Inquilab Logo

مہوبہ: پٹاخہ تاجرکے قتل پراپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید

Updated: September 15, 2020, 9:55 AM IST | Agency | Lucknow

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا نے تاجر کے قتل کو جنگل راج کا خوفناک چہرہ قرار دیا ۔ ایس پی صدر اکھلیش نے اسے ’سرکاری قتل‘ کہا

Picture. Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 اترپردیش کے ضلع مہوبہ میں پٹاخہ کے تاجر کی موت کے بعد اپوزیشن نے نظم ونسق کے معاملے میں ریاست کی یوگی حکومت پر سخت تنقید کی  ہے۔ ادھر مقتول تاجر کے اہل خانہ نے اپنی جان کوخطرہ بتاکر سیکوریٹی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کاروباری کے قتل کو جنگل راج کا خوفناک چہرہ قرار د یا ہے جبکہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے معطل پولیس کپتان اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کیخلاف نرمی برتنے کا الزام لگایا ہے۔ واڈرا نے اپنے ٹویٹ میں لکھا:’’مہوبہ کے تاجر اندر کانت ترپاٹھی کا قتل  اترپردیش حکومت کے طریقۂ کار پر سوال ہے۔بی جے پی حکومت میں جرائم اور بدعنوانی شباب پر ہیں۔ اب اس حکومت کے افسران بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانے والوں کی سپاری دلوا رہے ہیں ۔یہ جنگل راج کو خوفناک چہر ہ ہے۔‘‘ سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا:’’مہوبہ کے’اندرکانت ترپاٹھی سرکاری قتل‘ میں دکھاوا کے طور پر کی گئی معطلی  کے بجائے حکومت گرفتاری کرے۔ ملزم پولیس کپتان اور ڈی ایم کیخلاف اتنی نرمی کیوں؟پولیس کس بنیاد پر عوامی نمائندوں کو عوام سے ملنے اور ان کے مسائل اٹھانے سے روک رہی ہے۔کیا کوئی حصہ داری ہے؟‘‘ ادھر مقتول تاجر  کی بھتیجی نے ویڈیو وائرل کرکے حکومت سے اپیل کی ہےکہ ایس پی کے معطلی کے باوجود اس کے کنبے کو جان  اورمال کا خطرہ ہے۔ حکومت انہیں سیکوریٹی فراہم کرے۔ اس سے پہلےمقتول تاجر کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں اس نے صاف طور پر ایس پی منی لال پاٹیدار پر الزام لگایا تھا ۔ اس کےمطابق  رشوت دینے سے منع کرنے پر پولیس افسر ان ان کا قتل کراسکتے ہیں۔یادر ہے کہ گزشتہ دنوں مہوبہ میں پٹاخوں کا کاروبار کرنے والے اندرکانت تیواری کو نامعلوم بدمعاشوں  نے گولی ماری تھی۔ شدید طور سے زخمی تاجر کو کانپور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں اتوار کو ان کی موت ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس سے پہلے ایس پی منی لال پاٹیدار کو بدعنوانی کے الزام میں معطل کردیا تھا اور ان کیخلاف انسداد بدعنوانی اور آئی پی سی کی دفعہ ۳۸۴؍ کے تحت مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK