شہری بلدیہ پر قبضے کی سرگرمیاں تیز ۔ایم آئی ایم کے ذمہ داران کچھ کارپوریٹروں کے ہمراہ حیدرآباد پہنچے، کانگریس کی حکمت عملی کے متعلق رکن پارلیمان اورلیڈر ڈاکٹر شوبھا تائی نے کہا کہ’’ہم ہمت نہیں ہارنے والے، پارٹی کے ریاستی لیڈران کے موقف کا انتظار ہے‘‘
حیدرآباد میں مالیگاؤں کے ایم آئی ایم کے لیڈران اورنومنتخب کارپوریٹر ۔
انتخابی نتائج کےاعلان کو تقریباً ہفتہ گزرچکا ہے اور اب میونسپل کارپوریشن پر اقتدار سازی کے لئے سیاسی پارٹیاں سرگرم ہوگئی ہیں۔ ایک جانب اِن کیمرہ یہ دعویٰ تھا کہ سیکولرفرنٹ کے نومنتخب اراکین بلدیہ کو کوئی خرید نہیں سکتا۔فرنٹ کے بانی و سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید کے اس دعوے کے چند گھنٹوں کے بعد سیکولرفرنٹ کے چالیس نومنتخب کارپوریٹروں کو ’محفوظ‘رکھنے کیلئے نامعلوم منتقل کردینے کی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔دوسری جانب آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے اہم ذمے داران حیدرآباد پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ۱۶؍جنوری کو میونسپل الیکشن کے رزلٹ آنے کے ساتھ ہی سیکولرفرنٹ نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں اقتدار سازی کیلئے پیش رفت کی ہے۔میونسپل کارپوریشن میں کُل نشستیں ۸۴؍ہیں اور اکثریت کیلئے ۴۳؍کا جادوئی عدد درکار ہے۔فرنٹ میں انڈین سیکولرلارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر کی آٹورکشا نشانی پر ۳۵؍ اور شریک فرنٹ سماج وادی کے ۵؍امیدوارجیتے ہیں۔اس طرح فرنٹ کی جھولی میں’۴۰‘کی تعداد مکمل ہوئی۔اسے اکثریت ثابت کرنے کیلئے۳؍اراکین کی حمایت درکار ہے۔اس حمایت کیلئے کانگریس نے ہری جھنڈی دِکھائی ہے۔ اس الیکشن میں کانگریس کے پنجہ نشان پر اعجاز بیگ،یاسمین بیگ اور افتخارراشن والااِس طرح تین امیدوارکامیاب ہوئے ہیں۔
حیدرآباد میں اویسی سے ملاقات
صنعتی شہر سے پتنگ نشان پر۲۱؍ارکانِ بلدیہ جیتے ہیں جبکہ ۶۱؍امیدوارنامزد ہوئے تھے۔کامیاب امیدواروں میں حافظ عبداللہ فیصل،عبدالمالک یونس عیسیٰ اپنے حامیوں کے ساتھ حیدرآباد پہنچے ہوئے ہیں۔انہوں نے مجلس کے قومی سربراہ بیرسٹر اسد الدین اویسی سے ملاقات کی۔گمان غالب ہے کہ شہری انتظامیہ پر اقتدار سازی اور مجلس کے موقف پر گفت وشنید ہوئی ہوگی۔سیکولرفرنٹ نے ’بلاشرط‘حمایت کا بیانیہ تیارکرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین سے۲۱؍کارپوریٹروں کا ساتھ مانگا ہے۔اس کیلئے فرنٹ کے وفد کی ترجمانی اعجاز عمر نے کرتے ہوئے مجلس کے مالیگاؤں کے ایم ایل اے مفتی محمد اسماعیل قاسمی سے بات چیت بھی کی تھی۔بہرحال حیدرآبادمیں اویسی سے ملاقات کی مفصل خبراِس خبرکے لکھے جانے تک نہیں مل سکی ہے۔
کانگریس کے ریاستی لیڈران کے موقف کا انتظار
میونسپل کارپوریشن کے نتائج آنے کے بعد مالیگاؤں پہنچی رُکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شوبھا دنیش بچھاؤ نے کہا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں کانگریس کے مقامی دستے نے اچھی محنت کی۔تین نشستیں بھی حاصل ہوئیں۔شہری بلدیہ پر اقتدار سازی کیلئے کانگریس کی حکمتِ عملی کو لیکر پارٹی کے ریاستی لیڈران کے موقف کا انتظار ہے۔انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر اور سماج وادی پارٹی کے سیکولرفرنٹ کے ساتھ اقتدارسازی کے سوال پرانہوں نے گیند کانگریس کی ریاستی قیادت کے پالے میں ڈال دی۔بہت دیر تک مسکراتی بھی رہی۔کئی یُو ٹیوبروں نے تختہ اور تختی جیسے فرق والے سوالات بھی پوچھے لیکن رُکن پارلیمنٹ نے سارے سوالات کے دلچسپ جوابات دیتی چلی گئیں۔