Inquilab Logo

ڈی کاک اور راہل نے چنئی کو آئینہ دکھایا، لکھنؤ ۸؍ وکٹ سے کامیاب

Updated: April 20, 2024, 9:27 PM IST | Lucknow

کوئنٹن ڈی کاک (۵۴) اور کپتان کے ایل راہل (۸۲) کے درمیان۱۳۴؍ رن کی سنچری شراکت کی مدد سے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے ٹاٹا انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۳۴؍ ویں میچ میں دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔

Lucknow Super Giants. Photo:PTI
لکھنؤ سپر جائنٹس کے بلےباز۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

کوئنٹن ڈی کاک (۵۴) اور کپتان کے ایل راہل (۸۲) کے درمیان۱۳۴؍ رن  کی سنچری شراکت کی مدد سے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے ٹاٹا انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۳۴؍ ویں میچ میں دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔پیلے سمندر میں تبدیل ایکانا اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چنئی نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۷۶؍ رن بنائے جس کے جواب میں لکھنؤ نے جیت کا ہدف۱۹؍ اوور میں ۲؍  وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ یہ ایکانا اسٹیڈیم کی تاریخ میں  سب سے بڑا رن کا تعاقب تھا۔
ڈی کوک اور راہل کی جوڑی نے ۲۰۲۲ء کے آئی پی ایل سیزن کی یاد تازہ کر دی جب دونوں نے اپنے دم پر۲۱۰؍ رن کی شراکت  کر کے کولکاتا کے خلاف یادگار کامیابی حاصل کی تھی۔کے ایل راہل کی  اننگز سیزن کی اب تک کی سب سے بہترین اننگز تھی، اس سے قبل انہوں نے راجستھان رائلز کے خلاف ۵۸؍ رن بنائے تھے۔ اپنی نصف سنچری اننگز میں انہوں نے۵۳؍ گیندیں کھیل کر ۹؍ چوکے اور ۳؍چھکے لگائے۔ راہل سی ایس کے کے کامیاب گیند باز پتھیرانا کا شکار بنے جب پوائنٹ پر کھڑے جڈیجا نے ایک ہاتھ سے ان کا کیچ لے لیا۔ اس سے قبل دوسرے کنارے پر ڈی کاک اننگز کے۱۵؍ویں اوور کی آخری گیند پر مستفیض  الرحمان کا شکار بنے۔ سیزن کی اپنی تیسری نصف سنچری اننگز میں انہوں نے۴۳؍ گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
 دونوں اوپنرس کے آؤٹ ہونے کے بعد نکولس پوران (۲۳؍رن) اور مارکس اسٹونیس (۸؍رن) نے بغیر کسی نقصان کے فتح کی رسم مکمل کی۔ پوران نے نو بال میں فری ہٹ پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ایکانا اسٹیڈیم میں جمعہ کو۵۰؍ ہزار تماشائیوں کا دل اپنے پسندیدہ اسٹار سی ایس کے کے مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ تھا لیکن ان کے ذہن میں لکھنؤ کی جیت کی خواہش تھی اور تماشائیوں کی دونوں خواہشات اس وقت پوری ہوئیں جب انہوں نے دھونی کی پیسہ وصول اننگز دیکھ کر اپنے ارمانوں کو پورا کیا- دوسری جانب ایل ایس جی کے کپتان کے ایل راہل نے  اپنے ہوم کراؤڈ کی جیت کی خواہش بھی پوری کردی۔ ساتویں بلے باز کے طور پر پچ پر آنے والے دھونی نے اپنے خاص انداز میں ۹؍ گیندوں کی اپنی ناقابل شکست اننگز میں ۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۲۸؍رن  بنائے جس کی وجہ سے چنئی میزبان ٹیم کے خلاف ایک مشکل ہدف دینے میں کامیاب رہی۔ تاہم ان کی اس اننگز پرراہل اور ڈی کاک نے پانی پھیر دیا۔
دوسرے کنارے پر دھونی کے ساتھ آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کی دلیرانہ ناقابل شکست اننگز نے نہ صرف چنئی کو مشکلات سے نکالا بلکہ میدان میں بیٹھے ایل ایس جی کے حامیوں کی بھی خوب واہ واہی لوٹی۔ آئی پی ایل کے رواں سیزن میں جڈیجا کی یہ پہلی نصف سنچری اننگز تھی جس میں انہوں نے۷۶؍ منٹ تک کریز پر رک کر۴۰؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ناقابل شکست ۵۷؍ رن بنائے۔
اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے آئی چنئی کی شروعات اچھی نہیں رہی جب اننگز کے دوسرے اوور میں راچن رویندر  (صفر) محسن خان کا شکار بنے۔ کپتان رتوراج گائیکواڑ (۱۷) بھی یش ٹھاکر کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ تاہم اوپنر اجنکیا رہانے (۳۶) کا بلہ ایکانا کی پچ پر چل نکلا۔ انہوں نے۲۴؍ گیندوں کی اپنی مختصر اننگز میں ۵؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
چنئی کے دھماکہ خیز بلے باز شیوم دوبے (۳) اور امپیکٹ کھلاڑی سمیر رضوی (ایک) نے بھی جلد ہی اپنے وکٹ گنوائیں اور ٹیم کا اسکور ۵؍ وکٹوں پر۹۰؍ رن ہوگیا۔ ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے کی ذمہ داری اب آل راؤنڈر رویندر جڈیجا پر تھی جنہوں نے اسے بخوبی نبھایا۔ انہوں نے پہلے معین علی (۳۰) کے ساتھ ۵۱؍ رن کی قیمتی شراکت کی اور بعد میں ہندوستانی شائقین کی جان مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ تیز رفتاری سے رن بناتے ہوئے ایل ایس جی  کیلئے  ایک چیلنجنگ ہدف کھڑا کرنے میں ٹیم کی مدد کی۔ ایل ایس جی کی جانب سے کرونال پانڈیا (۱۶؍ رن پر ۲؍ وکٹ) سب سے کامیاب بولر بنے جب کہ مارکس اسٹونیس، یش ٹھاکر، محسن خان، روی بشنوئی کو ایک ایک وکٹ ملا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK