تلجا بھوانی میں بی جے پی نے منشیات فروشی کے ملزم کو تو چکلی میں این سی پی نے بیوی کو جلا کر مارنے کی کوشش کرنے والے کو امیدوار بنایا
دائیں سے : اجیت پوار، ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس۔ تصویر:آئی این این
میونسپل الیکشن کے دوران مہایوتی کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کو ٹکٹ دینے کا سلسلہ جاری ہے ، وہ بھی صدر بلدیہ کے عہدے کیلئے۔ اس سے پہلے بی جے پی نے احمد نگر کے تلجا بھوانی علاقے میں میونسپل کونسل (بلدیہ) کے چیئر مین ( صدربلدیہ) کیلئے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ونود گنگنےکو ٹکٹ دیا تھا ۔ اس پر این سی پی(شرد) کی سپریہ سلے نے آواز اٹھائی تھی ۔ ابھی یہ معاملہ ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ مہایوتی کی ایک اور پارٹی این سی پی (اجیت ) نے بلڈانہ کے چکلی میونسپل کونسل کیلئے ایک ایسے شخص کو ٹکٹ دیا ہے جس پر اپنی بیوی کو زندہ جلا کر مارنے کی کوشش کا الزام ہے۔ یہ شخص اس وقت جیل میں ہے اور اس نے پولیس بندوبست کے درمیان الیکشن کا پرچہ بھرا ہے ۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل خبر آئی تھی کہ عثمان آباد کے تلجابھوانی میونسپل کونسل کیلئے بی جے پی ونودگنگنےکو چیئرمین کے عہدے کا امیدوار بنایا ہے۔ یہ ونود گنگنے وہی شخص ہے جو کچھ عرصہ پہلے سرخیوں میں آئے تلجا بھوانی ڈرگس اسکینڈل کا کلیدی ملزم تھا۔ اس وقت این سی پی (شرد) کی کار گزار صدر سپریہ سلے نے وزیر اعلیٰ سے خط لکھ کر شکایت کی تھی کہ مقامی انتظامیہ اور پولیس ونود گنگنے کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ونود کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا تھا۔ فی الحال وہ ضمانت پر باہر ہے۔ اسی دوران اسے بی جے پی میں شامل کرلیا گیا اور تلجا بھوانی کے میونسپل چیئرمین کا ٹکٹ بھی دیدیا گیا۔
ابھی اس پر ہنگامہ جاری ہی تھا کہ بلڈانہ ضلع کے چکلی میونسپل کونسل سے خبر آئی کہ یہاں این سی پی ( اجیت ) نے وکی کاکڑے کو صدر بلدیہ ( میونسپل چیئرمین) کا ٹکٹ دیا ہے۔ وکی کا اصل نام وشال کاکڑے ہے جو کانگریس کا چکلی شہر صدر تھا مگر گزشتہ ۹؍ نومبر کو اس نے اپنی بیوی نمیتا کاکڑے کو زندہ جلا کر مارنے کی کوشش کی تھی کیونکہ اسے بیوی پر بدچلنی کا شک تھا۔ بیوی کی شکایت پر پولیس نے وکی کو گرفتار کرلیا اور وہ اس وقت جیل میں ہے۔ عدالت نے اسے عدالتی تحویل میں بھیجا ہے۔وکی کاکڑے چاہتا تھا کہ کانگریس کے ٹکٹ پر صدر بلدیہ کا الیکشن لڑے۔ اس نے پارٹی سے گزارش بھی کی لیکن پارٹی نے انکار کر دیا۔ اب این سی پی (اجیت) نے اسے اپنا امیدوار بنا یا ہے۔ وکی کاکڑے نے پولیس سیکوریٹی میں جیل سے آکر اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بی جے پی نے این سی پی (شرد) چھوڑ کر آئے کاشی ناتھ چودھری کو پال گھر کے ڈھانو میونسپل کونسل کے چیئر مین کا ٹکٹ دیا تھا جس پر مشہور ’پال گھر سادھو قتل‘ معاملے کا الزام تھا لیکن جب شور مچا تو بی جے پی نے اس کا ٹکٹ بھی واپس لے لیا اور پارٹی میں اس کی شمولیت بھی منسوخ کر دی ۔ سپر یہ سلے نے ونود منگنے کو امیدوار بنانے پر الزام لگایا کہ بی جے پی جرائم کو بڑھاوا دے رہی ہے لیکن تلجا بھوانی کے رکن اسمبلی نے خط لکھ کر سپریہ سلے کو ’ نصیحت ‘ کی کہ وہ آدھی ادھوری معلومات کے ساتھ الزام تراشی نہ کریں۔