Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملبارہل :شہرکے مشہورہینگنگ گارڈن کےزیرزمین واٹرریزروائر کی ازسرنوتعمیر کا منصوبہ

Updated: November 08, 2021, 10:57 AM IST | Agency | Malabar Hill

بی ایم سی اس پروجیکٹ پر ۳۰۰؍ کروڑ روپے خرچ کرے گی ۔اس کی تکمیل کے بعد ملبارہل، پیڈرروڈ ، گرگام اور تاڑدیو کے مکینوں کو زیادہ مقدار میں پانی سپلائی کیا جاسکے گا

BMC to phase out famous Malabar Hill hanging garden for water project.Picture:INN
ملبارہل کے مشہور ہینگنگ گارڈن کو بی ایم سی پانی کےایک پروجیکٹ کیلئےمرحلہ وار ہٹائے گی۔ تصویر: آئی این این

عروس البلاد ممبئی کا مشہور ہینگنگ گارڈن  عارضی طورپر اپنی  دلکشی کھودے گا کیونکہ بی ایم سی  کا اس باغ کے نیچے انگریزوں کے زمانے میں بنائے گئے واٹر ریزروائر کی  ازسرنوتعمیر کا منصوبہ ہے۔ جیسے ہی  یہ پروجیکٹ شروع ہوگا ، افسران کے مطابق اس مشہور گارڈن کو مرحلہ وار ہٹایا جائے گا تاکہ میونسپل ڈی وارڈ کو بڑی مقدار میں پانی سپلائی کرنے کیلئے اس کی توسیع کی جاسکے۔ ہینگنگ گارڈن کے نیچے موجود پانی کے ذخیرے کی توسیع اور اوورہال پر ۳۰۰؍ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ میونسپل افسران کا کہنا ہےکہ حالانکہ کاغذی کارروائی شروع ہوچکی ہے لیکن اصل زمینی کام کیلئے وقت لگے گا اور گارڈن کو کم از کم ڈیڑھ سال تک کچھ نہیں کیا جائے گا۔ ملبارہل میں واقع ہینگنگ گارڈ کے واٹرریزروائر کا کام ۶؍ مرحلوں میں کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کا کام گارڈن سے متصل کیا جائے گا جو ۱۸۸۱ء  میں قائم کیا گیا تھا جہاں بی ایم سی  گارڈن کے نیچے موجود ۵؍ چیمبروں میں ایک اضافی شعبہ بنائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس کا مقصد علاقے میں بغیر کسی رکاوٹ کے پانی سپلائی کو یقینی بنانا ہے۔ پائپ لائنوں کو منتقل کرنے  کے بعد ہی بی ایم سی ۵؍ چیمبروںکی دوبارہ تعمیر کیلئے گارڈن کو کھولے گی اور نیا کمپارٹمنٹ تعمیر کرے گی۔ اس پروجیکٹ کے گارڈن کے درختوں پر ہونے والے اثرات  کے بارے میں ایک میونسپل افسر نے کہا کہ ’’ انہیں دیگر جگہ لگایا جاسکتا ہے اور پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد گارڈن کے تزئین کا کام کیا جائے گا۔ درختوں کی دوسری جگہ لگانے کیلئے ٹری اتھاریٹی سے اب تک اجازت نہیں لی گئی ہے کیونکہ کتنا نقصان ہونے والا ہے اس بارے میں اب تک معلوم نہیں ہوا ہے۔۵؍ کمپارٹمنٹ کو بھی یکے بعد دیگرے منہدم اور ازسرنوتعمیر کیا جائے گا۔  ایک وقت میں ایک کمپارٹمنٹ کو منہدم کیا جائے گا اور اسے دوبارہ تعمیر کیا جائے گا تاکہ ڈی وارڈ کوکسی بھی وقت پانی سپلائی کیلئے ۵؍ کمپارٹمنٹ  مل سکے۔
 اس پروجیکٹ کی تکمیل میں ۵؍ سال لگ سکتے ہیں ۔ اس کی وجہ سے  زیادہ پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا اورملبارہل، پیڈرروڈ ، گرگام اور تاڑدیو کے مکینوں کو زیادہ مقدار میں پانی سپلائی کیا جاسکے ۔ ہینگنگ گارڈن کے نیچے ذخیرہ آب کی گنجائش ۱۴۳؍ ملین لیٹر سے بڑھ کر ۱۹۱؍ ملین لیٹر  ہوجائے گی اس بارے میں ایک سینئر میونسپل افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’’ ۱۴۰؍ سال کے عرصے میں پہلی مرتبہ ریزروائر کی مکمل ازسرنوتعمیر کی جائے گی ۔ اس سے قبل تواتر سے اس کی چھوٹے پیمانے پر دیکھ ریکھ کی جاتی تھی۔ اسے بنیادی طور پر پانی ذخیرہ کرنے کیلئے فلٹر بیڈ کے طور پر بنایا گیا تھا۔  بعدازیں اس کا استعمال ذخیرہ آب کے طورپر کیا جانے لگا اور بی ایم سی اسے اسی طرح استعمال کررہی تھی۔‘‘ میونسپل افسران کے مطابق یہ پروجیکٹ اس وقت ٹینڈرنگ کے مرحلے میں ہے۔ گارڈن کےمتاثر ہونے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ چونکہ یہ گارڈن وہاں ہے جس کے نیچے اس پروجیکٹ کو کیا جانا ہے اس لئے  وہ متاثر ہوگا لیکن ہم  اسے تعمیر نو کے کاموں کی طرح کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو تکلیف نہ ہو۔ مزید یہ کہ زیر زمین منصوبہ مکمل ہونے کے بعد باغ کی تزئین کاری کی جائے گی۔ یہ بھی بتایا کہ کوسٹل ریگولیشن زون (سی آر زیڈ) سے اجازت بھی لے لی گئی ہے جو اس کیلئےضروری تھا اور اس میں اس لئے پریشانی نہیں ہوئی کیونکہ یہ آب رسانی  کی دوبارہ تعمیر کا معاملہ تھا۔ بی ایم سی ذرائع کے مطابق اس پروجیکٹ سے ۲؍ بنگلے بھی متاثر ہوں گے۔ یہ بنگلے ہائیڈرالک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی ملکیت ہیں جو ایڈیشنل میونسپل کمشنر کو الاٹ کئے گئے ہیں۔ اس پروجیکٹ کا اثر ان بنگلوں پر کم از کم ۲؍ یا اس سے زیادہ سال تک نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK