Updated: October 02, 2025, 7:06 PM IST
| Mumbai
مہاراشٹر حکومت نے تمام کاروبار اور تھیٹروں کوپورے ہفتے ۲۴؍ گھنٹے کام کرنے کی اجازت دے دی؛ تاہم شراب کی دکانوں پر وقت کی پابندی عائد کردی، یہ فیصلہ اس وقت آیا جب بیشتر کروباریوں نے پولیس کے ذریعے دیررات کام کرنے پر ہراساں کرنےکی شکایت کی ہے۔
ایک بڑے قدم میں، مہاراشٹر حکومت نے کاروبار کو فروغ دینے اور عوام کے لیے رات کی زندگی کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ریاست میں کاروباروں کو۲۴؍ گھنٹے کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ صنعت، توانائی، محنت اور کان کنی کے محکمے کے ذریعے جاری کردہ ایک سرکلر میں، تمام دکانوں کو ہفتے کے ساتوں دن ۲۴؍ گھنٹے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق صرف شراب پیش کرنے والے کاروبار، جیسے پرمٹ رومز، بیئر بارز، اور وائن شاپس، اس سے مستثنیٰ ہیں۔یہ فیصلہ اس وقت آیا ہے جب کئی مقامی افراد پولیس اہلکاروں اور حکام کی طرف سے رات کے وقت کام کرنے میں دشواریوں کی شکایت کر رہے تھے۔سرکلر کے مطابق، ان کاروباروں کے پورے دن کام کرنے کی اجازت کیلئے ایک اہم شرط یہ ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ ان کا ہر ملازم ہفتے میں۲۴؍ گھنٹے کی ایک چھٹی حاصل کرے۔ یہ مہاراشٹر دکانوں اور کاروبار ایکٹ،۲۰۱۷ء کا حصہ ہے۔۲۰۱۷ء کا یہ قانون مہاراشٹر ریاست بھر میں تجارتی ملازمین کے کام کرنے کے اوقات اور حقوق کو منظم کرتا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق حکومت نے وضاحت کی ہے کہ ’’ہفتہ وار چھٹی کے احکامات کے تابع، شراب پیش کرنے یا فروخت کرنے والے کاروبار کے علاوہ تمام کاروبار کو۲۴؍ گھنٹے کھلا رہنے کی اجازت ہے۔‘‘ریاستی حکومت نے پولیس محکموں اور مقامی انتظامیہ سے بھی قانون کی مناسب تعمیل کو یقینی بنانے کو کہا ہے۔ مزید برآں، اس نے تھیٹروں پر وقت کی حد ختم کر دی ہے، انہیں اپنی مرضی کے مطابق کام کرنے کی اجازت دے کر، دکانوں کے کاروبار کو مزید فروغ دیا ہے۔اس فیصلے سے دکانوں کے مالکان کی آمدنی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے، خاص طور پر اس مہینے آنے والے تہوار وںکے دوران۔