آج ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے اہم میچ میں دہلی کو گجرات ٹائٹنس کو ہر حال میں ہرانا ہوگا۔ شکست کی صورت میں وہ باہر ہوسکتاہے۔
EPAPER
Updated: May 18, 2025, 11:45 AM IST | New Delhi
آج ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے اہم میچ میں دہلی کو گجرات ٹائٹنس کو ہر حال میں ہرانا ہوگا۔ شکست کی صورت میں وہ باہر ہوسکتاہے۔
اپنے پہلے ۶؍ میچوں میں سے ۵؍ میں فتح کے ساتھ اس سیزن کی شاندار شروعات کرنے والی دہلی کیپٹلس کو پلے آف کی اپنی امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئے اتوار کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے ہائی اسٹیک مقابلے میں گجرات ٹائٹنس کو ہر حال میں ہرانا ہوگا۔
پچھلے۱۱؍ میچوں میں ۱۳؍ پوائنٹس کے ساتھ ۵؍ ویں پوزیشن پر موجود دہلی ابھی بھی پوائنٹس کے لحاظ سے پلے آف کیلئے امیدوار ہے لیکن دیگر دعویداروں سے پیچھے ہونے اور صرف ۳؍ میچ باقی ہونے کی وجہ سے ایک اور غلطی ٹیم کو مہنگی پڑ سکتی ہے۔ دوسری جانب، گجرات ٹائٹنس اس سیزن میں ۱۱؍ میچوں میں ۱۶؍ پوائنٹس کے ساتھ سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے اور سرفہرست ۲؍ میں جگہ بنانے کے قریب ہے۔
میزبان ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب اسٹار فاسٹ بولر مشیل اسٹارک ٹورنامنٹ کے باقی میچوں سے باہر ہوگئے۔ ان کی غیر موجودگی نے تیزگیندبازی حملے کو کمزور کر دیا ہے جس سے دوشمنتھا چمیرا، مکیش کمار اور لوٹنے والے ٹی نٹراجن پر اضافی دباؤ پڑا ہے۔ ۱۲؍ وکٹ اور ۶ء۷۴؍ کے اکنامی کے ساتھ کلدیپ یادو مڈل اوورس میں ان کا سب سے قابل اعتماد متبادل ہیں۔ کے ایل راہل نے دہلی کیلئے بلے سے شاندار کارکردگی پیش کی ہے، انہوں نے ۱۴۲ء۱۶؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۹؍ اننگز میں ۳۸۱؍ رن بنائے ہیں۔
ابھیشیک پورل نے ٹاپ آرڈر میں مضبوط ساتھ دیا ہے جبکہ اکشر پٹیل اور آشوتوش شرما نے لوئر آرڈر میں اہم شراکت کی ہے۔ جنوبی افریقی تجربہ کار فاف ڈو پلیسس اور ٹرسٹن اسٹبس کے دیر سے آنے سے ٹیم کی واپسی کی امید جاگی ہے۔ جیک فریزر- میک گرگ کی جگہ بنگلہ دیش کے تیز گیندباز مستفیض الرحمٰن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہےلیکن اتوار کے میچ کیلئے ان کی دستیابی غیر یقینی ہے کیونکہ ان کے پچھلی شام شارجہ میں ایک بین الاقوامی ٹی۲۰؍ میچ کھیلنے کی توقع ہے۔
دریں اثنا، گجرات ٹائٹنس اچھی طرح منظم دکھائی دے رہی ہے اور صحیح وقت پر عروج پر ہے۔ ان کے ٹاپ آرڈر سائی سدرشن، شبھمن گل اور جوس بٹلر سبھی نے اس سیزن میں ۵۰۰؍ رن کا ہندسہ عبور کیا ہے، جس سے انہیں بلے بازی میں مضبوط برتری حاصل ہے۔ شریفین رُدرفورڈ اور راہل تیویتیا نے مڈل آرڈر میں مزید جارحانہ کھیل دکھایا ہے جبکہ ان کی بولنگ یونٹ مسلسل بہتر کارکردگی پیش کر رہی ہے۔ محمد سراج اور پرسدھ کرشنا نے مل کر۳۵؍ وکٹ لئے ہیں اور کگیسو ربادا کی واپسی کی توقع کے ساتھ، ان کی فاسٹ بولنگ مضبوط پوزیشن میں ہے۔ سائی کشور اور راشد خان کی اسپن ڈپارٹمنٹ میں مسلسل کامیابی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو دھار دیتی ہے۔
اس سیزن میں ارون جیٹلی اسٹیڈیم کی پچ ہائی اسکورنگ رہی ہے، جس میں ٹیمیں باقاعدگی سے ۲۰۰؍ رن کا ہندسہ عبور کر رہی ہیں۔ ٹاس فیصلہ کن ہو سکتا ہے کیونکہ آئی پی ایل۲۰۲۵ء میں اس مقام پر ۴؍ میں سے ۳؍ میچ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے جیتے ہیں۔ دہلی کی ٹیم واپسی کیلئے بے تاب ہے اور گجرات اپنی بادشاہت کو مضبوط کرنا چاہتا ہے، اس لئے اتوار کا مقابلہ لیگ کے آخری مرحلے میں فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔