• Thu, 05 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں کے میئراورڈپٹی میئرکے انتخاب میں بڑا الٹ پھیر ممکن

Updated: February 05, 2026, 2:58 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

کانگریس اور بی جے پی کی بھارت وکاس اگھاڑی ٹوٹنے کے بعد دونوں طرف پُراسرار خاموشی، شب برأت میں بھی اقتدار کیلئے جوڑ توڑکے چرچے۔

Malegaon Municipal Corporation building. Photo: INN
مالیگا ؤں  میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر: آئی این این

صنعتی شہر کے میئراورڈپٹی میئرکے انتخاب میں انہونی ممکن ہونے کی قیاس آرائیاں سیاسی حلقوں میں تیز ہوگئی ہیں۔ یہاں مشہور چوک چوراہوں پر شب برأت میں بھی اقتدار کیلئے جوڑتوڑکے چرچے ہوتے رہے۔ منظرنامہ جہاں پیچیدہ ہے وہیں ایک رُخ بھی نظر آتا ہے۔ 
شیوسینا (شندے) نے میئر اورڈپٹی میئر دونوں عہدوں کیلئے امیدوارکھڑے کردیئے ہیں۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے صرف ڈپٹی میئرشپ کیلئے امیدوارکو میدان میں اُتار دیا ہے۔ انڈین سیکولر پارٹی اور سماج وادی پارٹی کے سیکولر فرنٹ نے افہام وتفہیم کے ساتھ میئر اورڈپٹی میئرکے عہدوں کیلئے خم ٹھونکا ہے۔ اس صورتحال میں ایک رُخ یہ نظر آتا ہے کہ میونسپل ایوان میں حزبِ اختلاف کا مضبوط کردار ادا کرنے کیلئے کوئی نہیں۔ تخت نشیں ہونے کیلئے سب ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ 
واضح رہے کہ میونسپل الیکشن ۲۰۲۶ء کے نتائج ظاہر ہوئے تو ۸۴؍ میں ۶۱؍اراکینِ بلدیہ مسلم اقلیت سے ہیں۔ مالیگاؤں کی روایت رہی ہے کہ یہاں شہری بلدیہ اور اسمبلی کی ایک نشست پر مسلم اقلیت کا غلبہ رہا ہے۔ موجودہ صورتحال میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میئر اورڈپٹی میئرکا الیکشن انہونی کا پیش خیمہ بن رہا ہے۔ 
بی جے پی کے دو اور کانگریس کے تین نومنتخب کارپوریٹروں نے بھارت وکاس اگھاڑی بنائی جو بننے کے ۴۸؍ گھنٹے بھی مکمل نہ ہوئے کہ اگھاڑی ٹوٹ گئی۔ کانگریس نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے مقامی صدر ونومنتخب رکن بلدیہ اعجاز عزیز بیگ کو صدارتی عہدہ سے معزول کردیا ہے جبکہ بی جے پی کے کارپوریٹروں پر پارٹی ہائی کمان کی جانب سے چارہ جوئی کی کوئی تفصیل حاصل نہیں ہوسکی۔ کانگریس اور بی جے پی کی بھارت وِکاس اگھاڑی کس کی ذہنی اختراع تھی ؟ اس سوال کا جواب بھی تادم تحریر نہیں مل سکا۔ موجودہ حالات میں کانگریس اور بی جے پی دونوں کی طرف پُر اسرار خاموشی ہے۔ سیاسی ماہرین کا اندازہ ہے کہ بھاری وزن کے عوض میونسپل ایوان میں ان کا موقف عیاں ہوسکے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK