Inquilab Logo

آج مہاراشٹر کابینہ میں توسیع متوقع، کم از کم ۱۵؍ وزیروں کی حلف برداری کا امکان

Updated: August 09, 2022, 10:46 AM IST | Mumbai

کابینہ کی پہلی توسیع میں شندے گروپ کے ۷؍ اور بی جےپی کے ۸؍ وزیر شامل کئے جاسکتے ہیں، اسمبلی اجلاس کی تیاری کیلئے ریاستی سیکریٹریٹ نے محرم کی چھٹی منسوخ کردی، اپوزیشن کیل کاٹوں سے لیس

Chief Minister Eknath Shinde and Deputy Chief Minister Devendra Farnavis were heavily criticized for not expanding the cabinet. (file photo)
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس پر کابینہ میں توسیع نہ کرنے پر شدید تنقیدیں ہورہی تھیں۔ (فائل فوٹو)

 مہاراشٹر کی ایکناتھ شندے سرکار کی کابینہ میں منگل کو توسیع ہوسکتی ہے جبکہ  بدھ کو اسمبلی کا مانسون اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔  ذرائع کےحوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے میں ایکناتھ شندے  گروپ کے ۷؍ جبکہ بی جے پی کے ۸؍ اراکین اسمبلی وزیر بنائے جاسکتے ہیں۔  یہ پہلا مرحلہ ہوگا اور مزید توسیع مانسون اجلا س کے بعد ہونے کی امید ہے۔اسی دوران   ودھان بھون کی جانب سے  ۱۰؍ اگست سے مہاراشٹر اسمبلی کے مانسون  اجلاس منعقد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا  ہے اور اسی لئے ۹؍ تا ۱۸؍ اگست سبھی افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہے۔
 ذرائع کے مطابق نئے وزرا کی حلف برداری کی تقریب کیلئےراج بھون کے دربار ہال کو بھی تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ شندے گروپ سے جو ایم ایل اے وزیر کے عہدہ کا حلف لیں گے ان کے ناموں کا تقریباً فیصلہ ہو چکا ہے۔ اس میں ممبئی کی بائیکلہ  اسمبلی حلقہ کی ایم ایل اے یامینی جادھو اور تھانے کے ایم ایل اے پرتاپ سرنائک کے نام سر فہرست ہیں۔
  ان دونوں ایم ایل ایز کی ای ڈی کی تحقیقات جاری  ہیں۔ اسی دوران وہ بغاوت کر کے شندے گروپ میں شامل ہو ئے۔ شیوسینا کے لیڈروں نے بارہا الزام لگایا ہے کہ وہ ای ڈی کی تحقیقات سے بچنے کیلئےشندے گروپ میں شامل ہوئے تھے۔ شندے گروپ کے وزیر بننے والے چند متوقع  ناموں میں ممبئی سے  یامینی جادھو، سدا سراوانکر، پرکاش سروے کے نام شامل ہیں جبکہ تھانے سے  پرتاپ سرنائک، بالاجی کنیکر اور  سرینواس ون گا کو وزارت مل سکتی ہے۔ شمالی مہاراشٹر سے  دادا بھوسے، گلاب راؤ پاٹل، سوہاس انا کاندےکو کابینہ میں شامل کیا جاسکتاہے۔اسی طرح مغربی مہاراشٹر سے شمبوراجے دیسائی، انل بابر، پرکاش ابیٹکر، مہیش شندے اور مراٹھواڑہ سے   سنجے شرساٹ، عبدالستار، سندیپن بھومرے ، کوکن سےبھرت گوگاؤلے، ادے سامنت اور دیپک کیسرکر نیز ودربھ سے سنجے راٹھوڑ اور سنجے رائے مولکر وزیر بن سکتے ہیں۔ 
 شندے حکومت کی جو پہلی مرتبہ کابینہ کی توسیع کی جارہی ہے اس میں کچھ آزاد پارٹی لیڈر کو بھی موقع دیاجاسکتا ہے۔ جن میں پرہار سنگٹھن کے صدر اور ایم ایل اے بچو کڈو، آشیش جیسوال، نریندر بھونڈیکر اور گیتا جین شامل ہیں۔   بی جےپی کی جانب سے جو لیڈر حلف لے سکتے ہیں ان میں چندرکانت پاٹل، گریش مہاجن، سدھیر منگنٹیوار، رادھا کرشن وکھے پاٹل، پروین دریکر کے نام بتائے جارہے ہیں۔ان کے علاوہ بی جے پی کچھ نئے چہروں کو بھی موقع دے سکتی ہے۔اسی دوران ادھوٹھاکرے نے قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کے طور پر امبا داس دانوے کو مقرر کیا ہے اور اس سلسلے میں شیو سینا نے لیٹر بھی جاری کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK