Inquilab Logo Happiest Places to Work

کوکن میں ریڈالرٹ کے پیش نظر محکمہ پولیس اور سیکوریٹی ایجنسی مستعد

Updated: May 12, 2025, 2:30 PM IST | Inquilab News Network | Raigad

رائے گڑھ کے ۳؍پاور اسٹیشنوں پر خصوصی سیکوریٹی، ساحلی علاقوں میں سخت نگرانی، جگہ جگہ ماک ڈرل۔

Vehicles are being searched by setting up checkpoints at various places across Kokan. Photo: INN
کوکن بھر میں جگہ جگہ ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این

 ہندپاک کشیدگی اورسمندری راستے سے دہشت گردانہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر کوکن میںبھی ریڈالرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے پیش نظر حفاظتی نظام کو مضبوط کیا گیا ہے، محکمہ صحت نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔ متعلقہ محکمے کے ذریعے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں اور پولیس انتظامیہ نے شہریوں کو ہوشیار رہنے کی تنبیہ کی ہے۔  
 تفصیلات کے مطابق مرکزی حکومت نے کوکن کے رائے گڑھ، تھانے، پال گھر، رتناگیری، سندھو درگ اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ خاص طور پر کوکن کا ضلع رائے گڑھ ممبئی کے بہت قریب ہے،اور رائے گڑھ ضلع کے ارن میں اربوں روپے کا جے این پی ٹی پروجیکٹ موجود ہے۔ کوکن میں۷۲۰؍ کلومیٹر کا سمندری ساحل ہے، جس میں سے رائے گڑھ میں۲۴۰؍ کلومیٹر کا  ساحلی پٹہ ہے۔ اسلئے سمندری حدود کی نگرانی اور سیکوریٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ ماہی گیروں کے ساتھ بات چیت کرکے  انہیں چوکس رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ساگر تحفظ دل، گرام تحفظ دل اور پولیس پاٹلوں کی میٹنگیں کرکے عوامی بیداری کا کام شروع کیا گیا ہے۔ مختلف کمپنیوں میں ماک ڈرل کا انعقادکیا گیا ہے۔
 اس ضمن میں رائے گڑھ ضلع کےایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیجیت شیوتھرے نے بتایا کہ  رائے گڑھ ضلع پولیس فورس کے دائرہ اختیار میں شامل تینوں ہائیڈرو پاور اسٹیشنوں اور علاقوں میں ماک ڈرل کا انعقادکیا گیا اور ممکنہ خطرات کو سمجھتے ہوئے سیکو ریٹی کا انتظام کیا گیا۔ان پاور اسٹیشنوں میں کھوپولی کا ٹاٹا پاور اسٹیشن،کرجت میں واقع بھیو پوری پاور اسٹیشن اور مانگاؤں میں واقع بھیرا پاور اسٹیشن شامل ہیں۔  رائے گڑھ ضلع میں کوسٹل سیکورٹی کو مضبوط رکھنے کیلئے  سیکوریٹی مشنریز نےکام شروع کر دیا ہے۔ طویل رخصت پر جانے والے افسران کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ سمندر کے ساحلوں پر مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے  پولیس فورس، محکمہ جنگلات اور پی این پی کے ساتھ ساتھ ماہی گیروں کی چار کشتیاں بھی موجود ہیں۔ یہ بھی اطلاع دی گئی ہے کہ حکومت سے دو ٹرالر کشتیاں منگوائی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK