Inquilab Logo

مالونی : ٹریفک کے مسئلے کی نشاند ہی کے بعد پولیس کی سختی

Updated: March 21, 2023, 11:56 PM IST | saeed Ahmed | Mumbai

رمضان المبارک کے تعلق سے میٹنگ میں یہ مسئلہ اٹھایا گیا تھا۔ ٹریفک پولیس کی ۳؍دن سے کارروائی جاری ۔ بے ترتیبی سے کھڑی گاڑیاں اٹھائی جارہی ہیں۔ ۲۸۳؍ خاطیوں سے ۴۳؍ہزارروپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ دکانداروں میںناراضگی مگرمقامی افراد مطمئن ۔سینئرانسپکٹرکاکہنا ہےکہ آئندہ بھی کارروائی جاری رہے گی

In Malwani , the traffic police officers were picking up the two-wheelers parked on the side of the road.
مالونی میں ٹریفک پولیس کے اہلکار سڑک کے کنارے کھڑی دوپہیہ گاڑیاں اٹھاکر لے جاتے ہوئے۔(تصویر:انقلاب)

رمضان المبارک کے تعلق سے الگ الگ پولیس اسٹیشنوں اور شہر ومضافات کی مساجد کے ٹرسٹیان کی پولیس کمشنر کے ہمراہ ہونےوالی میٹنگ میںٹریفک کے مسئلے کی بطورخاص نشاندہی کےبعد ٹریفک پولیس کی جانب سے سختی شروع کردی گئی ہے اوراس کااثر بھی دکھائی دینے لگا ہے۔  مالونی میںٹریفک پولیس کی ۳؍ دن سے کارروائی جاری ہے ۔سڑک کے کنارے بے ترتیبی سے کھڑی کی گئی گاڑیاں اٹھانے کے ساتھ ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کوپکڑا جارہا ہے۔ان تین دنوں  میں ۲۸۳؍ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ۴۳؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس کے سینئر انسپکٹر مودی راج خود موجود تھے ۔
کارروائی سے دکاندارو ںمیںناراضگی 
 ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کارروائی سے دکاندار ناراض ہیں۔ ان کاکہنا ہےکہ پولیس  ا ہلکار ان کی گاڑیاںبھی اٹھارہےہیں۔ اس تعلق سے گلف ٹراویل کے نگراں شبلی مسرور اختر صدیقی نے کہاکہ ’’ ٹریفک پولیس کا ناٹک جاری ہے اور وہ کچھ بھی سننے کوتیار نہیںہیں۔کارروائی کی جائے لیکن جو غلط طریقے سے اپنی گاڑیاں کھڑی کئے ہوئے ہوں ان کے خلاف ،نہ کہ ہرایک کی گاڑی اٹھالی جائے۔ ایک دکاندار اپنی دکان کے سامنے ہی توگاڑی کھڑے گا؟ اس کی گاڑی بھی اٹھائی جارہی ہے۔یہ طریقہ مناسب نہیںہے ، اسی وجہ سے لوگ ناراض ہیں۔‘‘ گیٹ نمبر ۶؍پرعبدالرحمٰن خان نامی تاجر نے کہاکہ ’’ ٹریفک پولیس والوں کی کارروائی سے ایک طرح کا خوف پیدا ہوگیا ہے جبکہ ایسا نہیںہوناچاہئے بلکہ لوگو ںکو یہ اعتماد ہو کہ غلط طریقے سے ٹریفک نظام کومتاثر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی نہ کہ ہر ایک کواس کارروائی کا حصہ بنا  دیا جائے گا۔تین دن سے یہ سلسلہ جاری ہے ۔اگرکوئی شخص گاڑی کھڑی کرکے سامان لینے جاتا ہے تواس کی گاڑی بھی اٹھالی جاتی ہے،آخر وہ اپنی گاڑی کہاں کھڑی کرے گا؟   ‘‘
ٹریفک پولیس کی یہ کارروائی اطمینان بخش ہے
 بہت سے لوگ اس کارروائی سے مطمئن ہیں۔ عبداللہ انصاری نامی شخص نے کہاکہ ’’ یہ کارروائی بہت اچھی ہے ، اگر اسی طرح ٹریفک ڈپارٹمنٹ توجہ دے توٹریفک جام پر کافی فرق پڑے گا۔ ‘‘ ان کےمطابق ’’ لوگ سڑک کے کنارے گاڑیاںکھڑی کرنے کےبعد گویا بھول جاتے ہیں۔ دکاندار   اپنی دکان کے آگے گاڑی کھڑی کرتے ہیں، فٹ پاتھ پر قبضہ جمالیا جاتا ہے ، روڈ کے صرف ایک حصے سے گاڑیاں گزرتی ہیں،پیدل چلنے والو ںکیلئے راستہ ہی نہیںبچتا ہے۔ اس لئے اگرفٹ پاتھ خالی رہے گا یا روڈ کے کنارے گاڑیاں نہیںرہیںگی توٹریفک جام کا مسئلہ حل ہو گا۔‘‘ اسی طرح کا خیال عبدالصمد خان نے بھی ظاہر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’ صبح و شام کے اوقات میں آپ ایک نمبرسے ۸؍نمبرتک چل کر دیکھ لیجئے ،کیا حالت ہوتی ہے، خود سمجھ میں آجائے گا۔ٹریفک پولیس کی کارروائی بہت اچھی  ہے۔روڈ کے کنارے کھڑی گاڑیاں اگر ہٹا دی جائیںگی تو مالونی کا راستہ تنگ ہونے کےباوجود ٹریفک پر مثبت اثر پڑے گا اور راہ گیرو ں کوکسی قدر سہولت ملے گی۔ پولیس کی کارروائی سے ان نوجوانوں میںبھی ڈر پیدا  ہوگا جو بغیر ہیلمٹ اوربغیرلائسنس ،تین تین سیٹ پر فراٹے بھرتے گزرتےہیں  ۔‘‘
’’آئندہ بھی کارروائی جاری رہے گی‘‘
 ٹریفک پولیس کے سینئر انسپکٹر مودی راج سے استفسار کرنے پرانہوںنے انقلاب کوبتایاکہ’’ ۲۸۳؍ ا فراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان سے ۴۳؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔ کوئی شیڈول متعین تو نہیں کیاگیا ہے لیکن یہ کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔‘‘ سینئر انسپکٹر نے یہ بھی بتایا کہ ’’منگل کی صبح مالونی پولیس اسٹیشن میںڈی سی پی زون ۱۱؍ کے ہمراہ میٹنگ کی گئی اوراس بات پر تبادلۂ خیال کیا کہ گاڑیوں کی پارکنگ یا دیگر طریقے سے ٹریفک کومتاثر کرنے والوں کے خلا ف کارروائی کی جائے تاکہ ٹریفک نظام متاثر نہ ہو اورلوگو ں کوراحت ملے۔‘‘ 

malad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK