Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اگلے ۷،۸؍ دن میں پارٹی میں شمولیت کے بڑے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا‘‘

Updated: July 20, 2026, 10:18 AM IST | Ali Imran | Nagpur

رکن پارلیمان سنجے دیشمکھ نے کہاکہ ایوت محل میں صدور بلدیہ اور اراکین بلدیہ شیو سینا (شندے) میں شامل ہوں گے۔

Sanjay Deshmukh. Photo: INN
سنجے دیشمکھ۔ تصویر: آئی این این

لوک سبھا سکریٹریٹ نے اُدھو ٹھاکرے گروپ کو چھوڑ کر شیوسینا (شندے )میں شامل ہونے والے ۶؍ ممبران پارلیمنٹ کو علاحدہ پارلیمانی گروپ کے طور پر تسلیم کرلیا ہے۔ ایوت محل-واشم کے رکن پارلیمان سنجے دیشمکھ نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فیصلہ مکمل طور پر قانون کے دائرہ میں کیا گیا تھا، اس لئے ان کے حق میں فیصلہ آنا فطری تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام نے انہیں ترقی کیلئے منتخب کیا ہے اور وہ اس سمت میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ۷،۸؍دن میں پارٹی میں شمولیت کے بڑے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: جنتر منتر پر عوام کا سیلاب، آج مارچ، دہلی پولیس کے تیور سخت

شیوسینا (شندے ) میں شامل ہونے کے ۶؍ ممبران پارلیمنٹ کے فیصلے کو مکمل طور پر قانونی قرار دیتے ہوئے سنجے دیشمکھ نے کہا کہ تمام ممبران پارلیمنٹ نے بحث کے بعد اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اجتماعی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے اور اس لئے فیصلہ ان کے حق میں آیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا واحد مقصد علاقے کی ترقی ہے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ بہت سے ترقیاتی منصوبے زیر التوا ہیں اور ان کی تکمیل کیلئے تمام اراکین پارلیمان مل کر کام کر رہے ہیں۔ دیشمکھ نے ایک   تقریب کے دوران کہاکہ ’’نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں  پارٹی مہاراشٹر میں مسلسل مضبوط ہو رہی ہے  اور ان کی قیادت کے بارے میں خاص طور پر نوجوانوں میں مثبت ماحول ہے۔‘‘ 

انہوں نے مزید کہاکہ ’’وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے دور میں  ایکناتھ شندے نے وسیع پیمانے پر ترقیاتی کام کئے اور ’لاڈلی بہن‘ جیسی عوامی فلاحی اسکیمیں شروع کرکے عوام کا اعتماد جیتا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کئی دَل بدلیوں کے بعدآج سے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس

شیوسینا (ادھوٹھاکرے) کے رکن پارلیمان سنجے راؤت کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے سنجے دیشمکھ نے کہا کہ وہ اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ترقی چاہتے ہیں  اور وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ترقیاتی ماڈل کی وجہ سے ریاست میں عوامی نمائندوں کی ایک بڑی تعداد شیو سینا (شندے ) میں شامل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر کی سیاست میں ایسا ماحول بن رہا ہے کہ اپوزیشن کے وجود پر بھی سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔

سنجے دیشمکھ نے کہا کہ ایوت محل میں بڑی تعداد میں صدر بلدیہ اور اراکین بلدیہ جلد ہی شیو سینا (شندے) میں شامل ہوں گے۔ اس مقصد کیلئے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو ایوت محل مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگلے ۷، ۸؍ دن میں پارٹی میں شمولیت کے بڑے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔ اپوزیشن اراکین اسمبلی کے ساتھ رابطے میں رہنے کے بارے میں پوچھے جانے پرسنجے دیشمکھ نے واضح طور پر کہا کہ وہ کسی بھی رکن اسمبلی سے رابطہ میں نہیں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK