یوم آزادی پر وزیراعلیٰ کی جانب سے مودی حکومت کے کاموں کی تعریف ، شندے نے تھانے اور اجیت پوار نے بیڑ میں پرچم لہرایا
EPAPER
Updated: August 15, 2025, 11:28 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
یوم آزادی پر وزیراعلیٰ کی جانب سے مودی حکومت کے کاموں کی تعریف ، شندے نے تھانے اور اجیت پوار نے بیڑ میں پرچم لہرایا
۷۹؍ وین یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ صرف ایک دہائی میں ہندوستان دنیا کی ۱۱؍ ویں معیشت سے چوتھی بڑی معیشت تک بن گیا ۔ آج مہاراشٹر ،ہندوستان کے پورے ترقیاتی نظام میں بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ترقی یافتہ مہاراشٹر ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو تعبیر کرنے میں خصوصی تعاون کر رہا ہے۔ ملک کی ترقی کی یہ داستان اب نہیں رکے گی۔ وزیر اعظم نے ’آتم نِربھارت ‘( خودمختار بھارت)کا نعرہ دیا ہے، یہ نعرہ بہت اہم ہے۔وزیر اعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کو خود کفیل بنانے کے لئے ہم سب کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے جمعہ کو منترالیہ میں پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپریشن سیندور کے ذریعےہندوستانی فوج نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ ہندوستان کی طاقت کیا ہے۔ فوج نے انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ انہوںنے آپریشن سندورمیں حصہ لینے والے تمام فوجی افسران اور جوانوں کو مبارکباد پیش کی اور شکریہ ادا کیا۔
شہریوں اتحاد اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھیں: اجیت پوار
۷۹؍ویں یوم آزادی کے موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نےبیڑمیں ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر انہوںنے مجاہدین آزادی کو یاد کیا ساتھ ہی آپریشن سیندور کیلئے ہندوستانی فوج کی تعریف کی۔اجیت پوار نےترقی یافتہ ہندوستان ۲۰۴۷ء کیلئے اتحاد پر زور دیتے ہوئے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی تعریف کی۔انہوں نے سبز توانائی، الیکٹرک گاڑیوں اور بنیادی ڈھانچے میں مہاراشٹر کی قیادت ، شہریوں سے اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
تھانے میں یکناتھ شندے کے ہاتھوںپرچم کشائی
یوم آزادی کے موق پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تھانے ضلع کلکٹر آفس میں پرچم کشائی کی ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ترقی یافتہ مہاراشٹر کے متعدد پروجیکٹوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوںنے تھانے ضلع انتظامیہ کی جانب سے وہائٹس ایپ نمبر کا بھی اجرا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہری وہائٹس ایپ نمبر: ۹۹۳۰۰۰۱۱۸۵؍ پر ایک پیغام بھیج کر اپنی شکایت انتظامیہ کو کر سکتے ہیں۔ ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال نے یہ کہتے ہوئے ’’ایک میسیج وہاٹس ایپ کا ..تمہارے اطمینان کا... ‘‘ یقین دلایاکہ اس نمبر پر موصول ہونے والی شکایتوں کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا۔لیکن یہ چانچنے کیلئے کہ مذکورہ ہیلپ لائن جاری ہے یا نہیں، نمائندۂ انقلاب نے اس نمبر پر ایک پیغام بھیجا تو میسج ڈیلیور ہی نہیں ہوا۔
گورنر نےپونے ودھان بھون میں پرچم کشائی کی
گورنر سی پی رادھا کرشنن نےپونے کے ودھان بھون میں پرچم لہرایا۔پرچم کشائی کے بعد گورنر نے آزادی پسندوں، سابق فوجیوں، عوامی نمائندوں، شہریوں کے ساتھ ساتھ افسران اور ملازمین سے ملاقات کی اور انہیں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے مجاہدین آزادی کو بھی یاد کیا۔