Inquilab Logo

ملائیشیا: فرانس کے جعلی پاسپورٹ کے ساتھ ایک اسرائیلی شہری ہتھیاروں سمیت گرفتار

Updated: March 30, 2024, 4:10 PM IST | Agency | Kuala Lumpur

ملائیشیا میں ایک اسرائیلی شہری آتشیں اسلحہ سمیت گرفتار۔ اس کے پاس سے جعلی فرانسیسی پاسپورٹ بھی برآمد۔ اس کی مدد کر رہے تین دیگر ملائیشیائی شہری بھی گرفتار۔ پولیس نے موساد کے ایجنٹ ہونے کے امکان کو خارج نہیں کیا ہے۔ اس سے قبل ملائیشیا میں ایک فلسطینی سائنسداں کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

پولیس نے آج بتایا کہ ملائیشیا کے حکام نے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے ۳۶؍سالہ شخص کو آتشیں اسلحہ فراہم کرنے کے شبہ میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے، جسے اس ہفتے کوالالمپور کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا۔ جمعہ کو پریس کانفرنس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس رضارالدین حسین نے بتایا کہ چھ ہینڈ گنوں اور ۲۰۰؍ گولیوں پر مشتمل ایک بیگ کے ساتھ گرفتار ہونے والا یہ شخص ۱۲؍مارچ کو فرانسیسی پاسپورٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات سے کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا جس کے بارے میں حکام کا خیال ہے کہ یہ جعلی ہے۔ 
پولیس کے ذریعے پوچھ گچھ پر مشتبہ شخص نے اسرائیلی پاسپورٹ سپرد کر دیا، رضار الدین نے مزید کہا کہ اس شخص نے، جس کی عوامی سطح پر شناخت نہیں کی گئی ہے، ملائیشیا پہنچنے کے بعد اسلحے کا آرڈر دیا تھا اور اس کیلئے کرپٹو کرنسی سے ادائیگی کی تھی۔ سنگاپور میں اسرائیلی سفارت خانے نے فوری طور پر تبصرہ کیلئے ای میل کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔ ملائیشیا اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ پولیس نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ یہ شخص اسرائیلی انٹیلی جنس کا رکن ہو سکتا ہے، حالانکہ مشتبہ شخص نے حکام کو بتایا کہ وہ خاندانی تنازع کی وجہ سے دوسرے اسرائیلی شہری کی تلاش میں ملائیشیا میں داخل ہوا تھا۔ رضارالدین نے کہا کہ ’’ہمیں اس بیانیے پر مکمل اعتماد نہیں ہے کیونکہ ہمیں شبہ ہے کہ کوئی اور ایجنڈا ہو سکتا ہے، ‘‘ رضارالدین نے مزید کہا کہ یہ شخص ملائیشیا میں رہتے ہوئے کئی ہوٹلوں میں ٹھہرا تھا۔ 
انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ تین ملائیشیائی باشندوں کو، جن میں ایک شادی شدہ جوڑا بھی شامل ہے، کو جمعہ کوگرفتار کیا گیا تھا اور انہیں ہتھیار فراہم کرنے اور مشتبہ اسرائیلی شخص کے ڈرائیور کے طور پر کام کرنے کے شبپ میں سات دن کے ریمانڈ پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڑے کی کار سے ایک پستول برآمد کی گئی ہے۔ اس شخص کی گرفتاری کے بعد حکام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ملائیشیا کے بادشاہ، وزیر اعظم انور ابراہیم اور دیگر اعلیٰ سطحی شخصیات کیلئے سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ مسلم اکثریتی ملک ملائیشیا، فلسطین حامی ہے اور غزہ جنگ میں اسرائیل کے اقدامات پر تنقید کرتا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے مطابق ملائیشیا میں تقریباً ۶۰۰؍فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔ 
واضح رہے کہ ۲۰۱۸ء میں، ایک فلسطینی سائنسداں کو ملائیشیا کے دارالحکومت میں دو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جس کے بارے میں حماس کے عسکریت پسند گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس سروس نے اسے انجام دیا تھا۔ حالانکہ اسرائیل نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK