Inquilab Logo

مہاراشٹر کے گورنر کا کوکن کے متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کوسرکاری امداد کی یقین دہانی کرائی

Updated: July 28, 2021, 7:12 AM IST | konkan

بھگت سنگھ کوشیاری پہلے تڑے گائوں پہنچے جہاں متاثرین سے ملاقات کی اور مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا، بعد میں سیلاب زدہ چپلون گئے اور نقصانات کا جائزہ لیا

Governor Bhagat Singh Koshiari with Ministers of State.Picture:INN
ریاستی وزرا کے ساتھ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری تصویر آئی این این

 منگل کو مہاراشٹر  کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے بھاری بارش سے متاثرخطہ کوکن کا ورہ کیا۔ گورنر سب سے پہلے  تڑے گائوں پہنچے جہاں  انہوں نے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے ملاقات کی۔متاثرین کو دلاسہ دیتے ہوئے انہوں نے  ان تمام کو دوبارہ بسانے کو یقین دلایا۔اس کے بعد سیلاب زدہ علاقہ چپلون کا دورہ کیا اور  نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گورنر نے بطور خاص  تاجروں سے  ملاقات کی اور ان کے احوال سنے۔
  میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے کہا کہ مرکزی حکومت سے چپلو ن سیلاب متاثرین اور تڑے گائوں کیلئے راحتی پیکیج  جلد ہی منظور کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اہالیان چپلون اور مہاڈ کے ساتھ ہیں، حوصلہ اور ہمت رکھیں، جلد ہی مرکزی اور ریاست حکومتوں کی جانب سے آپ کو بڑے پیمانے پر راحت ملے گی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان حالات میں راحت اور امداد کے معاملے میں متاثرین کا مشتعل ہونا ایک فطری امر ہےلیکن ان حالات میں متاثرین کو تھوڑا صبر سے کام لینا ہوگا۔
 واضح ہو کہ گزشتہ دنوں خطہ کوکن میں بادل پھٹنے جیسی ہونےوالی بھاری بارش سے چپلون، مہاڈ، کھیڑ، تڑے گائوں اور دیگر علاقے بدحال ہوگئے ہیں۔سیلابی پانی اور زمینوں کے کھسکنے سے کئی خاندان تباہ وبرباد ہوچکے ہیں۔یہاںبارش کے کم ہوتے ہی سیلاب آنے  اور چٹانوں  کے کھسکنے کے واقعات سے ہونےوالے نقصانات  کے بھیانک مناظر تباہی کی داستان سنا رہے ہیں۔ اب بھی متاثرہ علاقوں میں افراتفری کا ماحول ہے۔ سیلاب زدہ چپلون اور مہاڈ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے بھی راحتی کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ روزانہ بڑی تعداد میں ٹیمپو اور ٹرک امدادی سامان لے کر متاثرہ علاقوں پہنچ رہے ہیں۔یہاں حالات انتہائی خراب ہیں، اسلئے متاثرین کو مزید اشیا کی ضرورت ہے تاکہ ان کے حالات معمول پر آسکیں۔ اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق کوکن کے ڈاکٹروں کی ٹیمیں مختلف متاثرہ علاقوں پہنچ کر اپنی طبی خدمات انجام دے رہی ہیں۔اس دورے میں گورنر کے ساتھ رائے گڑھ ضلع کی نگراں وزیر اُدیتی تٹکرے، رکن اسمبلی بھارت گوگائولے، وزیر تکنیکی تعلیم اودے سامنت، ایم پی ونائک رائوت، شیکھرنکم ،اشیش شیلار، ضلع کلکٹرندھی چودھری اور ڈاکٹر پاٹل کے علاوہ ڈویزنل کمشنرس موجود تھے۔

kokan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK