ناسک، ناندیڑ اور امراوتی میں بجلی گرنے کے سبب ہلاکتیں ، ۱۲؍ مویشیوں کی بھی موت، آم، ادرک اور پیاز کی فصلیں تباہ، یلوالرٹ جاری۔
EPAPER
Updated: May 18, 2025, 10:40 AM IST | Z.A Khan | Nanded
ناسک، ناندیڑ اور امراوتی میں بجلی گرنے کے سبب ہلاکتیں ، ۱۲؍ مویشیوں کی بھی موت، آم، ادرک اور پیاز کی فصلیں تباہ، یلوالرٹ جاری۔
ریاست کے مختلف اضلاع میں جمعہ رات زور دار بارش ہوئی جبکہ ممبئی سمیت کئی علاقوں میں سنیچر کے روز بھی موسلا دھار بارش دیکھی گئی۔ اس بے موسم برسات سے جہاں فصلیں تباہ ہوئی وہیں بجلی گرنے کے سبب الگ الگ واقعات میں ۴؍ افراد کی موت واقع ہو گئی۔ محکمۂ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے اور آئندہ ۴؍ دنوں تک مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اطلاع کے مطابق جمعہ کی رات مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، اورنگ آباد اور جالنہ میں زور دار بارش ہوئی اس کی وجہ سے ناندیڑ شہر کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا جبکہ بعض مقامات پر یہ پانی گھروں میں گھس آیا۔ اس دوران بجلی منقطع ہو گئی اور شہر کے کئی علاقوں میں شہریوں کو رات بھر اندھیرے میں رہنا پڑا۔ اطلاع کے مطابق ناندیڑ کے نائیگائوں تعلقے میں چندر کانت مہاگاوے (۲۶) نامی نوجوان جو اپنے کھیت سے کام کرکے گھر لوٹ آ رہا تھا بجلی گرنے سے ہلاک ہو گیا۔ جبکہ جالنہ اور اورنگ کے آباد کے دیہی علاقوں میں فصلوں کی بڑے پیمانے پر بادی ہوئی ہے۔
بڑے پیمانے پر نقصان
بارش کے سبب ناسک ضلع میں ۲؍ اموات ہوئی ہیں۔ ایک تو سنر تعلقے میں رام داس رہانے (۳۶) نامی کسان اپنے کھیتوں پر کام کرتے ہوئے توازن کھو بیٹھا اور کنویں میں جا گرا۔ کنواں پوری طرح بھر چکا تھا اور رام داس پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ جبکہ ناسک ہی کے ماپرواڑی علاقے میں ۱۲؍ سالہ وکاس برڈے نامی بچے کی بجلی گرنے کے سبب موت ہو گئی۔ ان کے علاوہ ودربھ کے امراوتی ضلع میں کھیت میں کام کر رہی مزدور خاتون منا بائی کائوڑے(۶۶) پر بھی بجلی گر پڑی اور وہ ہلاک ہو گئی۔ ان کے علاوہ بجلی گرنے کے سبب اورنگ آباد میں ۶؍ اور جالنہ میں ۴؍ مویشی ہلاک ہو گئے۔ یہاں ادرک کی فصل کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ بعض علاقوں میں پیاز کی فصل اور ذخیرہ برباد ہوا ہے۔ لاتور ضلع کے ادگیر تعلقے میں آموں کی فصل برباد ہوئی ہے۔ یہاں مسلسل ۴؍ روز سے بارش ہو رہی ہے۔ جبکہ ۲؍ بھینسوں کے مرنے کی بھی اطلاع ہے۔ تیز ہوائوں اور بارش کے سبب ایک پولٹری فارم پوری طرح تباہ ہو گیا ہے جس میں ۶۰۰؍ مرغیوں کی ہلاکت کی خبر ہے۔
یلو الرٹ جاری
اطلاع کے مطابق جمعہ اور سنیچر کو ودربھ کے بلڈانہ اور واشم ضلعوں میں خوب بارش ہوئی۔ مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد، ناندیڑ، جالنہ اور لاتور کا بھی یہی حال رہا۔ کوکن کے ساحلی علاقوں خاص کر سندھو درگ کے کچھ گائوں میں گزشتہ ۳؍ روز سے تیز بارش ہو رہی ہے۔ حالانکہ اسی ضلع کے بعض علاقوں میں خشکی ہے۔ جبکہ ناسک اور پونے کے آس پاس بھی زوردار بارش دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات نے سنیچر کو ریاست میں یلو الرٹ جاری کیا ہے اور کئی علاقوں میں آئندہ ۱۸؍، ۱۹؍ ۲۰؍ اور ۲۱؍ مئی کو تیز بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ خاص کر مراٹھواڑہ، کوکن اور ودربھ کے اضلاع کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔