• Fri, 20 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کابے مدت ہڑتال کا انتباہ

Updated: February 20, 2026, 3:55 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ٹرانسپورٹرس نے ۱۵؍ دنوں میں ای چالان سسٹم کو ختم کرنے پر فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ شہر اور مضافات اور ریاست کی ۱ء۵ ؍ملین بڑی گاڑیوں پر ۴۵؍ سو کروڑ ای چالان کا جرمانہ باقی ہے۔

Police impose fines for stopping a vehicle for any work on the road. Photo: INN
راستے میں کسی کام سے گاڑی روکنے پر پولیس جرمانہ عائد کرتی ہے۔ تصویر: آئی این این

پارکنگ کی جگہ نہ ہونے، سڑکوں پر یا کسی مقام پر رکنے پر بڑی گاڑیوں کے پارک کرنے پر جا بجا ای چالان کاٹنے پر پرائیویٹ، اسکول بسوں ، ٹیمپو، ٹرک اور ٹریلرس مالکان اور ٹرانسپورٹ تنظیم نے حکومت کوبے مدت ہڑتال کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ تنظیم اور بڑی گاڑی مالکان نے لاکھوں گاڑیوں پرعائد کردہ کروڑوں روپے کے ای چالان کو ختم کرنے اور ای چالان سسٹم کو بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ 
مہاراشٹر ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی (ایم ٹی اے سی )کے ہمراہ اسکول اور پرائیویٹ بسوں کے علاوہ ٹیکسی، ٹیمپو، ٹرک اور ٹریلرس کے مالکان کا کہنا ہے کہ شہر اور ریاست میں باقاعدہ انہیں گاڑی پارک کرنے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی ہے۔ وہیں سڑکوں یا راستوں پر گاڑی پارک کرنے یا راستے میں کسی کام سے درمیان میں گاڑی روکنے پر ٹریفک پولیس ای چالان کے ذریعہ جرمانہ عائد کر دیتی ہے۔ اگر آنے والے کابینی اجلاس میں مذکورہ مسئلہ کا کوئی ٹھوس حل نہیں نکالا گیا ہے تو ۵؍ مارچ سے بے مدت ہڑتال کی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: گزشتہ ۵؍ برس سے سڑک حادثات میں لگاتار اضافہ

ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق شہر و اطراف اور ریاست کے دیگر علاقوں کی ۱ء۵؍ ملین بڑی گاڑیوں پر ۲۰۱۹ء سے اب تک۴۵؍ سو کروڑ ای چالان کے ذریعہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کمیٹی اور دیگر بڑی گاڑیوں جن میں اسکول اور پرائیویٹ بسوں کے علاوہ ٹیکسی، ٹیمپو، ٹرک اور ٹریلر سبھی شامل ہیں، کے مالکان نے ٹریفک پولیس کے ذریعہ جا بجا بنا کسی ٹھوس وجہ سے ای چلان کے ذریعہ جرمانہ عائد کرنے کا الزام لگایا ہے۔ یہی نہیں ان کا یہ بھی الزام ہے کہ ای چلان وقت پر نہیں بھیجا جاتا ہے اور نہ ہی ای چالان کے ذریعہ بھیجی گئی تصویر ہی صاف ہوتی ہے۔ 
ٹرانسپورٹ کمیٹی کے ممبر پرکاش گاؤلی اور دیگر ممبران نے حال ہی میں اس ترمیم شدہ قواعد پر بھی سخت اعتراض کیا ہے جس میں ۴۵؍ دنو ں میں ای چلان کی رقم ادا نہ کرنے پر گاڑی ضبط کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بڑی گاڑی چلانے والوں کے ساتھ کی جانے والی اس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کورٹ سے بھی رجوع ہونے کا اطلاع دی ہے۔ ساتھ ہی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ۱۰؍ سے ۱۵؍ دنوں میں ای چالان کے ذریعہ عائد کردہ جرمانہ کی رقم کو ختم نہیں کیا گیا اور اس سسٹم کو بند نہیں کیا گیا تو وہ بے مدت ہڑتال کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK