہاراشٹر کے تعلیمی مستقبل کی بنیاد کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے ہے۔ یہ ۲۰۴۷ءکے ترقی یافتہ مہاراشٹر کے ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہمارا مقصد بنیادی اور جدید جسمانی سہولیات، ڈیجیٹل تعلیم اور ہر طالب علم کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ ‘‘متعلقہ ضلع پریشدوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو ان ۴۰۵؍ اسکولوں کیلئے ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایجوکیشن کمشنر کی منظوری کے بعداس کام کو فوراً شروع کیا جائے گا۔