Inquilab Logo

مہاراشٹر کے عازمین کی ۲۴۹۹؍ نمبر تک ویٹنگ لسٹ کنفرم

Updated: March 02, 2024, 9:55 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اِن عازمین کوتمام دستاویزات اور ۲؍لاکھ ۵۱؍ہزار۸۰۰؍ روپے ۱۰؍مارچ تک جمع کرانا ہوگا۔ بقیہ رقم ریال کی قیمت طے ہونےکے بعد ادا کرنی ہوگی۔

4 thousand pilgrims from Maharashtra are expected to be confirmed. Photo: INN
مہاراشٹر کے۴؍ہزار عازمین کے کنفرم ہونے کی امید ہے۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر کے عازمین کی ۲۴۹۹؍ نمبر تک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوگئی ہے۔امیدہے کہ آنے والے وقت میں۴؍ہزار تک کنفرم ہوجائے گی ۔اس لئے ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ۴؍ہزارنمبرتک کے ویٹنگ لسٹ والے عازمین اپنے طور پرپیشگی تیاری کرلیں تاکہ عین وقت پرحج بیت اللہ کا موقع ملنے اور ناموں کا اعلان ہونے پرانہیںپریشانی نہ ہو۔ ویٹنگ لسٹ میں شامل جن عازمین کے نام کنفرم ہوئے ہیں، اُن عازمین کو اوریجنل پاسپورٹ ، دیگر تمام دستاویزات کے ساتھ ۲؍لاکھ ۵۱؍ہزار ۸۰۰؍ روپے ۱۰؍ مارچ تک جمع کرانا ہوگا۔ بقیہ رقم ریال کی قیمت طے ہونے کےبعد ادا کرنی ہوگی۔ یہ تفصیلات ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیوآفیسر امتیاز قاضی سے استفسار کرنے پرانہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتائیں۔
(۱) اوریجنل پاسپورٹ (۲) بینک میں پیشگی جمع کرائی گئی رقم کی اوریجنل رسید (۳)آن لائن بھرا گیافار م مع ڈکلیئریشن یعنی میںپہلی مرتبہ حج پرجارہا ہوں اورنام اوردیگر تفصیلات میری ہی ہیں (۴) وہائٹ بیک گراؤنڈ والی ایک تصویر(۵)ٹیکہ اوردیگر چیک اَپ کاگورنمنٹ اسپتال سے حاصل شدہ سرٹیفکیٹ ( ۶) کورونا کی دونوں خوراک کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ 
غیر مقیم ہندوستانیوں (این آر آئی)کو ۲۴؍اپریل ۲۰۲۴ء تک پاسپورٹ جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے مگرایسے ہندوستانیوں کیلئے جہاں وہ ملازمت کررہے ہیں، اس کمپنی میںتقرری کا دیا گیا لیٹر، اُس ملک کا ویزا اورحج کمیٹی میں ذاتی درخواست دینی ہوگی۔ اس کے علاوہ اگر حج کے خواہش مند حضرات عرب ممالک میں مقیم ہیںتوان کواقامہ کی کاپی بھی جمع کرانی ہوگی۔ 
 امتیازقاضی کے مطابق ’’حج ۲۰۲۴ءکیلئے مہاراشٹر سے اس دفعہ سب سے زیادہ عازمین کو موقع مل رہا ہے مگر موصول ہونے والی درخواستوں کے لحاظ سے ویٹنگ لسٹ میں شامل ۷؍ ہزار  ۷۹۰؍ عازمین کیلئے بھی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کوحج کا موقع مل سکے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ جو حالات ہیں، اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ۳؍ ہزار ۷۹۰؍ عازمین نہیں جاسکیںگے۔ حالانکہ ریاستی حج کمیٹی اور حکومت مہاراشٹر کی جانب سے اخیر وقت تک کوشش جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو موقع مل سکے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK