Inquilab Logo

ریاست میں تزک و احتشام کے ساتھ یوم مہاراشٹر منایا گیا

Updated: May 02, 2023, 9:34 AM IST | Mumbai

وزیر اعلیٰ نے ممبئی میں ، نائب وزیراعلیٰ نے ناگپور میں تو اجیت پوار نے بارامتی میں شہیدوںکویاد کیا ۔ ادھو اور راج ٹھاکرے بھی خراج عقیدت پیش کرنے ہتاتما چوک پہنچے

Governor Ramesh Bais and Chief Minister Eknath Shinde presenting an award to a woman (Photo: PTI)
گورنر رمیش بیس اور وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے ایک خاتون کو ایوارڈ دیتے ہوئے ( تصویر: پی ٹی آئی)

پیر کو پوری ریاست میں یوم مہاراشٹر   انتہائی تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ممبئی سے لے کر ناگپور تک مختلف مقامات پر تقاریب منعقد کی گئیں۔ ساتھ ہی مہاراشٹر کے قیام کیلئے قربانی دینے والے شہیدوں کا یاد کیا گیا۔ 
  وزیراعلیٰ کی جانب سے خراج عقیدت 
  ریاست کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے  صبح سویرے اپنی سرکاری رہائش گاہ ’ورشا‘ پر قوم پرچم لہرایا اور اسے سلامی دی ۔ اسی موقع پر انہوں نے ریاست بھر میں ’ آپلا دواخانہ‘ اسکیم کے نفاذ کا افتتاح کیا جس میں ناگپور سے نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور دیگر مقامات سے دیگر وزراء نے شرکت کی۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ جنوبی ممبئی میں واقع ’ہتاتما چوک‘ پہنچے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ ہتاتما چوک ، وہ یادگار ہے جہاں ان ۱۰۵؍ شہیدوں کے نام درج ہیں  جنہوں نے  متحدہ مہاراشٹر کے قیام کی تحریک میں جان نچھاور کی تھی۔ 
  اس دوران ریاست کے گورنر  رمیش بیس نے چھترپتی شیواجی مہاراج پارک میں منعقد کی گئی  پریڈ  میں شرکت کی۔ کھلی جیپ میں کھڑے ہو کر گورنر نے سیکوریٹی دستوں کی سلامی قبول کی۔ اس کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ بری ، بحری، اور فضائی تینوں فوجوں کے مقامی سربراہوں کی سلامی قبول کی ۔ 
  ادھو ٹھاکرے اور راج  ٹھاکرے
   پیر کو ایکناتھ شندے کے بعد شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے بھی اپنے اہل خانہ اور پارٹی کے اہم لیڈران کے ساتھ ہتاتما چوک پہنچے اور  انہوں نے بھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔   ان کے ساتھ ان کی اہلیہ رشمی ٹھاکرے بھی موجود تھیں۔  پہلے ادھو نے پھر رشمی ٹھاکرے نے ہتاتما چوک پر پھول چڑھا کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔   ادھو ٹھاکرے کی طرح  مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے بھی  ہتاتما چوک پہنچے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔  یاد رہے کہ  ریاست میں اس سال ۶۳؍ واں ’یوم مہاراشٹر‘ منایا گیا۔  متحدہ مہاراشٹر کا قیام  ۱۹۶۰؍ میں عمل میں آیا تھا۔ اس کیلئے ایک طویل تحریک چلائی گئی تھی جس میں مختلف افراد نے قربانیاں دی تھیں۔ 
  ناگپور میں نائب وزیراعلیٰ کا پروگرام 
 اس دران ناگپور میں نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے خصوصی تقریب میں حصہ لیا۔  یہاں انہوں نے کستور با چند پارک میں پرچم کشائی کی اس کے  بعد ان کے ہاتھو  مختلف ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔ پولیس، جنگلات، تعمیرات عامہ، کھیل، سماجی بہبود، خواتین و اطفال اور انتظامیہ کے محکموں میں نمایاں کارکردگی کرنے والے افراد کو اعزازات سے نوازا گیا۔ یاد رہے کہ دیویندر فرنویس ناگپور کے نگراں وزیر بھی ہیں۔ اور ان کی رہائش گاہ بھی وہیں ہے۔  ان ایوارڈوں کے بعد دیویندر فرنویس کے ہاتھوں  اسپورٹس کے شعبے میں بھی کھلاڑیوں کو ایوارڈ دلوائے گئے۔ یاد رہے کہ اسی دوران فرنویس ممبئی میں ہونے والے وزیراعلیٰ کے کچھ پروگراموں میں بھی آن لائن طریقے سے شریک رہے۔ انہوں نے شندے کے ساتھ بعض اسکیموںکا افتتاح کیا۔ 
 اجیت پوار نے بارامتی میں جھنڈا لہرایا
 اپوزیشن لیڈر اجیت پوار پیر کی صبح اپنے آبائی وطن بارامتی میں تھے جو ان کا حلقۂ انتخاب بھی ہے۔  انہوں نے وہی سرکاری طور پر منعقد کئے گئے یوم مہاراشٹر کے پروگرام میں حصہ لیا۔   اجیت پوار نے ایڈمنسٹریشن بلڈنگ میں پرچم کشائی کی۔ اس کے بعد عمدہ کارکردگی دکھانے والے سرکاری ملازمین کو ان کے ہاتھوں سے ایوارڈ دلوایا گیا۔ پوار نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ پروگرام کے بعد وہ بارامتی میں کچھ اور پروگرام نپٹانے کے بعد ممبئی کیلئے روانہ ہو گئے جہاں انہیں مہا وکاس اگھاڑی کی متحدہ ریلی میں شرکت کرنی تھی جو بی کے سی میں منعقد کی گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK