Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیرج چوپڑا بھی۹۰؍ کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب

Updated: May 18, 2025, 11:43 AM IST | New Delhi

اسٹار جیولن تھروور نیرج چوپڑا نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ۲۰۲۵ء میں ۹۰ء۲۳؍ میٹر کے تھرو کے ساتھ تاریخ رقم کر دی۔ یہ ان کے کریئر کا سب سے طویل تھرو ہے اور وہ۹۰؍ میٹر کا ہندسہ عبور کرنے والے پہلے ہندوستانی اور تیسرے ایشیائی ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

اسٹار جیولن تھروور نیرج چوپڑا نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ۲۰۲۵ء میں ۹۰ء۲۳؍ میٹر کے تھرو کے ساتھ تاریخ رقم کر دی۔ یہ ان کے کریئر کا سب سے طویل تھرو ہے اور وہ۹۰؍ میٹر کا ہندسہ عبور کرنے والے پہلے ہندوستانی اور تیسرے ایشیائی ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔ نیرج نے مقابلے کا آغاز۸۸ء۴۴؍ میٹر کے تھرو سے کیا، جو ٹوکیو میں ہونے والی عالمی چمپئن شپ کیلئے کوالیفائنگ مارک سے زیادہ تھا۔ اگرچہ ان کی دوسری کوشش فاؤل رہی، تاہم تیسری کوشش میں انہوں نے۹۰ء۲۳؍ میٹر کا تھرو کرکے سب کو حیران کر دیا۔ اپنے کریئر کا سب سے لمبا تھرو پھینکنے کے باوجود نیرج چوپڑا پہلی پوزیشن حاصل نہ کرسکے، جرمنی کے جولین ویبر نے آخری کوشش میں ۹۱ء۰۶؍ میٹر پھینک کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ نیرج کا پچھلا بہترین ریکارڈ۸۹ء۹۴؍ میٹر تھا جو انہوں نے ۲۰۲۳ء میں اسٹاک ہوم ڈائمنڈ لیگ میں قائم کیا تھا۔ یہ نیرج کا اپنے نئے کوچ، جان زیلیزنی، کے ساتھ پہلا بڑا مقابلہ تھا اور اس کارکردگی نے انہیں عالمی سطح پر۹۰؍ میٹر عبور کرنے والے۲۵؍ویں ایتھلیٹ بنا دیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں ۹۲ء۹۷؍ میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ ۲۰۲۲ءکے یورپی چمپئن ویبر نے اپنی بہترین کارکردگی آخری لمحات کیلئے بچا کر رکھی، چھٹے راؤنڈ میں ایک بڑا تھرو پھینک کر چوپڑا کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا اور سیزن کی اپنی پہلی ڈائمنڈ لیگ فتح کرلی۔ گریناڈا کے دو بار کے عالمی چمپئن اینڈرسن پیٹرس ۸۵ء۳۴؍ میٹر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ ۲۰۲۵ء ڈائمنڈ لیگ کیلنڈر میں تیسرے نمبر پر رہنے والی اس میٹ میں کئی عالمی سطح کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK